نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے نئی دہلی میں برکس رن اینڈ رائیڈ 2026 کے موقع پر ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ کے 88ویں ایڈیشن کی قیادت کی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، سنگرام سنگھ اور مدھوریما ٹولی نے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں 5,000 افراد پر مشتمل اجتماع میں شرکت کی
88ویں ایڈیشن کی خصوصی اہمیت ہے کیونکہ بھارت 12 تا 13 ستمبر کو بھارت منڈپم میں 18ویں برکس سربراہ کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے: ڈاکٹر منڈاویہ
فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل کے 88ویں ایڈیشن کا ملک بھر میں 25,000 سے زائد مقامات پر آغاز؛ برکس کے سفرا اور اعلیٰ حکام بھی ملک گیر سائیکلنگ مہم میں شامل ہو رہے ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 AUG 2026 12:24PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ، بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، پہلوان سنگرام سنگھ اور اداکارہ مدھوریما ٹولی نے آج جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں برکس کے اشتراک سے منعقدہ ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ کے خصوصی قومی یوم کھیل ایڈیشن میں شرکت کنندگان کی قیادت کی۔
یہ پروگرام ملک بھر میں 25,000 سے زائد مقامات پر بیک وقت منعقد کیا گیا، جو ہفتہ وار سائیکلنگ مہم کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ ’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ کے 88ویں ایڈیشن کی خصوصی اہمیت ہے، کیونکہ بھارت 12 اور 13 ستمبر کو بھارت منڈپم میں 18ویں برکس سربراہ کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ”اس ہفتے کا ایڈیشن برکس سے تعلق رکھنے والے ہمارے معزز مہمانان اور اراکین کے نام وقف ہے، جو 12 اور 13 ستمبر کو ہونے والی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ ہمیں آج ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔“
ڈاکٹر منڈاویہ نے سائیکل چلانے کے تین گنا فوائد، جسمانی صحت و تندرستی، آلودگی میں کمی اور ٹریفک کے ازدحام میں کمی پر روشنی ڈالی اور شہریوں سے زور دے کر کہا کہ وہ سائیکلنگ کو اپنے ہفتہ وار معمول کا حصہ بنائیں۔

ڈاکٹر منڈاویہ نے مزید کہا، ”’سنڈیز آن سائیکل‘ کے 88ویں ایڈیشن کا ملک بھر میں 25,000 سے زائد مقامات پر آغاز ہو گیا ہے۔ پورے ملک میں سائیکلنگ کا شوق بڑھ رہا ہے اور ’سنڈیز آن سائیکل‘ رفتہ رفتہ لوگوں میں ایک جذبے کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ آئیے، ہم سب روزانہ ایک گھنٹے کے لیے موبائل فون اور کمپیوٹر اسکرینوں سے دور ہو کر باہر نکلیں، سائیکل چلائیں، کھیلوں میں حصہ لیں اور خود کو صحت مند و توانا رکھیں۔“
برکس کی شراکت دار ممالک کے ممتاز نمائندگان نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی، جن میں ملائیشیا کے ہائی کمیشن کی ناظم الامور محترمہ شریفا ازنیڈا وفا سید ذوالقرنین وفا؛ ویتنام کے سفارت خانے کے نامزد سفیر جناب ترنہ منہ مانہ؛ انڈونیشیا کے سفارت خانے کے ناظم الامور جناب یودھو ساسونگکو؛ بیلاروس کے سفیر جناب میخائل کاسکو؛ کیوبا کے سفیر جناب خوان کارلوس مرسان ایگلیرا؛ ایتھوپیا کے سفیر جناب نیبیو ٹیڈلا نیگاش اور روس کے سفارت خانے کے وزیر، مشیر اور مشن کے نائب سربراہ جناب رومان بابوشکن شامل تھے۔

تقریب میں موجود اعلیٰ سرکاری حکام میں محکمہ کھیل کے سکریٹری جناب ہری رنجن راؤ، محکمہ امور نوجوانان کے سکریٹری جناب سنیل پالیوال اور وزارت خارجہ میں سکریٹری (اقتصادی تعلقات) جناب سدھاکر دلیلا وغیرہ شامل تھے۔

پدم شری گوتم گمبھیر نے سائیکلنگ ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ انہوں نے کہا، ”فٹ انڈیا کے لیے حکومت کی جانب سے منعقد کیا جانے والا یہ پروگرام ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ میرا ماننا ہے کہ بھارت جتنا زیادہ صحت مند ہوگا، اتنا ہی مضبوط ہوگا اور اتنا ہی زیادہ خود کفیل بنے گا۔ اس لیے ہمیں اسے محض ایک پروگرام کے طور پر نہیں بلکہ ایک تحریک کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے، خاص طور پر اس پروگرام میں موجود نوجوانوں کی، کہ ہم اسے ایک تحریک میں تبدیل کرنے کی کوشش کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہمارے نوجوان اور دیگر تمام لوگ صحت مند رہیں، تاکہ ایک زیادہ صحت مند اور مضبوط قوم کی تعمیر ہو سکے۔“
نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں برکس رن اینڈ رائیڈ 2026 کے تحت منعقدہ اس پروگرام میں نوجوانوں، بزرگ شہریوں اور یقیناً برکس کے شراکت دار ممالک کے نمائندگان سمیت 5,000 سے زائد شرکت کنندگان نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ رقص کیا، سائیکل چلائی اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
آئی ٹی بی پی کے براس بینڈ کی پرفارمنس نے بھی جشن کے ماحول کو مزید پُرجوش بنا دیا۔ اتوار کی صبح منعقد ہونے والا یہ ایڈیشن خاص طور پر اہم تھا کیونکہ اس کا انعقاد قومی یوم کھیل کے صرف ایک دن بعد کیا گیا، جس سے شہریوں میں صحت و تندرستی، کھیلوں اور فعال شرکت کے جذبے کو مزید تقویت حاصل ہوئی۔
’فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل‘ مرکزی وزیر برائے امور نوجوانان و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کے تصور پر مبنی ایک پہل ہے، جسے وزارت امور نوجوانان و کھیل (ایم وائی اے ایس)، سائیکلنگ فیڈریشن آف انڈیا (سی ایف آئی)، راہ گیری فاؤنڈیشن اور ایم وائی بھارت کے اشتراک سے منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ مہم ایس اے آئی اور کھیلو انڈیا نیٹ ورک کے ذریعے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں چلائی جاتی ہے۔
سائیکلنگ مہم تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں بیک وقت منعقد کی جاتی ہے، جس میں ایس اے آئی کے علاقائی مراکز، نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس (این سی او ای)، ایس اے آئی ٹریننگ سینٹر (ایس ٹی سی)، کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسیلنس (کے آئی ایس سی ای) اور کھیلو انڈیا سینٹر (کے آئی سی) بھی شامل ہیں۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 2770
(ریلیز آئی ڈی: 2304657)
وزیٹر کاؤنٹر : 9