وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تعلیم نے ’بھارت انوویٹس 2026‘ پر یادگاری اشاعت جاری کی

بھارت انوویٹس نوجوان اختراع کاروں کو عالمی مواقع، صنعت اور نیٹ ورکس سے جوڑتا ہے: جناب پرہلاد جوشی

اختراع، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کاروباری صلاحیت ہندوستان کے ترقیاتی سفر کے مرکز میں ہیں: مرکزی وزیر تعلیم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 7:29PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تعلیم جناب پرہلاد جوشی نے آج کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ہندوستان کے ترقیاتی سفر میں اختراع، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کاروباری صلاحیت کو مسلسل مرکزی حیثیت دی ہے۔ وزیر موصوف نئی دہلی میں بھارت انوویٹس 2026 کی یادگاری اشاعت کے اجرا کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس اشاعت میں انڈیا۔فرانس سالِ اختراع کے تحت 14 سے 16 جون 2026 تک فرانس کے شہر نیس میں منعقد ہونے والے بھارت انوویٹس کے پہلے ایڈیشن کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔

 

 

جناب جوشی نے کہا کہ بھارت انوویٹس نے وزیر اعظم کے اس وژن کی عکاسی کی ہے، جس کے تحت نوجوان اختراع کاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور عالمی شراکت داروں سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔ بھارت انوویٹس جیسے اقدامات نے ہندوستان کے نوجوانوں کے اعتماد اور امنگوں کی عکاسی کی اور ملک کے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے ایکو سسٹم کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت انوویٹس نے یہ ظاہر کیا کہ جب نوجوان صلاحیتوں کو مواقع، صنعت اور عالمی نیٹ ورکس سے جوڑا جائے تو کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم ڈاکٹر سکانت مجمدار نے وکست بھارت کے وژن کو حاصل کرنے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں تحقیق، اختراع، تخلیقی صلاحیت اور سائنسی مزاج کو ترجیح دی گئی ہے اور بھارت انوویٹس جیسے اقدامات ان ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

 

 

اس اشاعت میں بھارت انوویٹس کے سفر کو دستاویز بند کیا گیا ہے، جس میں ملک بھر سے امید افزا ڈیپ ٹیک اختراع کاروں کی تلاش اور انتخاب سے لے کر نیس میں بین الاقوامی سطح پر ان کی ٹیکنالوجیز کی نمائش تک کے مراحل شامل ہیں۔ اس میں اس اقدام کے نتیجے میں ہونے والی ملاقاتوں، باہمی تبادلۂ خیال اور حاصل ہونے والے نتائج کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

بھارت انوویٹس وزارت تعلیم کا ایک اقدام ہے، جس کا مقصد ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی ایکو سسٹم سے ابھرنے والی اعلیٰ صلاحیت کی حامل ڈیپ ٹیک اختراعات کو تلاش کرنا اور ان کی پرورش کرنا ہے۔ اس کا مقصد اختراع کاروں کو صنعت، سرمایہ کاروں اور ایکو سسٹم کے دیگر شراکت داروں سے جوڑنا، ٹیکنالوجی کو عملی استعمال میں لانے کے عمل کو تیز کرنا اور عالمی منڈیوں اور سپلائی چین تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

بھارت انوویٹس کا مقصد لیبارٹری سے مارکیٹ اور کیمپس سے دنیا تک ایک ہموار راستہ تشکیل دینا ہے۔ اس کے پہلے ایڈیشن میں ہندوستان بھر سے 120 ڈیپ ٹیک اسٹارٹ اپس اور اختراع کاروں اور 45 تحقیقی منصوبوں کو یکجا کیا گیا اور انہیں اپنی ٹیکنالوجیز کی نمائش، صنعت اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بات چیت، اور بین الاقوامی تعاون اور منڈی کے مواقع تلاش کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔

 

 

یادگاری اشاعت میں اس سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے اور ہندوستان کے طلبہ، محققین، فیکلٹی ارکان، اسٹارٹ اپس، اعلیٰ تعلیمی اداروں اور ایکو سسٹم کے شراکت داروں کی سائنسی صلاحیت، کاروباری جذبے اور اختراعی استعداد کو اجاگر کیا گیا ہے۔

حکومت ہند کے پرنسپل سائنٹفک ایڈوائزر پروفیسر اجے کمار سود، نیتی آیوگ کے رکن پروفیسر ابھے کرندیکر، محکمہ اعلیٰ تعلیم کی سکریٹری محترمہ دیپتی گور مکرجی اور وزارت تعلیم کے سینیئر افسران نے ہائبرڈ طریقے سے منعقدہ اس تقریب میں شرکت کی۔ آئی آئی ٹی کانپور، آئی آئی ٹی مدراس اور آئی آئی ٹی بمبئی کے ڈائریکٹر، سینیئر ماہرینِ تعلیم، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ بایوٹیکنالوجی، محکمہ دفاعی پیداوار اور آئی این-اسپیس (IN-SPACe) کے نمائندوں نے آن لائن پروگرام میں شرکت کی۔

                                               **************

 

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 3236

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2308559) وزیٹر کاؤنٹر : 4