وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے سنت گجانن مہاراج کے 150ویں یومِ ظہور کی مناسبت سے یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کی اپیل کی


جناب پرتاپ راؤ جادھو نے سنت گجانن مہاراج کی خدمات اور ورثے کو قومی سطح پر خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے وزرائے خزانہ، مواصلات اور ثقافت کو خط لکھا

प्रविष्टि तिथि: 25 JUL 2026 11:54AM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیرِ مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ عظیم سنت شری سنت گجانن مہاراج کے 150ویں پرکٹ دن کی یاد میں 150 روپے کا یادگاری سکہ اور ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے۔

جناب جادھو نے اس سلسلے میں مرکزی وزیرِ خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن، مرکزی وزیرِ مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا اور مرکزی وزیرِ ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں سے درخواست کی کہ اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔

اپنے خطوط میں جناب جادھو نے نشاندہی کی کہ شری سنت گجانن مہاراج، جن کا فروری 1878ء میں مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانا کے قصبہ شیگاؤں میں ظہور ہوا تھا، مہاراشٹر اور پورے ہندوستان کے روحانی اور ثقافتی ورثے میں نہایت بلند مقام رکھتے ہیں۔ ان کے ظہور کے بعد سے شیگاؤں ملک کے اہم ترین زیارتی مراکز میں شمار ہونے لگا ہے، جہاں ملک و بیرونِ ملک سے لاکھوں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔

جناب جادھو نے مزید کہا کہ سنت گجانن مہاراج کی حیاتِ مبارکہ اور ان کی تعلیمات آج بھی روحانیت، بھگتی، رحم دلی، بے لوث خدمتِ خلق اور انسانی فلاح کے اپنے آفاقی پیغام کے ذریعے نسل در نسل لوگوں کو متاثر اور رہنمائی فراہم کر رہی ہیں۔ ان کی سیرت اور تعلیمات مذہبی و روحانی تصنیف "شری گجانن وجے" میں محفوظ ہیں، جو ان کے عقیدت مندوں کے نزدیک نہایت مقدس اور باوقار مقام رکھتی ہے۔

وزیر موصوف نے تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، دیہی ترقی، سماجی بہبود اور انسانی خدمت کے شعبوں میں شیگاؤں کے شری گجانن مہاراج سنستان کے اہم تعاون پر روشنی ڈالی، جس سے شیگاؤں کی شناخت روحانی اور سماجی خدمت کے مرکز کے طور پر مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ پہل شری سنت گجانن مہاراج کو ایک مناسب قومی خراج عقیدت کے طور پر کام کرے گی اور ان کی زندگی اور تعلیمات سے متاثر لاکھوں عقیدت مندوں کے عقیدے اور جذبات کا احترام کرے گی۔

اپنے مراسلے میں وزیر موصوف نے آیوش کی وزارت کے زیراہتمام منعقد ہونے والے قومی آروگیہ میلے کے افتتاح کے لیے 25 فروری 2026 کو صدر جمہوریہ ہند کے شیگاؤں کے دورے کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کا دورہ روحانیت، ثقافت اور عوامی خدمت کے مرکز کے طور پر شیگاؤں کی اہمیت کو مزید واضح کرتا ہے۔

وزیر موصوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس تجویز پر سازگار غور کیا جائے گا اور شری سنت گجانن مہاراج کی پائیدار روحانی اور ثقافتی میراث کو مناسب قومی شناخت فراہم کی جائے گی۔

شری سنت گجانن مہاراج کا 150 واں پرکٹ دن 17 فروری 2028 کو منایا جائے گا، جو ملک بھر کے عقیدت مندوں کے لیے ایک اہم روحانی اور ثقافتی موقع ہے۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-574


(रिलीज़ आईडी: 2289350) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Tamil