وزارت دفاع
ہندوستان-مراکش دفاعی تعاون کو نئی رفتار: نئی دہلی میں مشترکہ دفاعی کمیٹی کا افتتاحی اجلاس منعقد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 SEP 2026 6:25PM by PIB Delhi
ہندوستان اور مراکش کے درمیان مشترکہ دفاعی کمیٹی کا افتتاحی اجلاس 08 ستمبر 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ دونوں فریقوں نے تربیت و تعلیم، امن کے قیام کی کارروائیوں، فوجی مشقوں، طبی تعاون، سائبر دفاع اور دفاعی صنعتوں کے شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا، کیونکہ دوطرفہ تعاون 2027 میں اپنے 70ویں سال کی تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت وزارتِ دفاع کے جوائنٹ سکریٹری (بین الاقوامی تعاون) جناب امیتابھ پرساد اور مراکش کی شاہی مسلح افواج کے دوسرے بیورو کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل عبداللہ عثمانی نے کی۔ ہندوستانی وفد میں محکمہ دفاع، تینوں مسلح افواج، مربوط دفاعی عملے کے ہیڈکوارٹر، محکمہ دفاعی پیداوار، مسلح افواج کی طبی خدمات کے ڈائریکٹر جنرل، ڈی آر ڈی او اور وزارتِ خارجہ کے افسران شامل تھے۔
مراکشی وفد 07 سے 10 ستمبر 2026 تک ہندوستان کے دورے پر ہے۔ بریگیڈیئر جنرل عبداللہ عثمانی نے نئی دہلی میں قومی جنگی یادگار پر بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرکے اپنے دورے کا آغاز کیا۔ مراکشی وفد نے نئی دہلی میں ڈی پی ایس یو بھون میں دفاعی صنعتوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، تاکہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ پیداوار، مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون، دیکھ بھال اور پائیداری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
وفد آرمی ہسپتال (ریسرچ اینڈ ریفرل) کا بھی دورہ کرے گا، جہاں اسے ہندوستان کی فوجی طبی صلاحیتوں کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون سے متعلق ایک مفاہمت نامے پر ستمبر 2025 میں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے مراکش کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔ اس دورے سے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو نئی رفتار ملی۔ مشترکہ دفاعی کمیٹی کا اجلاس اسی مفاہمت نامے کے تحت قائم کیے گئے ادارہ جاتی طریقۂ کار کا ایک حصہ ہے۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 3170
(ریلیز آئی ڈی: 2307987)
وزیٹر کاؤنٹر : 9