سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

این ایچ اے آئی نے ٹول پلازوں پر عالمی معیار کی عوامی بیت الخلا سہولیات کی ترقی کے لیے نئی پہل شروع کی


نئے ہائبرڈ، کارکردگی پر مبنی نظام کے تحت بہتر صفائی، ڈیجیٹل نگرانی اور مسافروں کی سہولت پر مبنی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا

प्रविष्टि तिथि: 30 JUL 2026 5:41PM by PIB Delhi

قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت میں اضافہ اور ٹول پلازوں پر بیت الخلا کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے ملک گیر سطح پر عالمی معیار کی عوامی بیت الخلا سہولیات کی ترقی کے لیے ایک نئی پہل کا آغاز کیا ہے۔اس اقدام کے تحت کارکردگی پر مبنی جدید معاہداتی نظام کے ذریعے ٹول پلازوں پر موجود صفائی کے بلاکس کو جدید بنایا جائے گا، تاکہ صفائی، فعالیت اور طویل مدتی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس  پہل کے تحت این ایچ اے آئی موجودہ بیت الخلا بلاکس کی تزئین و آرائش کرے گی اور نئی سہولیات بھی تعمیر کرے گی۔ ان کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ معیاری ڈیزائن اپنائے جائیں گے، جن میں مضبوط تعمیراتی خصوصیات کے ساتھ پائیدار اور ماحول دوست تعمیراتی ڈھانچہ شامل ہوگا۔ ان جدید سہولیات کے ذریعے مسافروں کو صاف، محفوظ اور آسانی سے قابلِ رسائی عوامی خدمات فراہم کی جائیں گی، جبکہ قومی شاہراہوں کے پورے نیٹ ورک میں یکساں معیار برقرار رکھا جائے گا۔

سہولیات کے معیار کو مستقل برقرار رکھنے کے لیے این ایچ اے آئی نے ٹیکنالوجی پر مبنی دیکھ بھال کا نظام اختیار کیا ہے، جس کے تحت ان سہولیات کی نگرانی اور دیکھ بھال کی جائے گی۔ اس نظام میں انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) پر مبنی لائیو ٹیلی میٹری سسٹم شامل ہوگا، جو حقیقی وقت میں دیکھ بھال سے متعلق مختلف پہلوؤں کی نگرانی کرے گا، تاکہ بروقت مرمت اور مؤثر خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس فریم ورک میں کارکردگی سے منسلک ادائیگی کا مضبوط نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دیکھ بھال کرنے والی ایجنسیوں کی کارکردگی کا جائزہ خودکار سروس لیول معاہدوں (ایس ایل اے)، وقتاً فوقتاً آزادانہ آڈٹ اور این ایچ اے آئی کی ’راج مارگ یاترا‘ موبائل ایپ کے ذریعے موصول ہونے والے تصدیق شدہ مسافروں کے تاثرات کی بنیاد پر لیا جائے گا۔

مزید برآں، حقوقِ معذوراں (آر پی ڈبلیو ڈی) قانون 2016 کے مطابق تمام نئی سہولیات میں معذور افراد کے لیے بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنانے کی غرض سے جامع اور آسان رسائی کی خصوصیات شامل کی جائیں گی۔ ان مراکز میں صاف پانی کی فراہمی، جدید صفائی کا نظام اور اعلیٰ معیار کی حفظانِ صحت کی سہولیات کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ خواتین مسافروں کی سلامتی اور رازداری کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

 

جدید صفائی کی سہولیات، ڈیجیٹل نگرانی اور نتائج پر مبنی دیکھ بھال کے امتزاج کے ذریعے این ایچ اے آئی کا مقصد قومی شاہراہوں پر سفر کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنانا اور عوامی سہولیات کے شعبے میں نئے معیارات قائم کرنا ہے۔

*****

ش ح۔ا ک ۔ ف ر

U-965                       


(रिलीज़ आईडी: 2291928) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी