نیتی آیوگ
azadi ka amrit mahotsav

نیتی آیوگ کی پہل ای-فاسٹ انڈیا نے بھارت میں صفراخراج والی  مال برداری کے تیز رفتار فروغ کے لیے ’پیکٹ‘ کا آغاز کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 SEP 2026 6:20PM by PIB Delhi

نیا پلیٹ فارم ماحولیاتی نظام سے وابستہ فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے پورے بھارت میں مال برداری کی مانگ کو یکجا کرے گا، تاکہ  صفراخراج  ٹرکوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی میں سہولت فراہم کی جا سکے اور ان کے تجارتی امکانات کو مضبوط بنایا جا سکے۔ 5ویں ای-فاسٹ انڈیا سمٹ میں کاروباری، مالیاتی اور چارجنگ شراکت داریوں کے امکانات پیدا کرنے کے لیے زیٹ مارکیٹ پلیس بھی متعارف کرایا گیا۔

نیتی آیوگ کے رکن جناب راجیو گابا نے آج 5ویں ای-فاسٹ انڈیا سمٹ 2026 کے موقع پر پلیٹ فارم فار ایگریگیٹنگ کلین ٹرانسپورٹ (پیکٹ) کا آغاز کیا، جو بھارت میں  صفراخراج  ٹرکوں کی تعیناتی کو تیز کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس پلیٹ فارم کا آغاز جناب وی اماشنکر، سکریٹری، ایم او آر ٹی ایچ؛ ڈاکٹر حنیف قریشی، اے ایس، ایم ایچ آئی؛ محترمہ ارچنا متل، پی ڈی، الیکٹرک موبلٹی، نیتی آیوگ؛ جناب پون مولوکتلاای ڈی، ڈبلیو آر آئی اور صنعت، مالیات اور مال برداری کے ماحولیاتی نظام سے وابستہ تقریباً 250 شرکاء کی موجودگی میں کیا گیا۔

ای-فاسٹ انڈیا پلیٹ فارم کے تحت ایک اہم پہل کے طور پر پیکٹ کو مال بھیجنے والوں، لاجسٹکس سروس پرووائیڈرز (ایل ایس پیز) اور ماحولیاتی نظام سے وابستہ دیگر فریقوں کی مال برداری کی طلب کو یکجا کرنے اور اسے شناخت شدہ مال برداری کے راستوں پر تعیناتی کے مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ مال بھیجنے والوں، ایل ایس پیز، گاڑیوں کے مینوفیکچررز، مالیاتی اداروں، چارج پوائنٹ آپریٹرز (سی پی اوز) اور ماحولیاتی نظام سے وابستہ دیگر شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتے ہوئے، اس کا مقصدمانگ  کی بہتر صورتِ حال فراہم کرنا، چارجنگ انفرااسٹرکچر کی منصوبہ بندی میں معاونت کرنا اور درمیانے و بھاری برقی گاڑیوں (ای-ایم ایچ ڈی ویز) کے تجارتی امکانات کو مضبوط بنانا ہے۔

اس پلیٹ فارم کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب بھارت میں برقی مال برداری کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ مالی سال 2025-26 میں ای-فریٹ گاڑیوں کی تعیناتی مالی سال 2024-25 کی 201 گاڑیوں کے مقابلے میں چار گنا سے زیادہ بڑھ کر 826 گاڑیوں تک پہنچ گئی۔ اس وقت ملک بھر میں 3,000 سے زائد ای-ایم ایچ ڈی ٹرک زیرِ استعمال ہیں۔ اس رفتار کو برقرار رکھنے اور مزید وسعت دینے کے مانگ  کو یکجا کرنے، چارجنگ انفرا اسٹرکچر کو وسعت دینے، مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور فلیٹ آپریٹرز و سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ یقین دہانی فراہم کرنے کے سلسلے میں مربوط اقدامات کی ضرورت ہوگی۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی جناب راجیو گوبا، رکن، نیتی آیوگ نے کہا، ’’اگرچہ ملک میں برقی گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت اور معاون پالیسی نظام تیار کرنے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ترقی کے اگلے مرحلے کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ہم باہمی تعاون کے ذریعے پورے ماحولیاتی نظام کو درپیش چیلنجوں سے کس طرح نمٹتے ہیں۔ پیکٹ اور زیٹ مارکیٹ پلیس کا آغاز ماحولیاتی نظام سے وابستہ مختلف فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔ جیسے جیسے مال برداری کی برق کاری میں تیزی آئے گی، اختراعی مالیاتی ماڈل، کوریڈور پر مبنی چارجنگ انفرا اسٹرکچر اور مارکیٹ سے چلنے والی شراکت داریاں ای-ٹرکوں کو تجارتی سطح پر اپنانے کی رفتار تیز کرنے اور بھارت کے صاف نقل و حمل کے مستقبل کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوں گی۔‘‘

