ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی اے کیو ایم نے ایچ ایس پی سی بی کی اپنی ہدایات پر عمل نہ کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جائزہ اجلاس میں وضاحت طلب کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 SEP 2026 12:39PM by PIB Delhi

8 ستمبر 2026 کو قومی دارالحکومت خطے (این سی آر) اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کے معیار کے بندوبست سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) کے چیئرمین جناب راجیش ورما کی زیرصدارت ہریانہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ (ایچ ایس پی سی بی) کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کی جانب سے جاری کردہ قانونی ہدایات پر عمل درآمد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔ ان قانونی ہدایات کے تحت 500 مربع میٹر یا اس سے زیادہ رقبے والے تمام تعمیرات و انہدام (سی اینڈ ڈی) منصوبوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، تعمیراتی مقامات پر دھول پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی دور سے نگرانی کو یقینی بنانے کی غرض سے ریاستی حکومت/قومی دارالحکومت خطہ دہلی حکومت کے ویب پورٹل پر فعال ویڈیو نگرانی کا نظام نصب کرنا بھی لازمی ہے۔

سی اے کیو ایم 2024 سے ایچ ایس پی سی بی کے ویب پورٹل کے ذریعے سی اینڈ ڈی مقامات کی نمونے کی بنیاد پر دور دراز سے نگرانی کر رہا ہے۔ نگرانی کے دوران متعدد خامیوں کا مشاہدہ کیا گیا، جن میں ویب کیمروں کے نامکمل یا ناکافی روابط، غلط صارف شناخت اور پاس ورڈ، ایسے روابط جو موبائل ایپلی کیشنز انسٹال کرنے کا تقاضا کرتے ہیں، غیر فعال ویب روابط اور کامیاب لاگ اِن کے باوجود آف لائن رہنے والے کیمرے شامل ہیں۔ ان خامیوں سے ایچ ایس پی سی بی کو وقتاً فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہا ہے تاکہ ضروری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔

سی اے کیو ایم کی جانب سے 19 جون 2026 سے 22 جون 2026 تک ایچ ایس پی سی بی کے پورٹل کے ذریعے کی گئی دور دراز نگرانی کے دوران مشاہدہ کیا گیا کہ پانی پت میں رجسٹرڈ 213، سونی پت میں 457، فریدآباد میں 168، گڑگاؤں (شمالی) میں 691 اور گڑگاؤں (جنوبی) میں 484 فعال سی اینڈ ڈی مقامات میں سے بیشتر مقامات پر ویب کیمروں کے روابط غیر فعال پائے گئے۔ فعال روابط صرف فریدآباد کے 4، گڑگاؤں (شمالی) کے 6 اور گڑگاؤں (جنوبی) کے 5 مقامات پر دستیاب تھے۔ ان مشاہدات سے ایچ ایس پی سی بی کو 8 جولائی 2026 کو آگاہ کیا گیا۔

سی اے کیو ایم اس سے قبل بھی ایچ ایس پی سی بی کو مشورہ دے چکا ہے کہ پورٹل کے ذریعے مؤثر دور دراز نگرانی کے لیے ایک مخصوص ٹیم تعینات کی جائے۔ تاہم، نہ تو ایسی کوئی ٹیم تعینات کی گئی اور نہ ہی کوئی خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں آئی۔ نتیجتاً، ویب کیمروں کے روابط کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے سی اینڈ ڈی مقامات کی مؤثر دور دراز نگرانی اور دھول پر قابو پانے کے اقدامات کی تصدیق کے لیے ویب پورٹل کا بنیادی مقصد ہی فوت ہو گیا۔

ایچ ایس پی سی بی کی جانب سے مسلسل خامیوں اور عدم تعمیل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے اس معاملے کو اپنی ہدایات پر عمل درآمد کی ذمہ دار نامزد اتھارٹی کی جانب سے دانستہ عدم تعمیل قرار دیا ہے۔ سی اے کیو ایم نے جائزہ اجلاس میں ایچ ایس پی سی بی کو طلب کرتے ہوئے جاری کیے گئے نوٹسز کے حوالے سے مطلوبہ معلومات، تفصیلی جواب اور رپورٹ پیش کرنے کو کہا، جس میں تعمیل کی مکمل صورتِ حال واضح کی جائے۔ اس کے جواب میں ایچ ایس پی سی بی نے کمیشن کو تعمیل کی صورتِ حال اور سی اے کیو ایم کی قانونی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

 

اس کے علاوہ جائزہ اجلاس میں ایچ ایس پی سی بی کو ہدایت دی گئی کہ کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے تمام احکامات اور قانونی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ضروری اصلاحی اقدامات کیے جائیں، جن میں عدم تعمیل کرنے والے مقامات کو بند کرنا بھی شامل ہے، تاکہ سی اینڈ ڈی مقامات کی مؤثر اور بلا تعطل دور دراز نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ نگرانی اور نفاذ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ سی اینڈ ڈی مقامات پر مقررہ دھول پر قابو پانے کے اقدامات مؤثر طریقے سے نافذ کیے جا سکیں۔

کمیشن نے ایک بار پھر واضح کیا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس کی قانونی ہدایات پر مؤثر عمل درآمد قومی دارالحکومت خطے میں فضائی آلودگی کی روک تھام اور اس میں کمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ سی اے کیو ایم نے زور دیا کہ متعلقہ ادارے کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات اور قانونی ہدایات پر بروقت اور مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور زمینی سطح پر مؤثر نفاذ کے لیے نگرانی اور عمل درآمد کے نظام کو مزید مضبوط کریں۔ کمیشن خطے میں تعمیل کی صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے گا اور فضائی آلودگی میں مؤثر کمی کے لیے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔

*****

 

ش ح۔ ت ف  ۔ ص ج

U. No-3197

 


(ریلیز آئی ڈی: 2308287) وزیٹر کاؤنٹر : 4
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी