سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
نشا مکت بھارت ابھیان‘ کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر منشیات کے استعمال کے خلاف قومی عہد
ملک گیر بیداری مہمات کے ذریعے ’نشا مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت 34.56 کروڑ سے زائد شہریوں تک رسائی حاصل کی گئی، جن میں 13.71 کروڑ سے زائد نوجوان اور 10.65 کروڑ خواتین شامل ہیں
این ایم بی اے ای-عہد https://nashamukt.dosje.gov.in/epledge پر دستیاب ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 SEP 2026 7:09PM by PIB Delhi
نشا مکت بھارت ابھیان کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر اس ماہ منشیات کے استعمال کے خلاف ملک گیر اجتماعی عہد کیا گیا۔
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت نوڈل وزارت ہے، جس کا مقصد جسمانی اور آن لائن، دونوں ذرائع سے 10 کروڑ سے زائد شہریوں کو متحرک کرنا ہے۔
اس سلسلے میں آج قومی دارالحکومت میں وزارت میں منعقدہ دو اعلیٰ سطحی رابطہ اجلاسوں میں نشا مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے) کے مقاصد کے مطابق ملک گیر اجتماعی عہد میں شہریوں کی ہدف شدہ تعداد کی شرکت یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی اور جامع حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان اجلاسوں کی صدارت وزارت کے جوائنٹ سکریٹری (منشیات کی روک تھام) ڈاکٹر سندیپ ریواجی راٹھوڑ نے کی۔
اجلاسوں میں ڈائریکٹر، ڈی او ایس جے ای (ڈی پی) جناب استک کمار پانڈے، انڈر سکریٹری جناب ارون کمار کرن کے علاوہ وزارت کے دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر نمائندوں پر مشتمل ان اجلاسوں میں ملک گیر عہد کے نفاذ کے لیے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ افسران، اہلکاروں، طلباء، والدین، رضاکاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ملک گیر عہد میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاسوں میں ریلوے، دفاع، شہری دفاع، نوجوانوں کے امور اور کھیل، اسکولی اور اعلیٰ تعلیم، ڈاک، پولیس، مرکزی مسلح پولیس دستوں (سی اے پی ایف)، این سی سی، آیوش، دیہی ترقی، صحت اور خاندانی بہبود سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے تمام منسلک دفاتر، تعلیمی اداروں، خود مختار اداروں، سرکاری شعبے کے اداروں (پی ایس یوز) اور فیلڈ سطح کے اداروں میں عہد کی تقریبات منعقد کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سماجی، رضاکارانہ اور روحانی تنظیموں اور سماجی اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات کو بھی اس مہم میں شامل کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں شرکاء کی تعداد اور رسائی سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کے لیے یکساں رپورٹنگ طریقۂ کار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
منصوبہ بندی اور مربوط حکمت عملی پر ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس پر متعلقہ محکموں اور وزارتوں کے تمام نمائندوں نے فعال طور پر تبادلۂ خیال کیا۔
این ایم بی اے عہد نشے کی لت سے متاثرہ افراد تک پہنچنے اور منشیات کے استعمال کے خلاف اجتماعی کوششوں کو فروغ دینے کی ایک اہم پہل ہے۔ اس عہد کا مقصد لوگوں میں منشیات سے دور رہنے کے لیے ذمہ دارانہ رویے کو فروغ دینا، متعلقہ فریقوں کو مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دینا اور اتحاد و عزم کے جذبے کو مضبوط کرنا ہے۔ اس عہد کے ذریعے نوجوانوں کو مزید بااختیار بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
این ایم بی اے ای-عہد کا لنک:
https://nashamukt.dosje.gov.in/epledge
اجلاس میں نشے کی لت کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور شہریوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن 14446 کے اہم پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں شہریوں میں رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دینے کے بڑھتے ہوئے جذبے کو بھی اجاگر کیا گیا۔ شہری محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے ’نشا مکتی متر‘ کے طور پر اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
نشا مکتی متر کے طور پر اندراج کے لیے:
https://nashamukt.dosje.gov.in/nasha-mukti-mitr
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت نے ملک میں منشیات کی طلب سے نمٹنے کے لیے 15 اگست 2020 کو نشا مکت بھارت ابھیان (این ایم بی اے) کا آغاز کیا تھا۔ اجتماعی کارروائی کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے وزارت منشیات کے استعمال کی روک تھام، تشخیص، علاج، بحالی، بعد از علاج نگہداشت، عوامی معلومات کی تشہیر اور کمیونٹی میں بیداری پیدا کرنے سمیت مختلف اقدامات کو مربوط کر رہی ہے۔
وزارت نیشنل ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت ایک جامع اور شواہد پر مبنی حکمت عملی نافذ کر رہی ہے۔ یہ حکمت عملی ایمس، نئی دہلی کے نیشنل ڈرگ ڈیپینڈینس ٹریٹمنٹ سینٹر (این ڈی ڈی ٹی سی) کے ذریعے کیے گئے ہندوستان میں منشیات کے استعمال کی وسعت اور اس کے رجحانات سے متعلق پہلے قومی سروے کے نتائج پر مبنی ہے۔
این اے پی ڈی ڈی آر کے تحت وزارت ریاستی حکومتوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، غیر سرکاری تنظیموں اور سرکاری اسپتالوں کو احتیاطی تعلیم، بیداری پیدا کرنے، مشاورت، علاج اور بحالی کے لیے مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔
اب تک یہ مہم ملک گیر سطح پر بیداری پیدا کرنے والی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے 13.71 کروڑ سے زائد نوجوانوں، 10.65 کروڑ خواتین سمیت 34.56 کروڑ سے زیادہ شہریوں تک پہنچ چکی ہے۔ کمیونٹی کی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 1.64 لاکھ سے زائد نشا مکتی متر (این ایم ایم) بھی اس مہم سے وابستہ ہو چکے ہیں۔
علاج کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے وزارت نے این ایم بی اے 2.0 موبائل ایپلی کیشن بھی شروع کی ہے، جو شہریوں کو اپنے قریب ترین نشے سے نجات کے مرکز کا پتہ لگانے میں مدد فراہم کرے گی۔

یہ ایپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔
https://www.dosje.gov.in/organization/nasha-mukt-bharat-abhiyaan/
حکومت بحالی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دے کر، احتیاطی اقدامات کو مضبوط بنا کر، نفاذ کے طریقۂ کار کو آسان بنا کر اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کی مؤثر عمل آوری یقینی بنا کر منشیات سے پاک اور سماجی طور پر جامع ہندوستان کے اپنے عزم کو مسلسل مضبوط کر رہی ہے۔ کمیونٹی کی مسلسل شرکت، بہتر حکمرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کی فراہمی کے ذریعے وزارت کمزور طبقات کے تحفظ اور سب کے لیے سماجی انصاف کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
***
(ش ح۔اس ک )
UR-3014
(ریلیز آئی ڈی: 2306601)
وزیٹر کاؤنٹر : 7