سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
این ایچ اے آئی کے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026-27 اور ٹرم انٹرن شپ پروگرام 2027 کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
قومی شاہراہوں کے 125 زیر تعمیر منصوبوں میں 1080 سے زائد انٹرن شپ کے مواقع
اہل طلبہ 20 اکتوبر 2026 تک این ایچ اے آئی کے انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں
प्रविष्टि तिथि:
14 AUG 2026 4:11PM by PIB Delhi
مستقبل کے پیشے ور ماہرین کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے 'ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026-27' اور 'ٹرم انٹرن شپ پروگرام 2027' کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ بالترتیب دسمبر 2026 تا جنوری 2027 اور جنوری تا جون 2027 کے درمیان منعقد ہونے والے ان پروگراموں کا مقصد طلبہ کو این ایچ اے آئی کے تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں زیر تعمیر منصوبوں اور تفویض کردہ کاموں کے ذریعے ہندوستان کے سب سے بڑے قومی شاہراہوں کے ترقیاتی نظام کا عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
'ونٹر انٹرن شپ پروگرام' ایک ماہ کی مدت کے لیے دسمبر 2026 سے جنوری 2027 تک منعقد کیا جائے گا، جبکہ چھ ماہ کا 'ٹرم انٹرن شپ پروگرام' جنوری سے جون 2027 تک جاری رہے گا۔ مختلف تعلیمی اداروں کے تعلیمی کیلنڈر میں فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے، طلبہ کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کراتے وقت مقررہ مدت کے اندر اپنی سہولت کی مدت کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 541 اور ٹرم انٹرن شپ پروگرام کے تحت 542 نشستوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ انٹرن طلبہ کو 125 زیر تعمیر قومی شاہراہوں کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ این ایچ اے آئی اور انڈین ہائی ویز مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مختلف شعبوں میں تعینات کیا جائے گا۔ منتخب انٹرن طلبہ این ایچ اے آئی کے حکام کی نگرانی میں کام کریں گے اور انہیں قومی شاہراہ کے شعبے سے متعلق منصوبہ بندی، تعمیرات، آپریشن، دیکھ بھال، اثاثہ جات کا نظم ، سڑک پر حفاظت، قانونی امور، مالیات، میڈیا اور دیگر متعلقہ شعبوں میں عملی تجربہ حاصل ہوگا۔
اہلیت کے معیار کے مطابق، اہل امیدواروں میں ہندوستان یا بیرونِ ملک کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں اور اداروں سے کل وقتی انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کرنے والے آخری سال اور سیکنڈ لاسٹ ایئر کے طلبہ شامل ہیں، جو سول انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، انسٹرومنٹیشن انجینئرنگ، ڈیٹا سائنس / مصنوعی ذہانت اور متعلقہ شعبے، بی اے ایل ایل بی / قانون، ماس کمیونیکیشن / صحافت، راج بھاشا، ایم اے (انسانی وسائل / صنعتی تعلقات اور عملے کا نظم و نسق) اور ایم بی اے (انسانی وسائل / مالیات / مارکیٹنگ یا مساوی) جیسے مضامین کی تعلیم حاصل کر رہے ہوں۔
این آئی آر ایف کی درجہ بندی اور دیگر تسلیم شدہ تعلیمی معیارات کی بنیاد پر اہل اداروں کی نشان دہی کی گئی ہے۔ اعلیٰ تکنیکی اداروں، آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی خاطر آئی آئی ٹی کے طلبہ کے لیے 100 نشستیں اور این آئی ٹی کے طلبہ کے لیے 150 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ این ایچ اے آئی کی انٹرن شپ پالیسی کے ضوابط کے مطابق منتخب انٹرن طلبہ کو 20000 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا، اور انٹرن شپ کی کامیابی کے ساتھ تکمیل پر ایک سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔
درخواست دینے کا طریقہ کار این ایچ اے آئی کے مخصوص پورٹل کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ یہ پورٹل آن لائن درخواست جمع کرانے، اداروں کے ذریعے تصدیق، این ایچ اے آئی کی جانب سے انتخاب اور انٹرن شپ کے تمام مراحل کی نگرانی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ طلبہ کو اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرانی ہوں گی جن میں تعلیمی تفصیلات، انٹرن شپ کی پسندیدہ مدت اور جہاں قابلِ اطلاق ہو وہاں منصوبوں کے مقامات کی ترجیحات کا ذکر کرنا ہوگا۔ تعلیمی ادارے پورٹل کے ذریعے اہل درخواستوں کی تصدیق اور سفارش کریں گے اور صرف اداروں کی طرف سے منظور شدہ درخواستوں پر ہی این ایچ اے آئی کی جانب سے انتخاب کے لیے غور کیا جائے گا۔ منصوبوں کے لیے انٹرن طلبہ کا حتمی انتخاب این ایچ اے آئی کی جانب سے قابلیت، ترجیحات اور دستیابی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ:
خواہش مند طلبہ 20 اکتوبر 2026 تک این ایچ اے آئی کے انٹرن شپ پورٹل کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے مطابق، اداروں کی جانب سے سفارشات کا کام 10 نومبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ اہلیت کا تفصیلی معیار، درخواست دینے کی رہنمائی اور منصوبوں سے متعلق معلومات این ایچ اے آئی کے انٹرن شپ پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔
صنعت اور تعلیمی اداروں کے باہمی تعاون کا فروغ:
سابقہ انٹرن شپ پروگراموں کو طلبہ اور تعلیمی اداروں کی طرف سے زبردست ردعمل حاصل ہوا تھا۔ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، این ایچ اے آئی نے یونیورسٹیوں اور اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اہل طلبہ کے درمیان انٹرن شپ پروگراموں سے متعلق معلومات کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں، بروقت درخواستیں جمع کرانے میں سہولت فراہم کریں اور اس عمل میں تعاون اور رابطے کے لیے فیکلٹی کوآرڈینیٹرز کو نامزد کریں۔
اسی بنیاد پر، این ایچ اے آئی ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026-27 اور ٹرم انٹرن شپ پروگرام 2027 ہندوستان کے تیزی سے پھیلتے ہوئے قومی شاہراہوں کے شعبے میں طلبہ کو قیمتی عملی تجربہ فراہم کر کے مہارت کی ترقی اور صلاحیت سازی کو مزید تقویت بخشیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م ش ع۔ ن م۔
U- 2100
(रिलीज़ आईडी: 2299452)
आगंतुक पटल : 11