شہری ہوابازی کی وزارت
شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر نے این او سی کے عمل کو آسان اور خودکار بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے 15 دن کے اندر مقررہ مدت میں کارروائی کی ہدایت دی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 SEP 2026 4:58PM by PIB Delhi
شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جناب کنجارپو رام موہن نائیڈو نے شہری ہوا بازی کی وزارت اور بھارتی ہوائی اڈہ اتھارٹی (اے اے آئی) کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں شہری ہوا بازی کے شعبے میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں بالخصوص عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس کے دوران جناب رام موہن نائیڈو نے اس بات پر زور دیا کہ این او سی جاری کرنے کے عمل کو غیر ضروری دشواریوں سے پاک، صاف و شفاف، خودکار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل ہونے والا بنایا جائے، جبکہ اس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔ مجوزہ اصلاحات کا مقصد عام لوگوں، سوسائٹیوں، تعمیراتی اداروں اور صنعت سے وابستہ افراد کے لیے یہ عمل آسان بنانا ہے، ساتھ ہی ہوا بازی کی حفاظت سے متعلق تمام ضابطہ جاتی تقاضوں کی مکمل پابندی کوبھی یقینی بنانا ہے۔
وزیر موصوف نے اس بات پر بھی تبادلۂ خیال کیا کہ درخواست دہندگان کو ابتدائی مرحلے ہی میں عمارت کی قابل اجازت یا مقررہ زیادہ سے زیادہ اونچائی سے آگاہ کرنے کا انتظام کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر دہلی، ممبئی اور حیدرآباد جیسے بڑے میٹروپولیٹن شہروں میں۔ اس طریقۂ کار سے درخواست دہندگان اور دیگر متعلقہ فریقوں کو باخبر فیصلے کرنے اور ابتدا ہی سے مقررہ اونچائی کی پابندیوں کے مطابق عمارت کی تعمیر و ترقی کی منصوبہ بندی کرنے میں سہولت ملے گی۔
اجلاس میں ہوابازی سے متعلق مطالعات کے عمل پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور منظوری کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے پر زور دیا گیا۔ بالخصوص ابتدائی مرحلے میں موقع پر جا کر جسمانی تصدیق کی ضرورت کو کم سے کم کرنے، نیز عمارت کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانے کے تقاضوں کو مناسب حد تک آسان بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عدم اعتراض سرٹیفکیٹ کے درخواست نظام (این او سی اے ایس) کے موجودہ جغرافیائی دائرۂ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فی الحال این او سی اے ایس بصری پرواز کے قواعد (وی ایف آر) کے تحت پروازوں کے لیے 20 کلومیٹر اور آلات پر مبنی پرواز کے قواعد (آئی ایف آر) کے تحت پروازوں کے لیے 56 کلومیٹر کے علاقے کا احاطہ کرتا ہے۔ اجلاس میں اس امکان پر بھی غورو خوض کیا گیا کہ جہاں ممکن ہو، شہری مقامی اداروں (یو ایل بی) کی سطح پر ہی عدم اعتراض سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں، تاکہ افراد اور صنعتی اداروں کو این او سی حاصل کرنے کے لیے براہِ راست بھارتی ہوائی اڈہ اتھارٹی سے رجوع کرنے کی ضرورت کم ہو جائے۔
جناب رام موہن نائیڈو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مذکورہ اقدامات سمیت این او سی کے عمل کو آسان، خودکار اور غیرمرکزی بنانے کے طریقۂ کار کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دینے کی تفصیلات طے کی جائیں اور 15 دن کی مقررہ مدت کے اندر ان کے نفاذ کے لیے ضروری کارروائی کی جائے۔
وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ ان اصلاحات کا مجموعی مقصد تجاویز اور منصوبوں کی منظوری کا عمل تیز اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا ہے۔ اس کے ساتھ متعلقہ اعداد و شمار اور عمارت کی قابلِ اجازت اونچائی سے متعلق معلومات بھی شفاف انداز میں عوامی سطح پر، بشمول ویب سائٹ کے ذریعے، دستیاب کرائی جائیں، تاہم ہوا بازی کی حفاظت پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ایک آسان، قابلِ پیش گوئی اور شفاف این او سی نظام اہم بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد میں سہولت فراہم کرے گا، جس سے سرمایہ کاری، معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافے کو فروغ ملے گا۔
*********
ش ح۔م م ع۔ص ج
Urdu No-2946
(ریلیز آئی ڈی: 2306014)
وزیٹر کاؤنٹر : 6