صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
دو روزہ آئی سی ایم آر-شائن 2026 اختتام پذیر، ہزاروں نوجوان ذہنوں میں سائنسی تجسس کو فروغ دیا
دور دراز علاقوں سے لے کر دیہی علاقوں تک، آئی سی ایم آر-شائن نے 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 83 مقامات پر حیاتی طبی تحقیق کو نوجوان ذہنوں کے قریب پہنچایا، جس سے سووستھ اور وکست بھارت کی تعمیر میں تعاون ملا
ناگپور اور گورکھپور میں طلبہ نے موبائل بی ایس ایل-3 لیبارٹریوں کا براہ راست مشاہدہ کیا، جبکہ ملک بھر میں براہ راست سائنسی نمائشوں اور عملی سرگرمیوں میں حصہ لیا
دہلی کی اٹل ٹنکرنگ لیبز میں نوجوان اختراع کاروں نے صحت عامہ کے مسائل کے حل پیش کیے
آئی سی ایم آر نے شائن ویب سائٹ شروع کی اور حقیقی زندگی میں صحت عامہ کے چیلنجز پر ملک گیر اسکولی مقابلے کا اعلان کیا، جس کے لیے درخواستیں 11 ستمبر 2026 تک بھیجی جاسکتی ہیں
اسکولوں اور اساتذہ نے تحقیق سے روشناس کرانے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کے ساتھ مزید باقاعدگی سے ایسی سرگرمیاں منعقد کرنے پر زور دیا
प्रविष्टि तिथि:
13 AUG 2026 5:21PM by PIB Delhi
صحت کی تحقیق کے محکمہ کے تحت طبی تحقیق کے ہندوستانی کونسل (آئی سی ایم آر) نے 11 اور 12 اگست 2026 کو آئی سی ایم آر-شائن (سائنس اینڈ ہیلتھ انوویشن فار دی نیکسٹ جن ایکسپلوررز) کے دوسرے ایڈیشن کا کامیابی سے اختتام کیا۔ اس پروگرام کے ذریعے ملک بھر کے اسکولی طلبہ کو حیاتی طبی اور صحت عامہ کی تحقیق کی دنیا سے قریب سے روشناس کرایا گیا۔ وزیر اعظم کی ’’ایک دن سائنس داں کے طور پر گزارنے‘‘ کی اپیل کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک گیر رسائی پروگرام کے تحت نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے آئی سی ایم آر کی لیبارٹریوں کے دروازے کھولے گئے، جہاں انہیں صحت عامہ سے متعلق سائنس کو دیکھنے، اس کا تجربہ کرنے اور براہ راست ماہرین سے بات چیت کرنے کا موقع ملا۔
یہ پہل 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 83 منفرد مقامات تک پھیلی ہوئی تھی، جو بڑے شہری مراکز سے کہیں آگے جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اروناچل پردیش، آسام، انڈمان کے دور دراز علاقوں اور جھارکھنڈ، اوڈیشہ اور مدھیہ پردیش کے دیہی خطوں تک پہنچی۔ ایسے ہزاروں طلبہ کے لیے، جنہیں اس سے پہلے تحقیقی ماحول کا تجربہ نہیں ہوا تھا، آئی سی ایم آر-شائن نے حیاتی طبی تحقیق کی دنیا میں داخل ہونے کے لیے ایک خوش آئند موقع فراہم کیا۔ ڈاکٹر کیوریو کی رہنمائی میں، جو بات چیت پر مبنی ویڈیوز، پوسٹرز اور کٹ آؤٹس میں نظر آنے والا دوستانہ سرکاری ماسکٹ ہے، ماحول کو اس طرح ترتیب دیا گیا تھا کہ پیچیدہ سائنس بھی دلچسپ، آسان اور تفریح بخش محسوس ہو۔
ناگپور اور گورکھپور میں طلبہ نے پہیوں پر موجود جدید موبائل بی ایس ایل-3 لیبارٹریوں کو قریب سے دیکھا اور براہ راست یہ مشاہدہ کیا کہ کس طرح انتہائی محفوظ تحقیقی سہولیات کو فیلڈ کے حالات میں بھی لے جایا جاسکتا ہے۔ دیگر مراکز میں نوجوان طلبہ نے دلچسپ پوسٹر واک، براہ راست سائنسی مظاہروں اور باڈی ماس انڈیکس کا حساب لگانے اور لیبارٹری میں صفائی ستھرائی سے متعلق عملی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس دوران انہیں یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ روزمرہ صحت سے متعلق فیصلوں کا قومی صحت عامہ کی مجموعی صورتحال سے کس طرح تعلق ہے۔ دہلی میں نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتیں بھرپور انداز میں سامنے آئیں، جہاں طلبہ نے نیتی آیوگ کے تحت اٹل ٹنکرنگ لیبز کے ذریعے تیار کیے گئے تخلیقی حل پیش کیے۔ اس سے ثابت ہوا کہ بہترین سائنسی خیالات کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوتی۔
اس پہل کے ایک حصے کے طور پر آئی سی ایم آر نے سرکاری شائن ویب سائٹ شائن ویب سائٹ شروع کی، جہاں طلبہ کو صحت سے متعلق تحقیق کے وسائل، پروگرام سے متعلق تازہ معلومات اور مختلف مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔ آئی سی ایم آر نے ملک گیر شائن اسکول مقابلے کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں طلبہ کو حقیقی زندگی میں صحت عامہ کے مسائل کی نشاندہی کرنے، تحقیقی سوالات مرتب کرنے اور ممکنہ حل پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ مقابلہ ’’ایک دن سائنس داں کے طور پر گزارنے‘‘ کے تصور کو مزید آگے بڑھائے گا اور طلبہ کو اپنے اردگرد موجود صحت کے مسائل کو سائنسی تحقیق اور اختراع کے نقطہ نظر سے دیکھنے کی ترغیب دے گا۔ درخواستیں 11 ستمبر 2026 تک کھلی ہیں اور شائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
اس پہل کو ملک بھر کے شریک اسکولوں کی جانب سے حوصلہ افزا ردعمل ملا۔ اساتذہ نے کلاس روم سے باہر طلبہ کو سائنسی تحقیق اور لیبارٹری کے کام سے قیمتی طور پر روشناس کرانے پر پروگرام کا خیرمقدم کیا اور اسے مزید باقاعدگی سے منعقد کرنے کی تجویز دی۔ اسکول مقابلے کو بھی بھرپور جوش و خروش حاصل ہوا۔ ایک شریک اسکول نے اعلان کیا کہ اس کے تمام طلبہ مقابلے میں حصہ لیں گے اور ان کی پیش کردہ تحقیقی کاوشوں کو اسکول کے امتحانات میں داخلی پروجیکٹ کی تشخیص میں شمار کیا جائے گا۔
آئی سی ایم آر-شائن کے ذریعے ہزاروں طلبہ محض سائنس کے بارے میں سیکھنے سے آگے بڑھ کر اسے دیکھنے، اس کا تجربہ کرنے اور اس کے بارے میں سوالات کرنے کی جانب گامزن ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں تحقیق کے تجربات کو روایتی مراکز سے نکال کر اسکولوں اور فیلڈ مقامات تک پہنچا کر یہ پروگرام نوجوان ذہنوں کو، ان کے رہنے کی جگہ سے قطع نظر، براہ راست سائنس سے روشناس ہونے کے مواقع فراہم کررہا ہے۔ آئی سی ایم آر نوجوان طلبہ میں سائنسی نقطۂ نظر پروان چڑھانے، انہیں سائنس کی جستجو اور اختراع اختیار کرنے نیز سووستھ اور وکست بھارت کی تعمیر میں اپنا روال ادا کرنے کی ترغیب دے رہا ہے۔


ش ح۔ م ع۔ ج
uno-2039
(रिलीज़ आईडी: 2299080)
आगंतुक पटल : 9