وزارت دفاع
چنئی میں بھارتی کوسٹ گارڈ اور ویتنام کوسٹ گارڈ کے درمیان ساتویں اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 AUG 2026 11:00AM by PIB Delhi
بھارتی کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) اور ویتنام کوسٹ گارڈ (وی سی جی) کے درمیان ساتویں اعلیٰ سطحی میٹنگ (ایچ ایل ایم) 25 اگست 2026 کو چنئی میں منعقد ہوئی۔ یہ میٹنگ کوسٹ گارڈ تعاون سے متعلق 2015 کے مفاہمت نامے (ایم او یو) کے تحت منعقد کی گئی۔
میٹنگ کی مشترکہ صدارت بھارتی کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل پرمیش شیوا منی، اور ویتنام کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ، میجر جنرل لُوونگ دِن ہُنگ نے کی۔

بات چیت میں سمندری تلاش و بچاؤ (ایس اے آر)، سمندری قانون کے نفاذ، سمندری آلودگی سے نمٹنے اور استعداد کار میں اضافے سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں جانب سے پیشہ ورانہ تبادلوں اور بحری جہازوں کے دوروں سمیت جاری دو طرفہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور تعاون اور باہمی عملی مطابقت کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں طرف کے کوسٹ گارڈوں نے باہمی اعتماد، رابطہ کاری اور عملی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باقاعدہ ادارہ جاتی روابط، تربیتی پروگراموں، پیشہ ورانہ تبادلوں، بہترین طریقہ ہائے کار کے اشتراک اور بحری جہازوں کے دوروں کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بھارت اور ویتنام کے اس مشترکہ عزم کی توثیق کی گئی کہ وہ دوستی اور تعاون کے جذبے کے تحت خطے میں بحری سلامتی، تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔

جاری دو طرفہ تعاون کے ایک حصے کے طور پر، بھارت - ویتنام کوسٹ گارڈ مشترکہ مشق ’سہ یوگ-ہاپ ٹیک‘27 اگست 2026 کو سمندر میں منعقد کی جائے گی۔ یہ مشق دونوں طرف کے کوسٹ گارڈوں کو عملی رابطہ کاری کو بہتر بنانے، باہمی عملی مطابقت کو مضبوط کرنے اور بہترین طریقہ ہائے کار کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 2616
(ریلیز آئی ڈی: 2303463)
وزیٹر کاؤنٹر : 10