وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

معزز نائب صدر جمہوریہ ہند آرائشی ماہی گیری کی ترقی کے لیے ”مشن رنگین مچھلی 2031“ اسٹریٹجک ایکشن پلان جاری کریں گے


جزائر کے وسائل کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے پائیدار طور پر فائدہ اٹھانے پر خصوصی توجہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 AUG 2026 11:13AM by PIB Delhi

ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری کی وزارت، حکومت ہند کے ماہی گیری محکمہ کی جانب سے پیر، 31 اگست 2026 کو اگاتی، لکش دیپ میں وزارت ماہی گیری، حکومت ہند کے ایک آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر معزز نائب صدر جمہوریہ ”مشن رنگین مچھلی 2031“ کے آرائشی ماہی گیری کی ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان کا اجرا کریں گے۔

اس آؤٹ ریچ پروگرام میں ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری و پنچایتی راج کے مرکزی وزیر، جناب راجیو رنجن سنگھ، ماہی گیری، مویشی پروری اور ڈیری و پنچایتی راج کے وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل اور لکش دیپ کے معزز ایڈمنسٹریٹر، جناب پرفُل کھوڑے پٹیل موجود ہوں گے۔ تقریب میں ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ مچھلی پالنے والے اور ماہی گیر، بشمول خواتین مچھلی پالنے والی اور ماہی گیر بھی بالمشافہ شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ ماہی گیری، حکومت ہند، حکومت لکش دیپ، ماہی گیری کے کلسٹر اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔

بھارت کے وسیع سمندری وسائل ملک کی بے پناہ بحری دولت کے باوجود اب بھی نمایاں حد تک غیر استعمال شدہ ہیں۔ 11,099 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی، 22 لاکھ مربع کلومیٹر کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) اور تقریباً 53.1 لاکھ ٹن کی تخمینی سمندری ماہی گیری کی صلاحیت کے ساتھ بھارت میں پائیدار ماہی گیری، گہرے سمندر میں ماہی گیری، میری کلچر اور نیلی معیشت کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ لکش دیپ اس غیر استعمال شدہ صلاحیت کی ایک نمایاں مثال ہے۔ یہاں تقریباً 4 لاکھ مربع کلومیٹر کا ای ای زیڈ ہے، جو بھارت کے مجموعی ای ای زیڈ کا تقریباً 17 فیصد ہے، جبکہ لگون کا رقبہ 4,200 مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ وسائل سے مالا مال یہ وسیع سمندری ماحولیاتی نظام اعلیٰ قدر والی ماہی گیری کے وسائل سے فائدہ اٹھانے، میری کلچر کو وسعت دینے، ساحلی روزگار پیدا کرنے اور پائیدار نیلی معیشت کی ترقی کو تیز کرنے کے نمایاں امکانات فراہم کرتا ہے۔

حکومت ہند ماہی گیری کے شعبے میں مربوط اور ویلیو چین پر مبنی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کلسٹر پر مبنی طریقۂ کار اختیار کر رہی ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت لکش دیپ کو سمندری کائی (سی ویڈ) کے لیے ایک مخصوص کلسٹر کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، تاکہ اس کی کاشت، پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹ سے روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ لکش دیپ کے جزائر میں سمندری آرائشی مچھلی کے وافر وسائل بھی موجود ہیں، جو سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پائیدار افزائش، برآمدات اور ذریعۂ معاش پیدا کرنے کے نمایاں امکانات فراہم کرتے ہیں۔

آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران معزز نائب صدر جمہوریہ ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ مستفیدین میں مختلف فوائد تقسیم کریں گے اور ”مشن رنگین مچھلی 2031“ کے آرائشی ماہی گیری کی ترقی سے متعلق اسٹریٹجک ایکشن پلان کا اجرا کریں گے۔ یہ اسٹریٹجک ایکشن پلان آرائشی ماہی گیری کی مکمل ویلیو چین میں سائنسی انتظام، حیاتیاتی تحفظ، معیار کی یقین دہانی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی تعمیل کے لیے ایک یکساں فریم ورک فراہم کرے گا۔ معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) کے ذریعے بریڈ اسٹاک کے انتظام، افزائش، ہیچری آپریشن، پیداواری نظام، قرنطینہ، صحت کے انتظام، ٹریس ایبلٹی، ایکویریم آپریشن، ہینڈلنگ، نقل و حمل اور تجارت سے متعلق طریقوں کو معیاری بنایا جائے گا، جس سے ملک بھر میں یکسانیت اور بہترین انتظامی طریقوں کو اپنانے کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ یہ اقدامات متعلقہ فریقوں کی صلاحیتوں کو بھی مضبوط کریں گے، مصنوعات کے معیار اور حیاتیاتی تحفظ کے معیارات کو بہتر بنائیں گے، سرٹیفیکیشن اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائیں گے اور بھارت کے آرائشی ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار، منظم اور عالمی سطح پر مسابقتی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

پس منظر

بھارت کو وسیع اور متنوع سمندری وسائل حاصل ہیں، جنہیں تقریباً 11,099 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی اور تقریباً 24 لاکھ مربع کلومیٹر کے خصوصی اقتصادی زون سے تقویت ملتی ہے۔ بھارت کے ای ای زیڈ میں سمندری ماہی گیری کی صلاحیت کا تخمینہ 58.6 لاکھ میٹرک ٹن لگایا گیا ہے، جس سے تقریباً 50 لاکھ ماہی گیروں کے ذریعۂ معاش کو سہارا ملتا ہے اور غذائی تحفظ، غذائیت، روزگار، آمدنی پیدا کرنے اور برآمدی آمدنی میں نمایاں تعاون حاصل ہوتا ہے۔ بھارت اس وقت دنیا کے سرکردہ ماہی گیری اور آبی زراعت پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور مالی سال 2025-26 کے دوران تقریباً 73,890 کروڑ روپے مالیت کی سمندری غذائی مصنوعات برآمد کر چکا ہے۔

ماہی گیری کی زیادہ تر سرگرمیاں ساحل سے 40 سے 50 بحری میل کے اندر مرکوز ہیں، جبکہ زیادہ گہرے پانیوں اور قومی دائرۂ اختیار سے باہر کے علاقوں میں اعلیٰ قدر والی انواع، خصوصاً ٹونا اور ٹونا سے ملتی جلتی مچھلیوں کے شکار کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔ پائیدار سمندری ماہی گیری کی اسٹریٹجک اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت ہند نے بھارتی ای ای زیڈ اور کھلے سمندروں سے ماہی گیری کے وسائل کو پائیدار طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے ایک معاون فریم ورک وضع کیا ہے، جس میں بھارتی پرچم بردار ماہی گیری کے جہازوں کے ذریعے کھلے سمندر میں ماہی گیری کے وسائل کو پائیدار طور پر بروئے کار لانے کے لیے 2025 کی رہنما ہدایات بھی شامل ہیں۔

لکش دیپ سمندری ماہی گیری کے وافر وسائل سے مالا مال ہے، بالخصوص ییلو فن ٹونا اور اسکیپ جیک ٹونا جیسی اعلیٰ قدر والی ٹونا انواع یہاں کی سمندری ماہی گیری کے شعبے کی بنیاد ہیں۔ وسیع اور زرخیز سمندری پانیوں کی بدولت یہ تجارتی لحاظ سے اہم انواع پائیدار شکار، ویلیو ایڈیشن، برآمدات میں اضافے اور ذریعۂ معاش پیدا کرنے کے نمایاں مواقع فراہم کرتی ہیں، جس سے لکش دیپ ٹونا پر مبنی ماہی گیری اور نیلی معیشت کی ترقی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

***

ش ح۔ ف ش ع

U: 2766


(ریلیز آئی ڈی: 2304643) وزیٹر کاؤنٹر : 4