نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے اٹانگر میں معذور  بچوں کے ڈونی پولو مشن اسکول کا دورہ کیا

نائب صدر جمہوریہ نے ڈونی پولو مشن اسکول کے طلبہ سے کہا: "کبھی کسی کو اپنے خوابوں کی حدیں متعین کرنے نہ دیں"

معذور طلبہ  کی جانب سے وندے ماترم کی پیشکش نے نائب صدر جمہوریہ کے دل میں حب الوطنی کے گہرے جذبات پیدا کئے

نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھاکرشنن نے اروناچل پردیش کے مالا مال ثقافتی ورثے کے تحفظ میں جے این اسٹیٹ میوزیم کے کردار کو سراہا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 6:02PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے آج اٹانگر کے چمپو میں سماعت، بصارت اور ذہنی معذوری کا سامنا کرنے والے بچوں کے لیے قائم ڈونی پولو مشن اسکول کا دورہ کیا اور طلبہ، اساتذہ اور عملے سے بات چیت کی۔ انہوں نے ادارے کے مختلف سرگرمی مراکز کا دورہ کیا اور طلبہ سے خطاب بھی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ادارے کا دورہ ان کے لیے گہرے جذبات اور حب الوطنی کا احساس پیدا کرنے والا تھا، خاص طور پر طلبہ کو وندے ماترم گاتے ہوئے سننے کے بعد۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ نے جس خلوص کے ساتھ یہ گیت پیش کیا، اس سے انہیں محسوس ہوا کہ حب الوطنی کے جذبات ان کے ’’دل سے نکل رہے تھے‘‘۔

اروناچل پردیش حکومت، ڈونی پولو مشن، انتظامیہ، اساتذہ، بحالی سے متعلق ماہرین اور عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے جناب سی پی رادھاکرشنن نے کہا کہ وزیر اعلی جناب پیما کھانڈو کی قیادت میں ریاستی حکومت کی کامیابیاں ’’معاشرے کے ہر طبقے‘‘ کا احاطہ کرتی ہیں۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب سی پی رادھاکرشنن نے ان  سے اپیل کی  کہ وہ کبھی کسی کو اپنے خوابوں کی حدیں متعین کرنے نہ دیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہر فرد منفرد ہے۔ ہر فرد میں صلاحیت موجود ہے۔‘‘ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، خود پر یقین رکھیں اور سخت محنت کریں۔ جناب سری کانت بولا کے متاثر کن سفر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے طلبہ  سے اپیل کی  کہ وہ ان لوگوں سے تحریک حاصل کریں جنہوں نے مشکلات پر قابو پایا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈونی پولو مشن اسکول جیسے ادارے صرف تعلیم ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ امید، وقار، مواقع، اعتماد اور خود انحصاری بھی عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے ایک جامع وِکسِت بھارت 2047 کی تعمیر میں بامعنی کردار ادا کرتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کی تبدیلی لانے کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب سی پی رادھاکرشنن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ذرائع اور معاون ٹیکنالوجی رکاوٹوں کو دور کرنے اور تعلیم کو زیادہ قابل رسائی اور طلبہ کی انفرادی ضروریات کے مطابق بنانے میں مدد کر سکتی ہیں۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت سے آراستہ تعلیمی مواد اور طلبہ کے لیے جامع معاونت سے متعلق مشن کی پہلوں کو سراہا۔

نائب صدر جمہوریہ نے معذور  بچوں کی پرورش اور تعلیم میں غیر معمولی صبر، ہمدردی اور عزم کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور عملے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی اور معاونت میں والدین کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب سی پی رادھاکرشنن نے کہا، ’’آج آپ نے مجھے بہت سی باتیں سکھائی ہیں۔‘‘ اس طرح انہوں نے طلبہ اور ان کے عزم سے حاصل ہونے والی تحریک کے لیے اپنی قدردانی کا اظہار کیا۔

نائب صدر جمہوریہ کے ہمراہ اروناچل پردیش کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) کائیولیہ تریویکرم پرنائک، وزیر اعلی جناب پیما کھانڈو، نائب وزیر اعلی جناب چونا مین، سماجی انصاف و تفویض اختیارات اور قبائلی امور کے وزیر جناب کونٹو جینی، ریاستی حکومت کے سینئر افسران، ڈونی پولو مشن اور اس کی انتظامیہ کے نمائندے، اساتذہ، بحالی سے متعلق ماہرین، عملہ اور ادارے کے طلبہ موجود تھے۔

اس سے قبل آج نائب صدر جمہوریہ نے اٹانگر میں جے این اسٹیٹ میوزیم کا بھی دورہ کیا اور اروناچل پردیش اور شمال مشرق کے مالا مال نسلی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اسے اجاگر کرنے میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے نسلوں کے درمیان اہم رابطے کا کام کرتے ہیں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی روایات کے تئیں فخر کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اروناچل پردیش کے انمول ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے میوزیم سے وابستہ تمام افراد کی مخلصانہ کوششوں کی بھی تعریف کی۔

****

 

 

ش ح۔ا خ۔ خ م

U N-3224

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2308436) وزیٹر کاؤنٹر : 8