 سڑک  ٹرانسپورٹ  و شاہرہوں  کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) کے سکریٹری  جناب وی اما شنکر  نے کہا، ’’برقی مال برداری کو تیز رفتاری سے فروغ دینے کے لیے لاجسٹکس آپریشنز، چارجنگ انفرا اسٹرکچر کی مالی معاونت اور بیٹری کے نظم و نسق میں اختراعات کی ضرورت ہوگی۔ بیٹری کی صحت کی نگرانی کے نظام اور زیادہ استعمال والی گاڑیوں کے لیے نئے آپریٹنگ ماڈل جیسے اقدامات شفافیت بہتر بنانے، دوبارہ فروخت کی قدر مضبوط کرنے، مالیاتی خطرات کم کرنے اور زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ صنعت کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور طلب میں اضافے کے ساتھ بھارت ایک ایسے قابلِ توسیع اور تجارتی طور پر قابلِ عمل برقی ٹرکنگ ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے پوری طرح تیار ہے، جو لاجسٹکس میں مسابقتی صلاحیت اور توانائی کے تحفظ، دونوں کو آگے بڑھائے گا۔‘‘

سمٹ میں زیٹ مارکیٹ پلیس بھی متعارف کرایا گیا، جو ای-ٹرک مینوفیکچررز، ایل ایس پیز، سی پی اوز، مالیاتی اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو آپس میں جوڑنے والا ایک باہمی رابطے کا کاروباری پلیٹ فارم ہے۔ اس مارکیٹ پلیس نے شرکاء کو اپنی مصنوعات پیش کرنے، تجارتی مواقع تلاش کرنے اور ان شراکت داریوں کو فروغ دینے کا موقع فراہم کیا، جو  صفر اخراج  والی مال برداری کے منصوبوں کو محض ارادے سے عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری ہیں۔

سمٹ کے مکمل اجلاسوں اور تکنیکی نشستوں میں مالی معاونت اور خطرات کم کرنے کے طریقۂ کار، چارجنگ انفرا اسٹرکچر، پالیسی کی ترجیحات اور ابتدائی طور پر کی گئی تعیناتیوں سے حاصل ہونے والے تجربات پر غور و خوض کیا گیا۔ مجموعی طور پر ان مباحث میں اس ضرورت کو اجاگر کیا گیا کہ انفرادی پائلٹ منصوبوں سے آگے بڑھ کر مربوط، تجارتی طور پر قابلِ عمل اور بڑے پیمانے پر تعیناتی کی جانب پیش رفت کی جائے۔

ہر گزرتے سال کے ساتھ ای-فاسٹ انڈیا پلیٹ فارم مارکیٹ کو تعیناتی کے لیے تیار کرنے کے مرحلے سے آگے بڑھ کر عملی تعیناتی کو ممکن بنانے کی سمت گامزن ہے۔ پیکٹ اور زیٹ مارکیٹ پلیس جیسے اقدامات کے ذریعے نیتی آیوگ اور اس کے شراکت داروں کا مقصد مال برداری کی طلب، سرمایہ کاری میں دلچسپی اور ٹیکنالوجی کی تیاری کو پورے بھارت میں قابلِ توسیع زیرو ایمیشن مال برداری کے منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔

اہم اعلانات

  • پلیٹ فارم فار ایگریگیٹنگ کلین ٹرانسپورٹ (پیکٹ) کا آغاز
  • زیٹ مارکیٹ پلیس

نیتی آیوگ کے بارے میں

نیتی آیوگ حکومتِ ہند کا اعلیٰ ترین عوامی پالیسی تھنک ٹینک ہے، جسے معاشی ترقی کو تحریک دینے اور باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کو فروغ دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے ریاستی حکومتوں کو معاشی پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جاتا ہے۔

ای-فاسٹ انڈیا کے بارے میں

ای-فاسٹ انڈیا (الیکٹرک فریٹ ایکسیلیریٹر فار سسٹین ایبل ٹرانسپورٹ - انڈیا) نیتی آیوگ کی قیادت میں قائم ایک پلیٹ فارم ہے، جو حکومت اور صنعت سے وابستہ فریقوں، بشمول او ای ایمز، لاجسٹکس سروس پرووائیڈرز، مالیاتی اداروں، مال بھیجنے والوں اور چارج پوائنٹ آپریٹرز کو ایک ساتھ لاتا ہے، تاکہ بھارت میں صفر اخراج والی مال برداری کی جانب منتقلی کو، خصوصاً درمیانے اور بھاری گاڑیوں کے شعبے میں تیز کیا جا سکے ۔

 

***

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 3126


(ریلیز آئی ڈی: 2307612) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Marathi