نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے گوہاٹی میں ایس ایس یو ایچ ایس کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کی
نائب صدر جمہوریہ نے حفظانِ صحت کے پیشہ واران سے سائنسی عمدگی کو جذبہ ترحم سے مربوط کرنے اور خود کو بنی نوع انسانی کی خدمت کے لیے وقف کرنے کی اپیل کی
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی دوراندیش قیادت نے بھارت کے حفظانِ صحت کے منظرنامے کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے: نائب صدر جمہوریہ
آسام میں میڈیکل کالجوں کی تعداد جو 2021 میں 7 کے بقدر تھی ، اب دوگنے اضافے کے ساتھ 15 کے بقدر ہوگئی ہے؛ مزید 9 کالج زیر تعمیر ہیں: نائب صدر جمہوریہ نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما کی ستائش کی
ایمس گوہاٹی اور سہ سطحی کینسر کیئر نیٹ ورک شمال مشرقی خطے کے حفظانِ صحت ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنا رہے ہیں: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں سے منشیات کے استعمال سے دور رہنے اور 'نشہ مکت بھارت' مہم میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 SEP 2026 6:05PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھاکرشنن نے آج گوہاٹی میں 'سریمنتا شنکردیوا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز' (ایس ایس یو ایچ ایس) کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے، گریجویٹ ہونے والے طبی ماہرین سے اپیل کی کہ وہ ہمدردی، اخلاقیات اور سائنسی مہارت کو برقرار رکھیں اور اپنے علم و ہنر کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے سال 2023، 2024 اور 2025 کے لیے 'ڈاکٹر جان بیری وائٹ ایوارڈ' بھی تقسیم کیے۔
جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاپُرش سریمنتا شنکردیوا کے نام پر قائم یہ یونیورسٹی، طبی علوم ، تحقیق اور صحتِ عامہ کے لیے ایک اہم ادارے کے طور پر ابھری ہے۔ انہوں نے مقامی زبانوں میں طبی علم کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا، جس میں 'اینگلو-اسامی ڈکشنری آف میڈیکل سائنس' کی اشاعت اور اسامی زبان میں میڈیکل کی درسی کتابوں کی تیاری شامل ہے۔
نائب صدر نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کے ہیلتھ کیئر کے شعبے میں آنے والی بڑی تبدیلی کو اجاگر کیا، اور اس سلسلے میں 'آیوشمان بھارت' جیسے اقدامات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک 44 کروڑ سے زیادہ ایوشمان کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں اور یاد دلایا کہ اس اسکیم نے غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے طبی اخراجات میں تخمیناً 2 لاکھ کروڑ روپے کی بچت کرنے میں مدد کی ہے۔
آسام کی صحت عامہ کی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب سی پی رادھاکرشنن نے کہا کہ ریاست میں میڈیکل کالجوں کی تعداد 2021 میں سات سے دوگنا سے بھی زیادہ بڑھ کر اب 15 ہو چکی ہے، جبکہ مزید 9 میڈیکل کالج زیرِ تعمیر ہیں۔ انہوں نے ایمس گوہاٹی کا بھی ذکر کیا، جو کہ شمال مشرق کا پہلا ایمس ہے، اور اس کے ساتھ ہی آسام کے سہ سطحی کینسر کیئر نیٹ ورک بشمول ریاست کے پہلے پروٹون بیم تھراپی سینٹر پر بھی روشنی ڈالی۔
نائب صدر نے حفظانِ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا شرما اور حکومتِ آسام کو مبارکباد دی اور کہا کہ صحتِ عامہ کا بدلتا ہوا منظرنامہ آسام سے باہر کے مریضوں کو بھی جدید علاج کے لیے تیزی سے گوہاٹی کا رخ کرنے کے قابل بنا رہا ہے۔
نوجوانوں کو صحت مند اور ڈسپلن زندگی گزارنے کی ترغیب دیتے ہوئے، شری سی پی رادھاکرشنن نے ان پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال سے دور رہیں اور 'نشہ مکت بھارت' کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے طلبہ کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سوشل میڈیا کا مثبت اور تعمیری استعمال کریں اور اسے اپنا بہت زیادہ وقت ضائع کرنے کی اجازت نہ دیں۔
نائب صدر نے کہا کہ گریجویٹ ہونے والے نوجوان طبی ماہرین کے پاس 'وکست اور سوستھ بھارت' کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ایک انتہائی اہم کردار ہے، اور انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کے مستقبل کے عزائم اور کوششوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس جلسہ تقسیم اسناد میں آسام کے گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ؛ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا شرما؛ طبی تعلیم اور تحقیق کے وزیر جناب اشوک سنگھل؛ وزیر تعلیم ڈاکٹر رانوج پیگو؛ چیف سکریٹری ڈاکٹر روی کوٹا؛ ایس ایس یو ایچ ایس کے وائس چانسلر ڈاکٹر انوپ کمار برمن کے علاوہ اساتذہ، محققین، طلبا اور والدین نے بھی شرکت کی۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:3082
(ریلیز آئی ڈی: 2307215)
وزیٹر کاؤنٹر : 9