الیکٹرانکس اور اطلاعات تکنالوجی کی وزارت
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) اور پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) نے جامع بینکاری کے لیے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے
اس شراکت داری کے ذریعے مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ کثیر لسانی بینکاری اور شہری مرکوز مالیاتی خدمات کو فروغ دیا جائے گا
प्रविष्टि तिथि:
15 JUL 2026 5:54PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (MeitY) کے تحت ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) اور پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) نے بھاشنی فار سیوا/سنچالن اقدام کے ذریعے جامع بینکاری اور شہری مرکوز مالیاتی خدمات کے لیے کثیر لسانی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی حل کو فروغ دینے کے مقصد سے باہمی تعاون کے لیے ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
اس مفاہمت نامے پر ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتابھ ناگ اور پنجاب نیشنل بینک کے ڈیجیٹل بینکنگ ٹرانسفارمیشن ڈویژن کے چیف جنرل منیجر (ڈیجیٹل) جناب اتیش کمار راؤت نے دستخط کیے۔

اس اشتراک کا مقصد بھاشنی کے مقامی کثیر لسانی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماحولیاتی نظام سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کے ڈیجیٹل بینکاری نظام میں مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ لسانی ٹیکنالوجیوں کو مربوط کرنا ہے، تاکہ زبانوں پر مبنی جامع بینکاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے صارفین اپنی پسندیدہ بھارتی زبانوں میں بینکاری سے متعلق معلومات، ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور مختلف خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جس سے بینکاری مزید قابل رسائی، آسان فہم اور جامع بنے گی، صارفین کے تجربے میں بہتری آئے گی اور مالی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
اس مفاہمت نامے کے تحت دونوں ادارے بھاشنی اُدیت (Udyat)، متر (Mitra)، ایپ متر (AppMitra)، پراوکتا (Pravakta) اور بھاشادان (Bhashadaan) جیسے اقدامات کے ذریعے پنجاب نیشنل بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارموں اور خدمات میں کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو مربوط کرنے کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔ اس شراکت داری کے تحت بھاشنی کے زبانی ترجمہ کے اے پی آئی اور حوالہ جاتی ایپلی کیشنوں کے ذریعے بینکاری خدمات تک کثیر لسانی رسائی فراہم کی جائے گی، بینکاری کے شعبے سے متعلق مخصوص لسانی ماڈل اور اصطلاحات تیار کی جائیں گی، مصنوعی ذہانت پر مبنی لسانی ٹول کے ذریعے کثیر لسانی ابلاغ اور دستاویزات کو مضبوط بنایا جائے گا، زبانی ڈیٹا کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ لسانی ٹیکنالوجیوں میں مسلسل بہتری لائی جا سکے اور کثیر لسانی ڈیجیٹل بینکاری کے حل سے متعلق آگاہی اور اس کے وسیع پیمانے پر استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
یہ اشتراک بھاشنی کی لسانی ٹیکنالوجی کو پنجاب نیشنل بینک کے مختلف ڈیجیٹل ذرائع میں مربوط کرنے میں بھی معاون ہوگا، جس سے صارفین اور بینکاری خدمات کے درمیان ہموار کثیر لسانی رابطہ ممکن ہو سکے گا۔ زبان کی رکاوٹوں کو کم کرتے ہوئے اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی کو بہتر بنا کر، اس شراکت داری کا مقصد صارفین کی شمولیت کو مضبوط بنانا، مختلف لسانی برادریوں تک بینکاری خدمات کی رسائی کو وسیع کرنا، اور حکومت ہند کے جامع ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
توقع ہے کہ یہ شراکت داری بینکاری کے شعبے میں کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کے استعمال کو تیز رفتار بنائے گی، مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ مالیاتی خدمات میں اختراع کو فروغ دے گی اور ایسی قابل رسائی، شہری مرکوز ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی جو ہر صارف کو اپنی پسندیدہ زبان میں اعتماد کے ساتھ مالیاتی خدمات سے استفادہ کرنے کے قابل بنائے۔

پنجاب نیشنل بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب ایم پرما سوم نے کہا، "بھاشنی اور پنجاب نیشنل بینک کے درمیان یہ شراکت داری اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ مختلف شعبوں میں جامع ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو کس طرح تیز کر سکتا ہے۔ کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کو عوامی خدمات کی فراہمی کے ساتھ مربوط کر کے یہ اقدام زبان کی رکاوٹوں کو کم کرنے میں مدد دے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ملک بھر کے لوگوں کے لیے ڈیجیٹل بینکاری خدمات زیادہ قابلِ رسائی، منصفانہ اور شہری دوست بن سکیں۔"
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب امیتابھ ناگ نے کہا، "ضروری بینکاری خدمات تک رسائی کے لیے زبان کبھی بھی رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہم بھاشنی کے اس وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں جس کے تحت ایک آواز پر مبنی کثیر لسانی بینکاری نظام تشکیل دیا جا رہا ہے، جہاں تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان رابطہ کثیر لسانی اور آواز پر مبنی ہو۔ بینکاری کے نظام میں بھاشنی کی مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ لسانی ٹیکنالوجیوں کو مربوط کر کے ہم جامع ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا رہے ہیں، جو شہریوں کو اپنی پسندیدہ بھارتی زبان میں مالیاتی خدمات تک باآسانی رسائی فراہم کرے گا۔ یہ اشتراک ڈیجیٹل بینکاری کو مزید آسان فہم، جامع اور شہری مرکز بنانے کے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔"
پنجاب نیشنل بینک کے ڈیجیٹل بینکنگ ٹرانسفارمیشن ڈویژن کے چیف جنرل منیجر (ڈیجیٹل) جناب اتیش کمار راؤت نے کہا، "پنجاب نیشنل بینک قابل رسائی، محفوظ اور صارف مرکوز ڈیجیٹل بینکاری خدمات فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے ساتھ ہمارا اشتراک ہمیں جدید ترین کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیوں سے استفادہ کرنے کے قابل بنائے گا، جس کے نتیجے میں ہمارے ڈیجیٹل پلیٹ فارم مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے صارفین کے لیے زیادہ جامع اور استعمال میں زیادہ آسان بن جائیں گے۔"
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کا تعارف
ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، جو الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (MeitY) کے تحت ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کا ایک حصہ ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ہندوستان کا قومی اقدام ہے۔ نیشنل ہب فار لینگویج ٹیکنالوجی (این ایچ ایل ٹی) کے ذریعے بھاشنی 800 سے زائد سرکاری ویب سائٹوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے، 8 ارب سے زیادہ مصنوعی ذہانت پر مبنی عمل انجام دے چکا ہے، روزانہ 2 کروڑ سے زائد اے آئی حوالے پراسیس کرتا ہے اور 36 بھارتی تحریری زبانوں، 23 بھارتی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کی معاونت کرتا ہے۔ ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن تحقیق، اوپن انوویشن، ڈیٹا سیٹ، اسٹارٹ اپ اور تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے بھی کثیر لسانی مصنوعی ذہانت کو فروغ دے رہا ہے، جس سے ہندوستان کے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 9992
(रिलीज़ आईडी: 2285132)
आगंतुक पटल : 4