سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

روایت اور جدت کا حسین امتزاج: وی سی ایف-ایس سی نے پہلی نسل سے تعلق رکھنے والی درج فہرست ذات کی خاتون کاروباری کو کامیاب ٹیکسٹائل صنعت قائم کرنے میں کیسے مدد دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 JUL 2026 4:33PM by PIB Delhi

کولکاتا | وزارتِ سماجی انصاف و تفویض اختیارات

محترمہ منمن بسواس، ڈائریکٹر

عزم، جدت طرازی اور بروقت ادارہ جاتی تعاون نے بے شمار خواہشمند کاروباری افراد کو اپنے خوابوں کو کامیاب کاروبار میں بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ ایسی ہی ایک متاثر کن مثال کوایول کرافٹس پرائیویٹ لمیٹڈ ہے، جو کولکاتا میں قائم ایک ٹیکسٹائل کمپنی ہے۔ اس کی بنیاد محترمہ منمن بسواس نے رکھی، جو درج فہرست ذات (ایس سی) سے تعلق رکھنے والی پہلی نسل کی خاتون کاروباری ہیں۔ ان کا سفر وزارتِ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے تحت درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپیٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) کے مثبت اور دور رس اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔

 

آئی آئی ایف ٹی کولکاتا سے ایم بی اے اور نفٹ کولکاتا سے ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں گریجویشن کرنے والی محترمہ بسواس نے مغربی بنگال کے کھڑدہ میں جدید ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ اور ڈیزائنر کپڑوں کی تیاری کا ایک جدید یونٹ قائم کیا۔ ان کی کمپنی اپنے تیار کردہ منفرد ڈیجیٹل پرنٹ شدہ کپڑوں کو "انڈی لوم" برانڈ کے تحت تھوک اور خوردہ بازار، ای۔کامرس پلیٹ فارمز اور برآمدی منڈیوں میں فروخت کرتی ہے۔

کمپنی کی ترقی کے وسیع امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپیٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) نے 2017 اور 2024 میں 4.93 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کی، جس میں ایکوئٹی سرمایہ کاری اور اختیاری طور پر قابلِ تبدیل ڈیبینچرز کی صورت میں وینچر کیپیٹل امداد شامل تھی۔

 

اس مالی معاونت کی بدولت کمپنی جدید مشینری سے آراستہ مکمل خودکار ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ یونٹ قائم کرنے، اپنے ورکنگ کیپیٹل کو مستحکم بنانے، آپریشنل کارکردگی میں بہتری لانے اور ڈیزائنرز و تکنیکی ماہرین کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اس تعاون نے کمپنی کو تھوک اور خوردہ فروخت کے ساتھ ساتھ ای۔کامرس کے ذریعے بھی اپنی مارکیٹ کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس معاونت کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں۔ آج یہ ادارہ 80 افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے، جن میں 60 درج فہرست ذات (ایس سی) سے تعلق رکھنے والے اور 20 غیر ایس سی ملازمین شامل ہیں۔ کمپنی نے 7.92 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے قائم کیے ہیں، 3.73 کروڑ روپے کی سالانہ آمدنی حاصل کی ہے، جبکہ اس کی مجموعی مالیت (نیٹ ورتھ) بڑھ کر 2.82 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ڈیزائن ہاؤسز، برآمد کنندگان، سرکاری اداروں، تھوک و خوردہ تاجروں اور ای۔کامرس صارفین کے ساتھ مضبوط کاروباری روابط بھی قائم کیے ہیں۔

اپنے سفر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محترمہ منمن بسواس نے کہا:

"وزارتِ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے تحت درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپیٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) سے رعایتی مالی معاونت ملنے کے باعث ہم ایک چھوٹے سے ٹیکسٹائل کاروبار کو ایک پیشہ ورانہ انداز میں چلنے والے مینوفیکچرنگ ادارے میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اپنے برانڈ 'انڈی لوم' کے ذریعے ہم ہندوستان کے بھرپور ٹیکسٹائل ورثے کو جدید جدت طرازی کے ساتھ ہم آہنگ کر رہے ہیں، پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور ہندوستان سمیت عالمی صارفین کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات فراہم کر رہے ہیں۔"

ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ اور ڈیزائنر فیبرک

کوایول کرافٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی کامیابی اس بات کی نمایاں مثال ہے کہ درج فہرست ذاتوں کے لیے وینچر کیپیٹل فنڈ (وی سی ایف-ایس سی) کے تحت فراہم کی جانے والی ہدفی مالی معاونت کس طرح درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو مسابقتی کاروبار قائم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا  تعاون دینے کے قابل بنا رہی ہے۔

 

کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دے کر اور جامع و شمولیتی کاروباری ترقی کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزارتِ سماجی انصاف و تفویض اختیارات ملک بھر میں جدت طراز افراد کو بااختیار بنانے اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

********

ش ح۔ ش ت  ۔رض

U-1181


(ریلیز آئی ڈی: 2293637) وزیٹر کاؤنٹر : 27