زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے چنڈی گڑھ میں سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی نظام کا آغاز کیا، عوامی تقسیم کے نظام میں شفافیت کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم


فائلوں سے عوام کی زندگیوں تک: جناب شیوراج سنگھ چوہان نے چنڈی گڑھ میں سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی کے آزمائشی منصوبے کا آغاز کیا

شفاف غذائی اجناس کی فراہمی کے ایک نئے دور کا آغاز: جناب شیوراج سنگھ چوہان نے چنڈی گڑھ میں سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی نظام کا افتتاح کیا

ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کا امتزاج: چنڈی گڑھ میں شفاف عوامی تقسیم کے نظام کے لیے سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی کا ماڈل شروع

’’کسانوں کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں’’: جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ تجارتی معاہدوں میں کسانوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے

प्रविष्टि तिथि: 14 AUG 2026 3:53PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر برائے زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج چنڈی گڑھ کے ٹیگور تھیٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی (سی بی ڈی سی) پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) نظام کا آغاز کیا۔ اس تقریب کی صدارت پنجاب کے گورنر جناب گلاب چند کٹاریہ نے کی۔ تعلیم، صارفین کے امور، خوراک و عوامی تقسیم اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے  مرکزی  وزیر جناب پرہلاد جوشی اور مرکزی وزیر مملکت برائے خوراک و عوامی تقسیم محترمہ نموبین جینتی بھائی بمبھانیہ نے تقریب میں خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی۔

جناب چوہان نے کہا کہ یہ اقدام عوامی نظام تقسیم (پی ڈی ایس) میں مزید شفافیت، تحفظ اور بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں کسانوں اور غریبوں کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001HAG6.jpg

شفافیت اور اعتماد کے لیے ایک نیا نظام

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی براہِ راست فائدہ منتقلی کا نظام اس امر کو یقینی بنائے گا کہ راشن اور غذائی اجناس کی خریداری کے لیے رقم براہِ راست، محفوظ اور شفاف طریقے سے مستحقین تک پہنچے۔ چنڈی گڑھ میں شروع کیا گیا یہ آزمائشی منصوبہ ملک بھر میں اس نظام کو اپنانے کے لیے ایک نمونہ ثابت ہوگا۔نئے نظام کے تحت تکنیکی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مستحقین اس رقم کا استعمال صرف غذائی اجناس اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش کی خریداری کے لیے کر سکیں اور رقم کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی مستحقین کو زیادہ انتخاب کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ گندم اور چاول کے علاوہ وہ دالوں یا دیگر ضروری غذائی اشیا کا انتخاب بھی کر سکیں گے۔جناب چوہان نے اس نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والی محکمہ جاتی ٹیم اور عہدیداران کی ستائش کی اور اس اقدام کو ایک بڑی تکنیکی جدت قرار دیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002PZMI.jpg

کسانوں کے مفادات کے تحفظ کا عزم

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے واضح کیا کہ زرعی پالیسی اور غذائی تحفظ سے متعلق معاملات میں کسانوں کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ کسانوں سے متعلق کیے گئے تمام معاہدے اس اصول کے تحت کیے گئے ہیں کہ قومی مفاد، کسانوں کے مفادات اور عوامی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح حاصل رہے۔ انہوں نے کہا، ’’افسوس کی بات ہے کہ حزبِ اختلاف کو اس پر بھی اعتراض ہے۔‘‘ملک میں گندم اور چاول کے وافر ذخیرے کا حوالہ دیتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ ہندوستان اب اپنی داخلی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر غذائی اجناس برآمد کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پی ایم کسان سمان ندھی اور دیگر فوائد کی شفاف فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ کسانوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح برقرار رہے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003IHXI.jpg

 

پارلیمنٹ میں خلل اندازی پر سخت اظہارِ خیال

تقریب کے دوران جناب شیوراج سنگھ چوہان نے پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈالنے اور حزبِ اختلاف کے طرزِ عمل پر بھی سخت تنقید کی اور اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت کے وقار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خلل اندازی آئین اور جمہوری عمل کی توہین کے مترادف ہے اور قومی مفاد میں ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔ جناب چوہان نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت میں بحث و مباحثہ ناگزیر ہے، لیکن پارلیمانی کارروائی میں خلل ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔

