وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آیوش پر مبنی طبی سیاحت کا فروغ

प्रविष्टि तिथि: 21 JUL 2026 3:58PM by PIB Delhi

حکومت نے ملک میں آیوش پر مبنی سیاحت(اے بی ٹی) کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اختیار کی ہے۔ وزارت سیاحت نے وزارت آیوش سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں سے مشاورت کے بعد طبی اور صحت افزا سیاحت(ایم اینڈ ڈبلیو ٹی) کے لیے قومی حکمت عملی اور روڈ میپ تیار کیا ہے۔ بھارت کو روایتی طب اور صحت افزا سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے آیوش پر مبنی میڈیکل ویلیو ٹریول(ایم وی ٹی)کے فروغ کی غرض سے حکومت نے درج ذیل اقدامات کیے ہیں:

  • آیوش پر مبنی علاج کے خواہش مند غیر ملکی مریضوں کی سہولت کے لیے حکومت نے 27 جولائی 2023 کو 'آیوش ویزا' متعارف کرایا۔ اب آیوش ویزا (ایم-3 اور آیوش اٹینڈنٹ ویزا- ایم4)،  میڈیکل ویزا کی الگ ذیلی اقسام ہیں، جن کے ذریعے غیر ملکی شہری اور ان کے معاونین بھارت میں آیوش طریقۂ علاج سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
  • دسمبر 2025 میں منعقدہ دوسرے عالمی روایتی طب سربراہی اجلاس (ایس جی ٹی ایم ایس )کے دوران 'آیوش کوالٹی مارک' کا اجراء عالمی منڈیوں کے معیار سے ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کا مقصد آیوش مصنوعات اور خدمات کی مخصوص اقسام کے لیے معیار، حفاظت اور مؤثریت کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیارات کو یقینی بنانا ہے۔
  • وزارت پہلے ہی آیوش کے مختلف شعبوں کے لیے معیاری علاجی رہنما اصول(ایس ٹی جیز) جاری اور نافذ کر چکی ہے، تاکہ شواہد پر مبنی طبی فیصلوں(ای بی سی ڈی ایم کی حوصلہ افزائی ہو اور علاج کے طریقوں میں یکسانیت پیدا کی جا سکے۔
  • وزارت آیوش، بین الاقوامی آیوش فیلوشپ/اسکالرشپ پروگرام کے تحت بھارت کے تسلیم شدہ آیوش تعلیمی اداروں میں آیوش کورسز کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے غیر ملکی طلبہ کو وظائف فراہم کرتی ہے۔
  • وزارت آیوش نے دسمبر 2019 میں سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعہ راشٹریہ آیوروید ودیاپیٹھ (آر اے وی) کے انتظامی ڈھانچے کے تحت 'آیوروید ٹریننگ ایکریڈیٹیشن بورڈ'(اے ٹی اے بی) قائم کیا۔ اس بورڈ کا مقصد بھارت اور بیرون ملک ایسے آیوروید تربیتی کورسز کو منظوری (ایکریڈیٹیشن بورڈ)دینا ہے، جو موجودہ قانونی اداروں کے دائرۂ کار میں شامل نہیں ہیں۔
  • وزارت آیوش نے وزارت سیاحت کے تحت انڈیا ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (آئی ٹی ڈی سی) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے ہیں، تاکہ آیوروید اور دیگر روایتی نظامِ طب کے ذریعے میڈیکل ویلیو ٹریول (ایم وی ٹی) کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جا سکے۔
  • میڈیکل ویلیو ٹریول کے فروغ اور تشہیر کے لیے وزارتِ آیوش نے دو آیوش پر مبنی میڈیکل ویلیو ٹریول سربراہی اجلاس کامیابی سے منعقد کیے۔ ان میں سے ایک مغربی زون کے لیے 30 ستمبر 2024 کو ممبئی میں اور دوسرا جنوبی زون کے لیے 26 مئی 2025 کو چنئی میں منعقد ہوا۔
  • وزارتِ آیوش 'آیوش کے لیے بین الاقوامی تعاون کے فروغ(پی آئی سی فار آیوش- آئی سی اسکیم) کے نام سے مرکزی شعبے کی ایک اسکیم پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت وزارت بھارتی آیوش دوا ساز کمپنیوں اور آیوش خدمات فراہم کرنے والوں کو مالی و ادارہ جاتی معاونت فراہم کرتی ہے تاکہ آیوش مصنوعات اور خدمات کی برآمدات میں اضافہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ آیوش نظام طب کی عالمی سطح پر تشہیر، ترقی اور بین الاقوامی شناخت، مختلف فریقوں کے درمیان تعاون اور عالمی منڈی کی ترقی، بیرون ملک آیوش اکیڈمک چیئرز کے قیام کے ذریعے تعلیم و تحقیق کا فروغ، اور آیوش نظام طب کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپس اور سمپوزیمز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اب تک 27ملک بہ ملک ( سی ٹو سی) مفاہمتی یادداشتوں، 16 آیوش چیئر مفاہمتی یادداشتوں اور 57 ادارہ بہ ادارہ(آئی ٹو آئی) مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔
  • 17 سے 19 دسمبر 2025 تک نئی دہلی میں بھارت اور عالمی ادارۂ صحت(ڈبلیو ایچ او) کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے دوسرے عالمی روایتی طب سربراہی اجلاس (ایس ڈبلیو ایچ اوجی ایس ٹی ایم کے دوران وزارتِ آیوش نے پالیسی سطح کے مباحثوں میں فعال کردار ادا کیا اور شریک ممالک کے ساتھ 16 دوطرفہ ملاقاتیں کیں، تاکہ روایتی طب، بالخصوص میڈیکل ویلیو ٹریول کے شعبے میں عالمی تعاون، ضابطہ جاتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

*****
 

UR-244

م ش ح-ظ الف-ج


(रिलीज़ आईडी: 2287196) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil , Telugu