سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تمل ناڈو میں درج فہرست ذاتوں، او بی سی، بزرگ شہریوں اور  معذور افراد کی فلاح وبہبود اور  بااختیاربنانے  کے اقدامات میں توسیع


 سال2025-26 میں تقریباً 9.67 لاکھ درج فہرست ذات کے طلبہ کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپ، 25-2024 میں 8.75 لاکھ سے زائد او بی سی طلبہ پری میٹرک اسکالرشپ سے مستفید

प्रविष्टि तिथि: 29 JUL 2026 6:34PM by PIB Delhi

مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کی مختلف اہم اسکیموں کے ذریعے تمل ناڈو میں درج فہرست ذاتوں، دیگر پسماندہ طبقات، بزرگ شہریوں اور معذور  افراد کی تعلیمی، معاشی اور سماجی بااختیاری کو مسلسل فروغ دیا جا رہا ہے۔ یہ معلومات سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب رام داس اٹھاولے نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے فراہم کیں۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ درج فہرست ذاتوں کے لیے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت مستفیدین کی تعداد 2023-24 میں 6,43,761 سے بڑھ کر 2024-25 میں 9,34,793 اور 2025-26 میں 9,66,840 ہو گئی۔

اسی طرح درج فہرست ذاتوں اور دیگر طبقات کے لیے پری میٹرک اسکالرشپ کے تحت 2023-24 میں 3,35,642، 2024-25 میں 5,21,124 اور 2025-26 میں 5,82,684 طلبہ مستفید ہوئے۔

پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا کے تحت مستفیدین کی تعداد 2023-24 میں 507 سے بڑھ کر 2024-25 میں 894 ہو گئی، جبکہ 2025-26 کے دوران 666 افراد اس اسکیم سے مستفید ہوئے۔

سریشٹھ رہائشی تعلیمی اسکیم کے تحت 2023-24 میں 238، 2024-25 میں 312 اور 2025-26 میں 267 طلبہ مستفید ہوئے۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ وزارت دیگر پسماندہ طبقات، معاشی طور پر پسماندہ طبقات اور غیر نوٹیفائڈ ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی بھی مسلسل معاونت کر رہی ہے۔ پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے تحت 2023-24 میں 2.94 لاکھ، 2024-25 میں 8.75 لاکھ اور 2025-26 میں 2.76 لاکھ طلبہ مستفید ہوئے، جبکہ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم کے تحت بالترتیب 4.76 لاکھ، 4.59 لاکھ اور 3.67 لاکھ طلبہ کو فائدہ پہنچا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں ٹاپ کلاس ایجوکیشن اسکیم کے تحت مستفیدین کی تعداد 2023-24 میں 725 سے بڑھ کر 2025-26 میں 10,735 ہو گئی، جبکہ او بی سی طلبہ کے لیے قومی فیلوشپ اسکیم کے تحت 2023-24 میں 78، 2024-25 میں 92 اور 2025-26 میں 116 محققین کو معاونت فراہم کی گئی۔

 

وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ ریاست میں بزرگ شہریوں اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی فلاح کے لیے جاری مختلف اسکیموں سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ اٹل وایو ابھیودے یوجنا کے تحت بزرگ شہریوں کے لیے مربوط پروگرام سے 2023-24 میں 32,940، 2024-25 میں 33,715 اور 2025-26 میں 24,390 بزرگ شہری مستفید ہوئے۔

قومی پسماندہ طبقات مالیات و ترقیاتی کارپوریشن کی قرض فراہمی اسکیموں سے 2023-24 میں 20,618، 2024-25 میں 18,377 اور 2025-26 میں 21,437 افراد مستفید ہوئے۔ اسی طرح قومی درج فہرست ذات مالیات و ترقیاتی کارپوریشن کی آمدنی پیدا کرنے والی اسکیموں کے تحت 2023-24 میں 14,548، 2024-25 میں 5,314 اور 2025-26 میں 8,085 مستفیدین کو معاونت فراہم کی گئی۔

درج فہرست ذات کے طلبہ کے لیے قومی فیلوشپ اسکیم کے تحت بالترتیب 107، 102 اور 112 محققین مستفید ہوئے، جبکہ وشواس اسکیم کے تحت 2024-25 میں 5,092 اور 2025-26 میں 7,475 افراد کو فائدہ پہنچا۔

جواب میں مزید بتایا گیا کہ شہری حقوق کے تحفظ ایکٹ، 1955 اور درج فہرست ذات و درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ، 1989 کے نفاذ کے لیے مرکزی معاونت یافتہ اسکیم کے تحت 2023-24 اور 2024-25 میں 5,586 متاثرین کو امداد فراہم کی گئی، جبکہ 2025-26 کے دوران 6,042 متاثرین کو راحت دی گئی۔

بین ذات شادی کی حوصلہ افزائی کے لیے 2023-24 میں 2,392، 2024-25 میں 2,476 اور 2025-26 میں 2,202 جوڑوں کو مالی مراعات فراہم کی گئیں۔

دین دیال دیویانگ جن بازآبادکاری اسکیم کے تحت 2023-24 میں 1,052، 2024-25 میں 1,036 اور 2025-26 میں 878 افراد مستفید ہوئے، جبکہ خصوصی ضرورت رکھنے والے طلبہ کے لیے اسکالرشپ اسکیم کے تحت 2023-24 میں 4,046، 2024-25 میں 3,851 اور 2025-26 میں 4,043 طلبہ کو معاونت فراہم کی گئی۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ درج فہرست ذات کے لیے ترقیاتی ایکشن پلان کے تحت 38 وزارتیں درج فہرست ذاتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات پر عمل کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیتی آیوگ کے ترقیاتی نگرانی و جائزہ دفتر کی جانب سے کیے گئے جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وزارت کی ہدف پر مبنی مداخلتوں سے محروم طبقات کے لیے تعلیم تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کے تمام کمزور طبقات کے لیے تعلیمی مواقع، روزگار کے ذرائع، مالی شمولیت اور سماجی تحفظ کو مزید مضبوط بنا کر جامع اور مساوی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔

************

ش ح ۔   ف ا  ۔  م  ص

(U : 894 )


(रिलीज़ आईडी: 2291435) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी