وزارت دفاع
بحریہ کے سربراہ دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ماریشس کے سرکاری دورے پر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 AUG 2026 9:28AM by PIB Delhi
بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن 10 سے 13 اگست - 2026 تک ماریشس کےچار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دورہ ماریشس کے ساتھ دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے ہندوستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ ماریشس بحرہند کے خطے میں ہندوستان کا ایک نہایت اہم اور قابل قدر شراکت دار ہے۔
دورے کے دوران بحریہ کے سربراہ ماریشس کی حکومت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص بحری سلامتی، دفاعی تعاون، استعداد کار میں اضافے اور فوجی تعاون پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
ان ملاقاتوں کا مقصد بحری شعبہ میں ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنا، عملی سطح پر باہمی روابط کو فروغ دینا اور ہندوستان اور ماریشس کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرناہے۔
ہندوستان اور ماریشس کے درمیان قریبی اور دیرینہ بحری شراکت داری قائم ہے۔ ہندوستانی بحریہ ماریشس کے قومی ساحلی محافظ دستے کے ساتھ تربیتی تبادلوں، مشترکہ خصوصی اقتصادی زون (ای ای زیڈ) کی نگرانی سمیت عملی سرگرمیوں، بندرگاہی دوروں اور ہائیڈروگرافک سروے کے ذریعے باقاعدگی سے تعاون کرتی ہے۔ دونوں ممالک کثیر ملکی فورمز اور باہمی تعاون پر مبنی مختلف اقدامات میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ ماریشس ہندوستانی بحریہ کے کلیدی اقدامات میں باقاعدگی سے شرکت کرتا رہا ہے، جن میں بحرِ ہند بحری سمپوزیم، میلان، بین الاقوامی بیڑہ جائزہ، گوا میری ٹائم کانکلیو، آئی او ایس ساگر اور مشق اے آئی کے ای وائی ایم ای-‘آئیکیئم’ شامل ہیں۔ یہ شرکت مشترکہ ویژن (ایم اے ایچ اے ایس اے جی اے آر)-مہاساگر (خطوں میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور ہمہ جہت پیش رفت) کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
بحریہ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کا ماریشس کا یہ دورہ اس امر کا مظہر ہے کہ ہندوستان ماریشس کے ساتھ اپنی دوستی کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ یہ دوستی باہمی احترام، اعتماد اور بحرہند کے خطے میں بحری سلامتی، علاقائی تعاون اور استحکام کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔

*****
ش ح -ظ ا- ش ب ن
UR NO. 1694
(ریلیز آئی ڈی: 2296941)
وزیٹر کاؤنٹر : 57