بجلی کی وزارت
تھرمل بجلی گھروں کے لیے کوئلے کی دستیابی
प्रविष्टि तिथि:
20 JUL 2026 3:44PM by PIB Delhi
بجلی کی وزارت میں وزیر مملکت جناب شری پد نائک نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں کہا کہ ملک میں کوئلہ (لگنائٹ سمیت) پر مبنی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت تقریباً 230.8 گیگا واٹ ہے، جبکہ اپریل سے جون 2026 کے دوران ملک میں فراہم کی گئی مجموعی بجلی کا 69.54 فیصد حصہ انہی بجلی گھروں سے حاصل ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ شمسی توانائی کے بغیر زیادہ مانگ کے اوقات میں ان تھرمل بجلی گھروں سے زیادہ سے زیادہ 188.8 گیگا واٹ بجلی پیدا کی گئی، جو اس وقت کی مجموعی پیداوار 251.4 گیگا واٹ کا تقریباً 75 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 12 جولائی 2026 تک تھرمل بجلی گھروں میں 42.8 ملین ٹن کوئلے کا ذخیرہ موجود تھا، جو 85 فیصد پلانٹ لوڈ فیکٹر (پی ایل ایف) کی بنیاد پر تقریباً 14 دن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ اس کے علاوہ اس وقت تھرمل بجلی گھروں کو روزانہ کی ضرورت کے مطابق مناسب مقدار میں کوئلہ مسلسل فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ تھرمل بجلی یونٹوں کی طے شدہ دیکھ بھال مختلف مہینوں میں بجلی کی متوقع طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے سے منصوبہ بند کی جاتی ہے۔ زیادہ طلب والے مہینوں میں معمول کے مطابق ایسی دیکھ بھال کو کم سے کم رکھا جاتا ہے۔ اگر بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو تو مرکزی بجلی اتھارٹی (سی ای اے) متعلقہ پلانٹ کی تکنیکی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہر معاملے کی بنیاد پر دیکھ بھال مؤخر کرنے کی بھی اجازت دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے گرڈ میں قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو مؤثر انداز میں شامل کرنے کے لیے "مرکزی بجلی اتھارٹی (کوئلہ پر مبنی تھرمل بجلی پیدا کرنے والے یونٹوں کی لچکدار آپریشن) ضابطہ، 2023" کو 30 جنوری 2023 کو نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے تحت تمام کوئلہ پر مبنی تھرمل بجلی گھروں کے لیے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ مرکزی بجلی اتھارٹی کی مرحلہ وار منصوبہ بندی کے مطابق کم از کم 40 فیصد تکنیکی سطح پر آپریشن کی صلاحیت برقرار رکھیں۔
جناب شری پاد نائک نے کہا کہ زیادہ مانگ کے دوران تھرمل بجلی کی بلا تعطل پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران 9,470 میگا واٹ نئی تھرمل بجلی پیداوار کی صلاحیت شامل کی گئی، جبکہ موجودہ مالی سال میں مزید 2,260 میگا واٹ صلاحیت کمیشن کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھرمل بجلی گھروں کو کوئلے کی فراہمی کی روزانہ نگرانی بجلی، ریلوے اور کوئلہ کی وزارتوں کی مشترکہ کمیٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ بجلی گھروں تک کوئلے کی ترسیل اور کوئلہ لے جانے والی ریل گاڑیوں کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے بورڈ کے چیئرمین، کوئلہ سکریٹری اور بجلی سکریٹری پر مشتمل بین وزارتی کمیٹی (آئی ایم سی) کا باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیا جاتا ہے تاکہ تھرمل بجلی گھروں کو کوئلے کی فراہمی کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 2,669 میگا واٹ صلاحیت کے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز (بی ای ایس ایس) اور 7,426 میگا واٹ صلاحیت کے پمپڈ اسٹوریج پروجیکٹس (پی ایس پیز) کمیشن کیے جا چکے ہیں، جو شمسی توانائی نہ ہونے کے اوقات میں تھرمل بجلی گھروں کی معاونت کرتے ہیں۔ یہ توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام شمسی اوقات میں اضافی بجلی ذخیرہ کرتے ہیں اور بعد میں اسی بجلی کو بنیادی طور پر غیر شمسی اوقات میں استعمال کیا جاتا ہے۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :174 )
(रिलीज़ आईडी: 2286696)
आगंतुक पटल : 8