وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے قیمتی دھاتوں کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں؛ ملک گیر کارروائیوں میں 15 کلوگرام اسمگل شدہ سونا، 20 کلوگرام چاندی اور 2 کروڑ روپے نقد برآمد؛ 13 افراد گرفتار
प्रविष्टि तिथि:
18 JUL 2026 8:11PM by PIB Delhi
قیمتی دھاتوں کی منظم اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) نے ملک بھر میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں 15 کلوگرام غیر ملکی اصل کا اسمگل شدہ سونا، 20 کلوگرام چاندی (جن کی مجموعی مالیت تقریباً 22 کروڑ روپے ہے) اور 2.20 کروڑ روپے بھارتی کرنسی برآمد کی گئی۔ ان کارروائیوں کے سلسلے میں اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
17 جولائی 2026 کو نئی دہلی میں ڈی آر آئی کے افسران نے اسمگل شدہ قیمتی دھاتوں اور نقد رقم کی غیر قانونی تحویل سے متعلق ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔ کارروائی کے دوران تقریباً 5 کلوگرام غیر ملکی اصل کا سونا، 20 کلوگرام چاندی (جن کی مجموعی مالیت تقریباً 7.37 کروڑ روپے ہے) اور 2.20 کروڑ روپے بھارتی کرنسی برآمد کی گئی، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ اسمگل شدہ سامان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ہے۔ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اس سے قبل 15–16 جولائی 2026 کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہلی میں ڈی آر آئی کے افسران نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ، نئی دہلی پر باغ ڈوگرا سے آنے والے ایک بھارتی مسافر کو روک کر اس کے سامان کی دھاتی فریم راڈ کے اندر انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تقریباً ایک کلوگرام غیر ملکی اصل کا سونا برآمد کیا، جس کی مالیت تقریباً 1.35 کروڑ روپے ہے۔ مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی دوران 15–16 جولائی 2026 کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں ڈی آر آئی نے ممبئی ہوائی اڈے کے ذریعے سرگرم سونے کی اسمگلنگ کے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 24 قیراط سونے کی موم کی شکل میں تقریباً 5 کلوگرام سونے کی گرد برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً 7.50 کروڑ روپے ہے۔ یہ سونا تین غیر ملکی شہریوں کے ذریعے اسمگل کیا جا رہا تھا، جو ممبئی ہوائی اڈے سے ٹرانزٹ میں گزر رہے تھے۔ اسمگل شدہ سونے کی یہ گرد، جو موم کی شکل میں تھی، ان کے زیرِ جامہ (انڈرگارمنٹس) میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی اور ٹرانزٹ کے دوران ہوائی اڈے کے بعض بدعنوان اہلکاروں کے ایک نیٹ ورک کے ذریعے منتقل کی جا رہی تھی۔ ڈی آر آئی کے افسران نے اسمگل شدہ سونے کو خفیہ طور پر ہوائی اڈے سے باہر نکالنے میں سہولت فراہم کرنے والے تین ہوائی اڈہ اہلکاروں کو بھی گرفتار کر لیا۔ اس طرح مجموعی طور پر چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی نے ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کیا کہ ہوائی اڈوں کے بعض بدعنوان اندرونی اہلکار سونے کی اسمگلنگ میں سہولت کاری کے ذریعے ایک سنگین داخلی خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔

15 اور 16 جولائی 2026 کو مغربی بنگال میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران ڈی آر آئی کے افسران نے بیدھان نگر اور بردھمان میں دو گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی۔ ان گاڑیوں سے غیر ملکی اصل کے اسمگل شدہ سونے کے مجموعی طور پر 32 بسکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن تقریباً 4 کلوگرام تھا۔ یہ سونا گاڑیوں میں خصوصی طور پر تیار کیے گئے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ برآمد شدہ سونے کی مالیت تقریباً 6 کروڑ روپے ہے۔ اس معاملے میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام دی گئی یہ کارروائیاں ڈی آر آئی کے اس غیر متزلزل عزم کی توثیق کرتی ہیں کہ وہ سرحد پار سونے کی منظم اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملک کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 128
(रिलीज़ आईडी: 2286227)
आगंतुक पटल : 15