وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

رکشا منتری دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئی دہلی میں جاپان کے اپنے  ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے

प्रविष्टि तिथि: 19 AUG 2026 1:17PM by PIB Delhi

رکشا منتری  جناب راج ناتھ سنگھ 20 اگست 2026 کو نئی دہلی میں جاپان کے وزیردفاع جناب شنجیرو کوئزومی کے ساتھ باہمی  ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ اس ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، اہمیت کے حامل اعتماد اور تعاون میں اضافہ ہوگا، بحر ہند و بحرالکاہل کے خطے میں استحکام اور سلامتی کو فروغ حاصل ہو گا اور تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

دونوں وزرا ءبحری سلامتی کے شعبے میں مزید گہرے تعاون اور ’میک اِن انڈیا‘ فریم ورک کے تحت دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید قریبی تعاون پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ یہ پیش رفت جاپان کی جانب سے دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق تین اصولوں میں ترمیم کے بعد ہو رہی ہے۔ یہ ملاقات دوطرفہ دفاعی اور سلامتی کے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے آئندہ کا لائحۂ عمل تیار کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

بھارت  کےاپنے پہلے دورے کے موقع پر جناب شنجیرو کوئزومی نے 19 اگست 2026 کو ممبئی میں مغربی بحری کمان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، مغربی بحری کمان، وائس ایڈمرل سنجے وتسایان کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا۔ جاپانی وفد کو بھارتی بحریہ کے فرائض و ذمہ داریوں اور آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

بھارتی دورے پر پہنچنے کے بعد معزز مہمان نے مغربی بحری کمان میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے نیول ڈاک یارڈ میں واقع گورو استمبھ پر گل دائرہ نذر کیا۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کیے گئے بحری جہاز آئی این ایس چنئی کا بھی دورہ کیا۔

بھارت اور جاپان آزاد، کھلے، مضبوط اور خوشحال بحرِ ہند و بحرالکاہل خطے کی تعمیر کے مشترکہ وژن کے حامل ہیں۔ جاپان کے وزیردفاع کا دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کی رفتار کو اجاگر کرتا ہے اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے دونوں جانب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ جاپان کی وزیر اعظم محترمہ سانائے تاکائیچی کے نئی دہلی کے دورے کے چند ہفتے بعد ہو رہا ہے، جب انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ساتھ سالانہ سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے سے اتفاق کیا تھا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ ش م ۔ع ن)

U. No. 2309

 


(रिलीज़ आईडी: 2301099) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Bengali , Bengali-TR , Gujarati , Telugu