وزارتِ تعلیم
مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری نے کہا کہ خواندگی اور تعلیم کو بااختیار بنانے اور فعال شہری بننے کے مؤثر ذرائع کے طور پر نئے انداز میں سمجھنے کی ضرورت ہے
’’اُلّاس‘‘ سیکھنے والوں میں اعتماد اور وقار پیدا کرنے کے ساتھ انہیں معاشرے میں بامعنی طور پر حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنا رہا ہے: جناب جینت چودھری
مرکزی وزارت تعلیم نے نئی دہلی میں عالمی یوم خواندگی 2026 کی تقریب کا انعقاد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 SEP 2026 8:05PM by PIB Delhi
ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری نے آج کہا کہ اُلّاس، سیکھنے والوں میں اعتماد اور وقار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے میں بامعنی طور پر حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مضبوط قوم کی تعمیر کے لیے بچوں میں خطرات مول لینے کا حوصلہ اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ضروری ہے۔ وزیر موصوف نئی دہلی میں عالمی یوم خواندگی 2026 کے قومی سطح پر منعقدہ جشن سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر موصوف نے خواندگی اور تعلیم کو بااختیار بنانے، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے، وقار کو یقینی بنانے اور فعال شہری بننے کے موثر ذرائع کے طور پر نئے انداز میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی کا دائرہ محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس میں فہم و ادراک، علم کا عملی استعمال، مالی خواندگی اور ڈیجیٹل خواندگی بھی شامل ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کا بنیادی مقصد پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور فعال و ذمہ دار شہریوں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہونا چاہیے۔
جناب چودھری نے سیکھنے والوں میں تجسس، غور و فکر کرنے کی صلاحیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو نوجوانوں کو محض علم فراہم کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں اس علم کو بامعنی انداز میں بروئے کار لانے کا اعتماد اور صلاحیت بھی دینی چاہیے۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ روایتی انداز سے ہٹ کر سوچیں، موجودہ طریقہ کار اور تصورات پر سوال اٹھائیں اور ایک نئے بھارت کی تعمیر میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے فعال کردار ادا کریں۔
اس موقع پر تریپورہ کے وزیر اعلی پروفیسر (ڈاکٹر) مانک ساہا نے کہا کہ ریاست کی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں تریپورہ نے 95.6 فیصد شرح خواندگی حاصل کرلی ہے اور اس طرح مکمل خواندہ قرار دیے جانے کے لیے حکومت ہند کے مقرر کردہ معیار کو عبور کرلیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت آئندہ تین سے چار برسوں کے دوران اسکول چھوڑنے کی شرح کو ممکنہ حد تک کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر ہماچل پردیش کے وزیر تعلیم جناب روہت ٹھاکر، اتراکھنڈ کے وزیر تعلیم ڈاکٹر دھن سنگھ راوت، میزورم کے وزیر تعلیم اور محکمہ اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر وان لال تھلانا اور سکم کے اسکولی، اعلی اور تکنیکی تعلیم کے وزیر جناب راجو بسنیت اعزازی مہمان کی حیثیت سے موجود تھے۔ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے محکمہ کے سکریٹری جناب ٹی کے انیل کمار، محکمہ کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ ارچنا شرما اوستھی اور وزارت کے اعلی افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

یہ تقریب محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی 2026 کی دو روزہ تقریبات کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ اس سال عالمی یوم خواندگی کا موضوع ’’لوگوں، کرہ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی‘‘ ہے، اور تقریب میں اسی موضوع کو مرکز میں رکھا گیا۔کل قومی بال بھون میں ’’اُلّاس میلہ‘‘ منعقد کیا جائے گا۔ اس میلے میں 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے شرکا شرکت کریں گے۔ یہ نوخواندہ افراد، رضاکار اساتذہ اور دیگر متعلقہ فریقوں کو قومی سطح کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں وہ اپنے تجربات، کامیابیوں، اختراعات اور بہترین طریقہ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔

مرکزی وزارت تعلیم کی جانب سے یکم سے 14 ستمبر 2026 تک ملک بھر میں ’ پندرہ روزہ خواندگی ‘ منایا جا رہا ہے۔ اس دوران خواندگی کے فروغ اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں ورکشاپس، سیمینار، گرام پنچایت سطح کے پروگرام، ریلیاں، نکڑ ناٹک، رجسٹریشن مہم، سوشل میڈیا مہم اور عوامی رابطے سے متعلق دیگر اقدامات شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد خواندگی کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا اور معاشرے کے مختلف طبقات کو اس مہم سے جوڑنا ہے۔اس مہم کے ذریعے عوام کی بڑے پیمانے پر شرکت کو فروغ دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ہر شہری میں ’’کرتویہ بودھ‘‘ یعنی اپنے فرائض کے تئیں احساس اور ’’جن بھاگیداری‘‘ یعنی عوامی شراکت داری کا جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔ عوام کی فعال شرکت سے خواندگی کی مہم ایک وسیع تر عوامی تحریک کی شکل اختیار کرے گی اور معاشرے کے ہر طبقے کو ملک کو مکمل طور پر خواندہ بنانے کی قومی کوشش میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔یہ کوشش ’’اُلّاس - نو بھارت ساکشرتا کاریہ کرم‘‘ کے وژن کے تحت بھارت کو مکمل طور پر خواندہ بنانے کے قومی ہدف کے حصول میں اہم معاون ثابت ہوگی۔ اس مہم کے ذریعے ’’جن جن ساکشر‘‘ کے وژن کو عملی شکل دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا جائے گا۔ اس وژن کا مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر فرد کو بنیادی خواندگی حاصل کرنے، اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور زندگی بھر سیکھنے کے یکساں مواقع دستیاب ہوں۔خواندگی کے فروغ کی یہ مہم اس اجتماعی عزم کو مزید مضبوط کرے گی کہ ملک کا کوئی بھی فرد بنیادی تعلیم اور سیکھنے کے مواقع سے محروم نہ رہے۔ اس طرح خواندگی کو محض پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت تک محدود رکھنے کے بجائے اسے افراد کی بااختیار بنانے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ایک زیادہ باشعور، فعال اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
*****
ش ح۔ ت ف ۔ ص ج
U. No-3209
(ریلیز آئی ڈی: 2308443)
وزیٹر کاؤنٹر : 8