ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے نیپال میں اچانک آنے والے سیلاب کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا

وزیرِ اعلیٰ اور ریلوے کے وزیر نے سادہ تقریب میں نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ براڈ گیج ریلوے سیکشن کا افتتاح کیا

چار ٹرینوں کی توسیع نیپال گنج روڈ تک کی گئی، جس سے سرحدی علاقوں کی ترقی کو فروغ ملے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 AUG 2026 6:45PM by PIB Delhi

اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے ریلوے کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو، ڈومریا گنج کے رکن پارلیمنٹ جناب جگدمبیکا پال، بہرائچ کے رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر آنند کمار گونڈ اور دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ ریلوے سیکشن کی گیج تبدیلی اور برقی کاری کا افتتاح کیا۔ 56.15 کلومیٹر طویل اس سیکشن کو تقریباً 730 کروڑ روپے کی لاگت سے براڈ گیج میں تبدیل کرنے کے ساتھ برقی ریل سیکشن میں تبدیل کیا گیا ہے۔ موجودہ چار ٹرین سروسز کو بھی نیپال گنج روڈ تک توسیع دی گئی ہے۔ پروگرام کا آغاز نیپال میں حالیہ سیلاب کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا، جس کے دوران پروگرام میں شریک تمام افراد نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

 

 

پڑوسی ملک نیپال کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ بھارت اور نیپال کے درمیان مضبوط ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے نیپال میں قدرتی آفت سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ہند ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جناب ویشنو نے کہا کہ ریلوے نے متاثرہ علاقوں سے بچائے گئے اور بھارت پہنچنے والے مسافروں کے لیے بھی انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے نے خصوصی کوچز اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کیا ہے تاکہ انہیں ان کی منزل تک پہنچنے میں مدد مل سکے۔ جناب ویشنو نے مزید کہا کہ ریلوے بورڈ، ریلوے زون، ضلعی اور ریاستی حکام اور وزارتِ خارجہ کے ساتھ تال میل کرکے کام کر رہا ہے تاکہ نیپال کی صورتِ حال سے متاثرہ مسافروں کی محفوظ نقل و حرکت اور واپسی کو آسان بنایا جا سکے۔

اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی نیپال میں حالیہ قدرتی آفت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے سے نہ صرف دوست ملک نیپال بلکہ بھارت سمیت کئی ممالک کے لوگ بھی متاثر ہوئے ہیں، اور اس آفت میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

 

نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ سیکشن اب براڈ گیج ریلوے نیٹ ورک میں شامل

 

نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ میٹر گیج ریلوے سیکشن اصل میں 1886 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ گیج کی تبدیلی اور برقی کاری کی تکمیل کے ساتھ یہ سیکشن اب براڈ گیج ریلوے نیٹ ورک کا ایک لازمی حصہ بن گیا ہے، جس سے بہرائچ، ریسیا، مٹیرا، نانپارہ، بابا گنج اور نیپال گنج روڈ اسٹیشنوں کو بہتر ریل رابطہ فراہم ہوگا۔

افتتاح کیے جانے والے ریلوے سیکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب ویشنو نے کہا کہ نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ سیکشن اب ملک کے وسیع تر ریلوے نیٹ ورک سے منسلک ہوگیا ہے۔ جناب ویشنو نے کہا کہ ملک بھر میں براڈ گیج میں تبدیلی کا پروگرام تکمیل کے قریب ہے۔

 

 

طویل فاصلے کی ٹرین سروسز کی نیپال گنج روڈ تک توسیع

 

مسافروں کے رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لیے وزارت ریلوے نے 14213/14214 وارانسی–بہرائچ ایکسپریس، 15132/15131 وارانسی سٹی–گورکھپور ایکسپریس اور 75109/75110 اور 75111/75112 گونڈا–بہرائچ کی دو جوڑی ٹرین سروسز کو نیپال گنج روڈ تک توسیع دینے کی منظوری دی ہے۔

ان سروسز کے آغاز سے نیپال گنج روڈ اور آس پاس کے علاقوں کے مسافروں کو گونڈا، گورکھپور، وارانسی اور دیگر بڑے شہروں کے لیے براہ راست ریل رابطہ حاصل ہوگا۔ یہ توسیع خطے کے عوام کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے اور بڑے شہری و اقتصادی مراکز تک رسائی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔ بہتر ریل رابطے سے پڑوسی ملک نیپال کے عوام کو بھی فائدہ ہوگا، خصوصاً ان افراد کو جو روزگار، تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر مقاصد کے لیے سرحدی علاقے سے آمدورفت کرتے ہیں۔

