صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریۂ ہند نے شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپئے کے سٹی میوزیم میں مہاتما گاندھی کے نصف مجسمے کی نقاب کشائی کی

​ایک ایسے وقت میں جب دنیا تنازعات، عدم رواداری اور انتشار کا سامنا کر رہی ہے، مکالمے، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی پر گاندھی جی کا پختہ یقین بے حد اہم اور افادیت کا حامل ہے: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

प्रविष्टि तिथि: 22 JUL 2026 6:32PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے شمالی مقدونیہ کی صدر گورڈانا سلجانووسکا-داووکووا کے ہمراہ آج (22 جولائی 2026) کو 'میوزیم آف دی سٹی آف اسکوپئے' میں مہاتما گاندھی کے نصف مجسمے کی نقاب کشائی کی۔

​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا تعلق ہندوستان سے تھا، لیکن ان کا پیغام پوری انسانیت کے لیے ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی زندگی نے یہ ثابت کیا کہ سچائی اور عدم تشدد کمزوری کی علامت نہیں، بلکہ انصاف، وقار اور آزادی کے حصول کے لیے طاقتور ہتھیار ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا تنازعات، عدم رواداری اور انتشار کا سامنا کر رہی ہے، مکالمے، ہمدردی اور پرامن بقائے باہمی پر گاندھی جی کا پختہ یقین بے حد اہم اور افادیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجسمہ لوگوں کو نفرت کو مسترد کرنے، اپنے اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور ہمت و ہمدردی کے ساتھ سماج کی خدمت کرنے کی ترغیب دے گا۔

​صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا یہ نصف مجسمہ ہندوستان اور شمالی مقدونیہ کے درمیان دوستی اور امن، رواداری اور انسانیت کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی ایک دیرپا علامت کے طور پر قائم رہے گا۔

اس موقع پر موجود معززین میں سٹی آف اسکوپئے کے میئر جناب اورچے گیورگیوسکی، ہمراہ وفد کی رکن، صارفین کے امور، خوراک و سرکاری نظام تقسیم کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ نِمو بین جینتی بھائی بمبھانیا اور ارکانِ پارلیمنٹ ڈاکٹر دنیش شرما اور جناب وجے بگھیل شامل تھے۔

اس سے قبل، صدر جمہوریہ نے شمالی مقدونیہ کی صدر گورڈانا سلجانووسکا-داووکووا کے ہمراہ اسکوپئے میں مدر ٹریسا کی یادگار کا دورہ کیا۔ مدر ٹریسا اسکوپئے میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ 1928 تک وہیں رہیں۔ بعد میں، ہندوستان منتقل ہونے سے پہلے وہ آئرلینڈ میں 'سسٹرز آف لوریٹو' میں شامل ہو گئیں۔ ان کی غیر معمولی انسانی خدمات اور بے لوث جذبے کے اعتراف میں 1980 میں انہیں ہندوستان کے سب سے اعلیٰ شہری اعزاز 'بھارت رتن' سے نوازا گیا تھا۔

کل (23 جولائی 2026) کو، صدر جمہوریہ اپنے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے کے لیے بوخارسٹ (رومانیہ) کے لیے روانہ ہوں گی۔

******

 

(ش ح۔ ک ح ۔ م ا)

U-409

 


(रिलीज़ आईडी: 2287975) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Telugu , Malayalam