نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن کی کیرالہ کوموڈی کی 115ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت
کیرالہ کوموڈی کے 115 سال اعتماد، حوصلے اور نظریات کی طاقت کا ثبوت ہیں: نائب صدر
نائب صدر کی اے آئی کے دور میں معتبر، تعمیری اور ذمہ دارانہ صحافت کی اپیل
صحافت کو شہریوں کو باخبر، متاثر اور بااختیار بنانا چاہیے: نائب صدر
عوامی اعتماد کسی بھی اخبار کا سب سے بڑا اثاثہ ہوتا ہے: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 AUG 2026 12:45PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج الاپوزا میں کیرالہ کوموڈی کی 115ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی اور اس کے 115 سالہ سفر کو اعتماد ، حوصلے اور نظریات کی لازوال طاقت کا ایک ثبوت قرار دیا۔
شری سی وی کنہی رامن کے ذریعہ 1911 میں قائم کردہ کیرالہ کوموڈی کی وراثت کو یاد کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس اخبار نے سماجی بیداری اور پسماندہ و مظلوم طبقات کی آواز بلند کرنے میں نمایاں خدمات انجام دی ہے۔
کیرلم کے عوام کو ان کے صوبے کا نام تبدیل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے یاد دلایا کہ وہ راجیہ سبھا کی صدارت کر رہے تھے جب 12 اگست 2026 کو یہ بل منظور ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ارکانِ پارلیمنٹ کی خوشی ایک تاریخی غلطی کی تصحیح کی عکاس تھی۔
جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ بھارت کے لیے کیرلم کی عظیم خدمات میں آدی شنکرآچاریہ کا اتحاد کا پیغام، سری نارائن گرو کا پیغام مساوات اور مناتھو پدمنابھن کا تعلیم کے شعبے میں تعاون شامل ہے۔
نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ صحافت پرنٹ سے نکل کر ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل پلیٹ فارم، سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت تک پہنچ چکی ہے، لیکن معتبر معلومات اور صحافتی اخلاقیات اب بھی سب سے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اخبار کا سب سے بڑا اثاثہ عوامی اعتماد ہے، جو درستگی، غیر جانبداری، خودمختاری اور جوابدہی کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔
تعمیری صحافت پر زور دیتے ہوئے جناب سی پی رادھا کرشنن نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اختراع ، سائنسی حصولیابیوں، ہمدردی، سماجی خدمت اور مثبت سماجی تبدیلیوں کو اجاگر کرے، تاکہ معاشرے کو باخبر کیا جا سکے اور شہریوں کو قوم کی تعمیر کی طرف راغب کیا جا سکے۔
ترقی اور ماحولیاتی خدشات کے درمیان ایک متوازن نقطہ نظر اپنانے پر بھی زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے پر سیاست کرنے یا بلاوجہ ترقی کی مخالفت کرنے کے بجائے حقیقی مسائل کو عملی حل کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ دریاؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بروقت اور مناسب اقدامات کے ذریعے ان کی گہرائی اور صحت کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کیرالہ کوموڈی صحافت کی بنیاد کے طور پر سچائی، معتبریت اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا جاری رکھے گا اور ملیالم صحافت کی ایک مضبوط آواز بنا رہے گا۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس تقریب میں کیرالہ کوموڈی ایکسی لینس ایوارڈ بھی پیش کیا۔
تقریب میں کیرلم کے گورنر جناب راجیندر وشوناتھ آرلیکر، حکومتِ کیرلم کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم جناب روجی ایم جان، الاپوزا کے ایم ایل اے جناب اے ڈی تھامس، چاتھنور کے ایم ایل اے جناب بی بی گوپ کمار، کیرالہ کوموڈی کے چیف ایڈیٹر جناب دیپو روی، شری نارائن دھرم پرپالن یوگم کے جنرل سکریٹری جناب ویلاپلی نٹیسن اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
*****
(ش ح- ن ا)
U.N:2769
(ریلیز آئی ڈی: 2304660)
وزیٹر کاؤنٹر : 19