جناب آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریلوے سیکشن کا افتتاح اور چار نئی ٹرین سروسز کا آغاز خطے کے عوام کے کئی دہائیوں پرانے خواب کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا ریل رابطہ بہرائچ، روپئی ڈیہا اور نیپال گنج کے درمیان روابط کو مضبوط کرے گا اور سرحد کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کے لیے مزید سہولت فراہم کرے گا۔

 

 

خواہش مند ضلع بہرائچ کے لیے نئے مواقع

 

خواہش مند ضلع بہرائچ کے سرحدی علاقے میں گیج تبدیلی کے منصوبے کی تکمیل سے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو نمایاں فروغ ملنے کی توقع ہے۔ بہتر ریل رابطے سے لوگوں اور اشیا کی آمدورفت میں اضافہ ہوگا اور خطے میں تجارت، روزگار، سیاحت اور سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

براہ راست براڈ گیج ریل رابطے سے مقامی مصنوعات کو وسیع تر منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور سرحدی علاقوں اور اتر پردیش کے بڑے شہروں سمیت دیگر علاقوں کے درمیان اقتصادی روابط مضبوط ہوں گے۔

بہتر ریلوے بنیادی ڈھانچے سے خطے کے عوام کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے اور بہرائچ و ملحقہ علاقوں کی مجموعی ترقی میں تعاون کی توقع ہے۔

ریلوے سیکشن کی برقی کاری سے برقی انجنوں سے چلنے والی ٹرینوں کا آپریشن ممکن ہوگا، جس سے ڈیزل پر انحصار کم ہوگا اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ یہ اقدام توانائی کی مؤثر کھپت اور ماحول دوست پائیدار ریلوے آپریشن کے لیے بھارتی ریلوے کی کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔

ریلوے کے وزیر جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ اتر پردیش، بالخصوص پوروانچل خطے میں ریلوے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پہلے سے ڈبل لائن موجود ہے، وہاں تیسری اور چوتھی لائن شامل کرکے سات بڑے ریلوے نیٹ ورکس کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پوروانچل کو خدمات فراہم کرنے والے دہلی–غازی آباد–مرادآباد–سیتاپور–برہوال–گونڈا–گورکھپور ریلوے نیٹ ورک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی سے گونڈا تک سیکشن کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں ریل رابطے میں بڑی تبدیلی ہائی اسپیڈ ریل رابطے کی ترقی سے آئے گی۔ مجوزہ ہائی اسپیڈ ریل رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے جناب ویشنو نے کہا کہ سفر کے اوقات میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی سے آگرہ کا سفر 58 منٹ، دہلی سے کانپور 1 گھنٹہ 45 منٹ، دہلی سے لکھنؤ 2 گھنٹے 12 منٹ اور دہلی سے پریاگ راج تقریباً 3 گھنٹے میں طے کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی سے وارانسی کا سفر تقریباً ساڑھے تین گھنٹے میں مکمل ہوگا۔

 

 

جناب ویشنو نے مزید کہا کہ مجوزہ ریل رابطے کو مستقبل میں پٹنہ تک توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی اور پٹنہ کے درمیان 1,170 کلومیٹر کا سفر تقریباً ساڑھے چار گھنٹے میں مکمل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس سے اتر پردیش کے بڑے شہروں اور شمالی بھارت کے دیگر علاقوں کے درمیان بہت کم وقت میں سفر ممکن ہوگا۔

نیپال گنج روڈ–نانپارہ–بہرائچ ریلوے سیکشن کی تکمیل اور طویل فاصلے کی ٹرین سروسز کی توسیع سرحدی خطے میں ریل رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف خطے کو ملک بھر کے بڑے شہروں سے زیادہ مؤثر طریقے سے جوڑے گا بلکہ سماجی، اقتصادی اور ثقافتی ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

 

https://www.youtube.com/watch?v=_CUGFEmHNnU

                                               **************

 

ش ح۔ ف ش ع

31-08-2026

                                                                                                                                       U: 2834

 

 

 

 

 

 

 

                                                          

 

 

 

 

 

 

                                                                                                               


(ریلیز آئی ڈی: 2305215) وزیٹر کاؤنٹر : 6