کامرس اور صنعت کی وزارتہ
تجارت و صنعت کے مرکزی و زیر جناب پیوش گوئل نے ٹوکیو میں جاپانی تجارتی فیڈریشن سے خطاب کیا
ہندوستان-جاپان شراکت داری اقتصادی سلامتی، دفاع، سپلائی چین کی مضبوطی، ٹیکنالوجی، اختراع، صاف توانائی اور عوامی روابط سمیت اسٹریٹجک شعبوں تک پھیل گئی ہے: پیوش گوئل
प्रविष्टि तिथि:
24 AUG 2026 7:41PM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے کہا ہے کہ ہندوستان اور جاپان کی شراکت داری روایتی تجارت سے کہیں آگے بڑھ کر اقتصادی سلامتی، دفاع، سپلائی چین کی مضبوطی، ٹیکنالوجی، اختراع، صاف توانائی اور عوامی رابطوں جیسے اسٹریٹجک شعبوں تک پھیل چکی ہے۔ انہوں نے جاپان تجارتی فیڈریشن (کیڈان رین) کے ساتھ گول میز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
کیڈان رین جاپان کی اعلیٰ ترین اقتصادی تنظیم ہے، جو 1500 سے زیادہ بڑی جاپانی کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ گوئل نے ہندوستان میں کاروبار کرنے میں آسانی میں بہتری اور تیزی سے بڑھتی معیشت سے پیدا ہونے والے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے جاپانی سرمایہ کاروں سے ہندوستان میں اپنی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کام کرنے والی جاپانی کمپنیوں کی تعداد اس دہائی میں موجودہ سطح سے دوگنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ ہندوستان اور جاپان نے 2026 کو ’’انڈیا-جاپان ایئر آف شیئرڈ ہورائزنز‘‘ یعنی ہندوستان۔جاپان کے مشترک افق کا سال قرار دیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منایا جارہا ہے۔
جناب گوئل نے سومیتومو کارپوریشن، میجی سیکا فارما، مٹسوبشی کارپوریشن، ٹوکیو الیکٹرون اور مائن بیامٹسومی کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان مذاکرات میں ہندوستان میں موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور نئی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیم موصل (سیمی کنڈکٹر) صنعت سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ بھی اہم بات چیت ہوئی۔ ٹوکیو الیکٹرون اور مائن بیامٹسومی کے نمائندوں سے ملاقات میں ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ ان ملاقاتوں سے دو طرفہ تعلقات میں سیمی کنڈکٹر سرمایہ کاری کی بڑھتی اہمیت اجاگر ہوئی۔
بعد میں جناب گوئل نے جاپان کی قومی سلامتی سیکریٹریٹ کے سیکریٹری جنرل اچیکاوا کیئیچی سے کینٹئی میں ملاقات کی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات کے اقتصادی پہلو کے ساتھ اسٹریٹجک اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر موصوف نے کیپٹل گڈز، مشینری اور آٹوموبائل صنعت سے متعلق گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں جاپانی کمپنیوں اور ہندوستان کے دوسرے اور تیسرے درجے کے سپلائرز کے درمیان روابط مضبوط بنانے، صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بات ہوئی۔ اجلاس میں ہندوستان اور جاپان کی تقریباً 70 کاروباری کمپنیوں نے شرکت کی۔
جناب گوئل نے کیپٹل گڈز، مشینری، آٹوموبائل اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے جاپانی کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے مضبوط اور پائیدار سپلائی چین کی تعمیر میں جاپانی کمپنیوں کے مزید کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شام کو جناب گوئل نے نکی ایشیا کی زیر صدارت ایک فائر سائیڈ چیٹ میں شرکت کی، جس میں ہندوستان اور جاپان کی کاروباری برادری اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ انہوں نے ہندوستان کی بڑھتی معیشت، ٹیکنالوجی میں تبدیلی اور عالمی ویلیو چین میں بڑھتی شمولیت سے پیدا ہونے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔
اس روز کی سرگرمیوں سے ہندوستان-جاپان اقتصادی شراکت داری میں مضبوط رفتار اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور کاروباری روابط کو مزید گہرا کرنے کے ہندوستان کے عزم کی عکاسی ہوئی۔
جناب پیوش گوئل آج ٹوکیو پہنچے، جہاں وہ جاپان کے لیے ہندوستان کے اب تک کے سب سے بڑے کاروباری وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ وفد میں صنعت کے 200 سے زیادہ نمائندے شامل ہیں، جن کا تعلق مینوفیکچرنگ، سیمی کنڈکٹر، صاف توانائی، اسٹیل، آٹوموبائل، مالیاتی خدمات، صحت اور اسٹارٹ اپس سمیت مختلف شعبوں سے ہے۔
چار روزہ دورہ 24 سے 27 اگست تک جاری رہے گا اور وفد ٹوکیو، ناگویا اور اوساکا کا دورہ کرے گا۔ اس دورے کا مقصد ہندوستان-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ وفد وزارت تجارت و صنعت کے اشتراک سے ہندوستان کی سرکردہ صنعتی تنظیموں نے مشترکہ طور پر تشکیل دیا ہے، جس میں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی)، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) اور ایسوسی ایٹڈ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری آف انڈیا (ایسوچیم) کے نامزد نمائندے شامل ہیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :2541 )
(रिलीज़ आईडी: 2302906)
आगंतुक पटल : 7