پردھان منتری غریب کلیان اَنّ یوجنا اور سماجی تحفظ

مرکزی  وزیر جناب چوہان نے پردھان منتری غریب کلیان اَنّ یوجنا کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 80 کروڑ سے زائد لوگوں کو مفت غذائی اجناس فراہم کرنا ملک کے اہم سماجی تحفظ کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم محض لوگوں کے لیے مناسب مقدار میں خوراک کی دستیابی یقینی بنانے تک محدود نہیں ہے، بلکہ گھریلو اخراجات کم کرکے خاندانوں کی معاشی حالت بھی مضبوط کرتی ہے، جس سے وہ اپنی بچت بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات پر خرچ کر سکتے ہیں۔جناب چوہان نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی غریب شخص بھوکا نہ سوئے اور کسی بھی گھر کے دسترخوان پر کھانے کی کوئی کمی نہ ہو۔

براہِ راست فائدہ منتقلی کے فوائد اور نئے تکنیکی حفاظتی انتظامات

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ براہِ راست فائدہ منتقلی نے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ فوائد براہِ راست کھاتہ داروں تک پہنچیں، جس سے درمیانی افراد اور بے ضابطگیوں کے امکانات کم ہوئے ہیں۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ رقم نقدی کی صورت میں منتقل ہونے کے بعد اسے مقررہ مقصد کے علاوہ دیگر کاموں میں استعمال کیے جانے کا خدشہ رہتا ہے۔ اسی لیے سینٹرل  بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر مبنی نظام کو ایسے تکنیکی حفاظتی انتظامات کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ حاصل ہونے والی رقم براہِ راست راشن اور دیگر غذائی اشیا کی خریداری پر خرچ ہو اور اس کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس تکنیکی جدت کو تیار کرنے پر محکمہ کی ستائش کی۔

چنڈی گڑھ ایک مثالی شہر کے طور پر

چنڈی گڑھ کی منفرد خصوصیات اور شہری شعور کو اجاگر کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ شہر میں شروع کیا گیا یہ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں پورے ملک میں بتدریج توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداران پر زور دیا کہ مقامی مسائل کو حل کرتے ہوئے اس نظام کی توسیع یقینی بنائیں تاکہ اس کے فوائد ہر خاندان تک پہنچ سکیں۔ چنڈی گڑھ کی ستائش کرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ یہ شہر نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور شہری ذمہ داری کے مضبوط احساس کی عکاسی کرتا ہے۔

جذباتی اپیل

مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرکزی  وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ شہریوں کو ملک کے لیے جینے کا عہد کرنا چاہیے اور اپنی شہری ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے شہریوں سے ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ شہیدوں کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ایمانداری سے کام کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ جناب چوہان نے شہریوں سے ماحولیات کے تحفظ کے لیے درخت لگانے سمیت دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بھی اپیل کی۔

حکومت کی موجودگی عوام کی زندگیوں میں نظر آنی چاہیے

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس عزم کو دہرایا کہ ‘‘حکومت کی موجودگی محض فائلوں میں نہیں، بلکہ عوام کی زندگیوں میں نظر آنی چاہیے۔’’ انہوں نے کہا کہ چنڈی گڑھ میں شروع کیا گیا پروگرام اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ٹیکنالوجی اور حکومتی پالیسیوں کے ذریعے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی میں ٹھوس بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جناب چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اس سے بھی بڑے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔ ان میں ‘‘لکھ پتی دیدی’’ کا ہدف بھی شامل ہے، جس کے تحت حکومت نے 2029 تک 6 کروڑ دیہی خواتین کو مالی طور پر خوشحال بنانے کا عزم کیا ہے۔

***

ش ح۔ش ت۔ر ب

U-2099


(रिलीज़ आईडी: 2299471) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Punjabi , Gujarati