نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے ’’آر ایس ایس @100: خدمت، اتحاد اور قربانی کی ایک صدی‘‘ عنوان سے کتاب کی رسمِ اجرا انجام دی


گزشتہ ایک صدی کے دوران آر ایس ایس نے خدمت، اتحاد اور قومی شعور کے نظریات کو مضبوط بنایا ہے: نائب صدر

سنگھ مقدس دریائے گنگا کی مانند ہے، جو دوسروں کی بھلائی کے لیے مسلسل رواں رہتی ہے: نائب صدر

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سویم سیوک سے پردھان سیوک تک کے سفر میں ’’خدمت‘‘ اور ’’سب سے پہلے قوم‘‘ کے اصول کو طرزِ حکمرانی کا مرکز بنایا ہے: سی پی رادھا کرشنن

سنگھ نے بے لوث خدمت اور قوم کی تعمیر کے ذریعے نسل در نسل لوگوں کو متاثر اور ترغیب دی ہے: نائب صدر

प्रविष्टि तिथि: 17 JUL 2026 6:58PM by PIB Delhi

بھارت کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج اُپ راشٹرپتی بھون میں جناب شیام جاجو اور جناب انوپم ترویدی کی تصنیف کردہ کتاب ’’آر ایس ایس @100: خدمت، اتحاد اور قربانی کی ایک صدی‘‘کی رسمِ اجرا انجام دی۔

 

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کے نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی صد سالہ تکمیل کے موقع پر شائع ہونے والی اس کتاب کی رسمِ اجرا میں شرکت ان کے لیے ذاتی طور پر باعثِ اعزاز ہے، کیونکہ وہ ایک طویل عرصے سے اس تنظیم سے وابستہ رہے ہیں۔ انہوں نے سنگھ سے متعلق ایک تمل نظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نظم میں سنگھ کو مقدس دریائے گنگا سے تشبیہ دی گئی ہے، جو بے غرض ہو کر دوسروں کی بھلائی کے لیے بہتی رہتی ہے۔ ان کے مطابق یہ تشبیہ اس جذبۂ خدمت کی علامت ہے، جس نے گزشتہ ایک صدی کے دوران سنگھ کی رہنمائی کی ہے۔

کتاب کے مصنفین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ انہوں نے آر ایس ایس کی روح اور فکر کو مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق سنگھ کا سفر بھارت کی تہذیبی جڑوں، ثقافتی ورثے اور روایات کی تجدید، استحکام اور احیا کا سفر رہا ہے۔ کتاب کے عنوان ’’خدمت، اتحاد اور قربانی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہی وہ اقدار ہیں جنہوں نے رضاکاروں کی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ ان کے بقول خدمت معاشرے کے لیے بے لوث وابستگی کی علامت ہے، اتحاد بھارت کی لسانی اور ثقافتی گوناگونی سے بالاتر ہو کر باہمی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے، جبکہ قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ پائیدار ادارے اخلاص، استقامت اور بے غرض جدوجہد سے ہی وجود میں آتے ہیں۔

نائب صدر نے کہا کہ آر ایس ایس اپنی روزانہ کی شاخاؤں کے ذریعے کردار سازی اور قیادت کی صلاحیتوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔ انہوں نے کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شاخا ’’روح کی ایسی تربیت گاہ ہے جہاں نوجوانوں کی خام توانائی کو تراش کر قومی کردار میں ڈھالا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سویم سیوک کی اصل پہچان یہ ہے کہ وہ اپنے سپرد کی گئی ہر ذمہ داری کو پوری لگن، مہارت اور بہترین انداز میں انجام دے کر اس کی وقعت میں اضافہ کرے۔

جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے مزید کہا کہ آر ایس ایس نے ہمیشہ بھارت کے تہذیبی ورثے، متنوع روایات، زبانوں اور روحانی افکار پر فخر پیدا کرتے ہوئے ثقافتی تسلسل اور قومی شعور کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کی صد سالہ تقریبات لاکھوں رضاکاروں کی خدمات اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہیں۔ ان کے مطابق ادارے اسی وقت دیرپا ثابت ہوتے ہیں جب انہیں پختہ یقین، عزم اور عام لوگوں کی ایسی بے لوث خدمات میسر ہوں جو ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر بڑے قومی مقاصد کے لیے انجام دی جائیں۔

کتاب کے باب ’’ایک سویم سیوک بطور وزیرِ اعظم: مودی کا دور‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس میں وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے ایک سویم سیوک سے پردھان سیوک تک کے سفر کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے مسلسل ’’خدمت‘‘ اور ’’راشٹر پرتھم‘‘ (سب سے پہلے قوم) کے اصول کو طرزِ حکمرانی کا محور بنایا ہے، جو آر ایس ایس کے بے لوث خدمت اور قوم کی تعمیر کے دیرینہ نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔

مرکزی وزیرِ دفاع جناب راج ناتھ سنگھ کے ساتھ اپنی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ دونوں نے اپنی عوامی زندگی کا آغاز جے پرکاش نارائن کی مکمل انقلاب تحریک سے وابستہ نچلی سطح کے کارکنوں کے طور پر کیا تھا۔ انہوں نے دریائے گنگا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح گنگا ایک چھوٹی سی دھارا سے شروع ہو کر ایک عظیم دریا بن جاتی ہے، اسی طرح آر ایس ایس بھی معمولی آغاز سے ترقی کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی رضاکار تنظیموں میں شامل ہو چکی ہے۔

اس تقریب میں مرکزی وزیرِ دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، دہلی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب وجیندر گپتا، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس کے صدر جناب رام بہادر رائے، آر ایس ایس کے کشیترا سنگھ چالک جناب پون جندل، کتاب کے شریک مصنفین جناب شیام جاجو اور جناب انوپم ترویدی، پربھات پرکاشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب پربھات کمار سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-102


(रिलीज़ आईडी: 2285930) आगंतुक पटल : 15
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Tamil , Malayalam