کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھونیشوری او سی پی : جہاں اختراع سے پیداوار کو  تقویت ملتی ہے اور پائیداری ترقی کی بنیاد بنتی ہے

प्रविष्टि तिथि: 06 AUG 2026 2:34PM by PIB Delhi

 ہندوستان کے عالمی اقتصادی طاقت کا مرکز بننے کے سفر میں مہاندی کول فیلڈ لمیٹڈ (ایم سی ایل) کا بھونیشوری اوپن کاسٹ پروجیکٹ (او سی پی) پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے حسین امتزاج کی ایک نمایاں مثال ہے۔ اڈیشہ کے کوئلے سے مالا مال تالچر کول فیلڈ میں واقع یہ منصوبہ وقت کے ساتھ کول انڈیا لمیٹڈ کی جدید ترین اور سب سے زیادہ پیداواری اوپن کاسٹ کانوں میں شمار ہونے لگا ہے۔سالانہ 30 ملین ٹن پیداوار کی صلاحیت رکھنے والی یہ  کوئلے کی کان آج ملک کے بڑے تھرمل بجلی گھروں کو کوئلہ فراہم کرتی ہے، جن سے کروڑوں گھروں کو روشنی اور مختلف صنعتوں کو توانائی حاصل ہوتی ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر، بھونیشوری نے یہ ثابت کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر کوئلے کی پیداوار کو ماحول کے تحفظ، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی برادریوں کے تعاون کے ساتھ ہم آہنگی  سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

مؤثر  نظم بہترین کارکردگی کا مظہر

بھونیشوری پروجیکٹ کی شاندار کارکردگی منظم منصوبہ بندی اور مؤثر عمل درآمد کی عکاس ہے۔ مالی سال 2025-26 میں اس  کان نے سالانہ  ایکشن پلان کے 2.5 کروڑ ٹن کے ہدف کے مقابلے میں 2.6477 کروڑ ٹن کوئلہ پیدا کیا، جو مقررہ ہدف کا 105.98 فیصد ہے۔ اس منصوبے کے آغاز سے اب تک یہاں سے مجموعی طور پر 37.04 کروڑ ٹن کوئلہ نکالا جا چکا ہے، جو  ہندوستان کے توانائی کے شعبے میں اس کے مسلسل اور اہم کردار کو ظاہر کرتا ہے۔

مالی سال 2026-27 میں پیداوار کا ہدف بڑھا کر 2.8 کروڑ ٹن کر دیا گیا ہے۔ جس میں سے پہلے سہ ماہی کے دوران ہی 76.2 لاکھ ٹن کوئلہ پیدا کیا جا چکا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ منصوبہ نئے ہدف کے حصول کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ٹیکنالوجی بطورمسابقتی برتری کا  وسیلہ

بھونیشوری میں جدید ٹیکنالوجی صرف پیداوار کا ذریعہ نہیں بلکہ مسابقتی برتری حاصل کرنے کا ایک مؤثر وسیلہ ہے، جو پیداوار بڑھانے کے ساتھ ماحول پر پڑنے والے اثرات کو بھی کم کرتی ہے۔

یہ منصوبہ کوئلے نکالنے کے لیے سو فیصد دھماکہ سے پاک سرفیس مائنر ٹیکنالوجی استعمال کرنے والی نمایاں کان ہے، جس سے کوئلے کی  پرتوں میں ڈرلنگ اور دھماکوں کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔اس جدید طریقۂ کان کنی سےکوئلے کی دریافت میں اضافہ ہوا ہے،یکساں معیار اور سائز کا کوئلہ حاصل ہو اہے،گرد و غبار میں نمایاں کمی آئی ہے اوراطراف کے علاقوں مین شور اور زمین میں ارتعاش کم ہو گیا ہے۔صرف اوپری مٹی اور چٹانی تہوں کو ہٹانے کے لیے محدود پیمانے پر دھماکے کیے جاتے ہیں، جن میں جدید الیکٹرانک ڈیلے ڈیٹونیٹر استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ ماحول پر اثرات انتہائی کم رہیں۔

 اس کان نے کوئلے کی ترسیل کے نظام کو بھی جدید بنایا ہے جس میں ملک کے جدید ترین کوئلہ انخلائی نظام کو اپنایاگیا ہے۔25 ملین ٹن سالانہ صلاحیت کے فرسٹ مائل کنیکٹیویٹی (ایف ایم سی) سائلوز سے منسلکہ ڈھکے ہوئے کنویئر نیٹ ورک کے ذریعے 85 فیصد سے زیادہ کوئلہ ماحول دوست ریل  ٹرانسپورٹ سے روانہ کیا جاتا ہے۔بھونیشوری میں کول انڈیا لمیٹڈ کا پہلا خودکار ٹرک لوڈنگ نظام (اے ٹی ایل ایس) بھی قائم کیا گیا ہے، جس نے ٹرکوں میں کوئلہ بھرنے کے عمل کو زیادہ تیز، شفاف اور درست بنا دیا ہے، جبکہ دستی  کام  کاج میں نمایاں کمی آئی ہے۔

مقامی برادری  کی شراکت  سے ترقی

کسی بھی بڑے کان کنی منصوبے کی کامیابی  کی پیمائش صرف پیداوار سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی  کی ہے کہ وہ اپنے آس پاس کی آبادی کے ساتھ کس قدر مضبوط تعلق قائم کرتا ہے۔ بھونیشوری  پروجیکٹ نے ثابت کیا ہے کہ مقامی برادریوں کے ساتھ مؤثر شراکت داری پیداوار میں اضافے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔

متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کے علاوہ، منصوبے کے تحت سڑکوں، کمیونٹی مراکز، تعلیمی سہولیات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے متعدد ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔اسی طرح شجرکاری  کی مہمات، پھل دار  درختوں اورپودوں کی تقسیم، ماحولیاتی آگاہی کے پروگرام اور دیگر فلاحی اقدامات نے منصوبے اور مقامی آبادی کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط کیا ہے۔ یہ اقدامات اس اصول کی عملی مثال ہیں کہ پائیدار کان کنی صرف وسائل کے حصول تک محدود نہیں بلکہ مقامی  برادری کے لیے مشترکہ ترقی اور خوشحالی بھی یقینی بناتی ہے۔

پیداواری صلاحیت اور ذمہ داری  کے مابین  ہم آہنگی کا توازن

بھونیشوری اوپن کاسٹ کان نے ماحول  کے موافق کان کنی کی ایک مثالی مثال قائم کی ہے۔ منصوبے کے تحت ماحول کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں ہوا کے معیار کی مسلسل نگرانی، گرد و غبار پر قابو پانے کے جدید انتظامات، گاڑیوں کے پہیے صاف کرنے کی سہولت اور پانچ ہیکٹر پر محیط سار کے پودوں کی مخصوص نرسری کی مدد سے وسیع پیمانے پر شجرکاری کے پروگرام شامل ہیں۔ان اقدامات کے اعتراف میں منصوبے کو متعدد باوقار ماحولیاتی اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں فائیو اسٹار ریٹنگ اور کلنگا ماحولیاتی امتیاز ایوارڈ شامل ہیں، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے اس کے مضبوط عزم کا ثبوت ہیں۔

منصوبے کی عملی بہترین کارکردگی صرف ماحول تک محدود نہیں بلکہ حفاظت اور مالی استحکام کے میدان میں بھی نمایاں ہے۔ گزشتہ مسلسل پانچ برسوں کے دوران کسی بھی جان لیوا حادثے کے بغیر کام کرنے کا شاندار ریکارڈ قائم رکھتے ہوئے بھونیشوری  پروجیکٹ نے سالانہ کان کنی حفاظتی پندرہ روزہ مہم میں اعلیٰ اعزازات حاصل کیے، جو کارکنوں کی سلامتی کے لیے اس کے  پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔مالی لحاظ سے بھی یہ منصوبہ مہاندی کول فیلڈ لمیٹڈ کے سب سے کامیاب منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران اس نے 1,792.60 کروڑ روپے قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مؤثر نظم اور مالی پائیداری ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ رہ سکتے ہیں۔

مستقبل کے لیے قابلِ تقلیدنمونہ

بھونیشوری اوپن کاسٹ پروجیکٹ محض ایک بڑی کان نہیں بلکہ جدید کان کنی کے ایسے کامیاب ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے جس میں پیداوار، جدید ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ترقی کو ایک ہی پائیدار نظام میں یکجا کیا گیا ہے۔اس کان سے حاصل ہونے والا ہر ایک ٹن کوئلہ سائنسی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے، ہر نئی ٹیکنالوجی عملی کارکردگی کو مزید مؤثر بناتی ہے، اور ہر سماجی فلاحی اقدام منصوبے کی عوامی ذمہ داری کو مزید مضبوط کرتا ہے۔

ہندوستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی  طلب کے پیشِ نظر بھونیشوری اوپن کاسٹ کان کول انڈیا لمیٹڈ کی ترقی کی داستان میں آئندہ بھی نمایاں کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اعلیٰ پیداوار، جدید ٹیکنالوجی، ماحول  کے سازگار طریقۂ کار اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی ترقی کے امتزاج کے ذریعے یہ منصوبہ پائیدار کان کنی کے مستقبل کے لیے نئے معیار قائم کر رہا ہے اور ملک کی توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانے میں دیرپا کردار ادا کر رہا ہے۔

***

(ش ح ۔م ش ع۔ م ذ)

UN.1484


(रिलीज़ आईडी: 2295515) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil , Telugu