لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

 معیاری صحت کی خدمات معاشرے کے ہر فرد تک پہنچنا ضروری: لوک سبھا اسپیکر


ہیلتھ کیئر، ریسرچ اور اختراع کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کا مل کر کام کرنا لازمی: لوک سبھا اسپیکر

طبی اداروں کو موجودہ اور ابھرتی ہوئی بیماریوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے ناسک میں 'اشوکا ہیلتھ سٹی' کا افتتاح کیا

प्रविष्टि तिथि: 12 JUL 2026 7:27PM by PIB Delhi

لوک سبھا کے اسپیکر  جناب اوم برلا نے کہا ہے کہ معیاری اور سستی صحت خدمات معاشرے کے ہر فرد تک پہنچنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت اور نجی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وہ مہاراشٹر کے شہر ناسک میں اشوکا ہیلتھ سٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

جناب  اوم برلا نے ناسک کو روحانیت، سماجی بیداری اور شجاعت کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ تریمبکیشور مہادیو مندر، جو بارہ جیوترلنگوں میں سے ایک ہے، لوگوں کو روحانی طاقت اور عوامی خدمت کا جذبہ عطا کرتا ہے۔ انہوں نے سنت گیانیشور مہاراج، سنت تُکارام مہاراج اور چھترپتی شیواجی مہاراج کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات اور کردار آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت صحت عامہ کے فروغ کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ یوگا آج پوری دنیا میں صحت مند طرزِ زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے، اور لوگوں کو صحت مند اور بیماریوں سے پاک زندگی کے لیے یوگا اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے طبی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، میڈیکل کالجوں میں نشستوں میں اضافہ کرنے اور آیوشمان بھارت جیسی اہم اسکیمیں شروع کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ساتھ ہی نجی شعبہ بھی نئے میڈیکل کالجوں، جدید اسپتالوں اور طبی تحقیق کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

جناب  اوم برلا نے اشوکا ہیلتھ سٹی سے اپیل کی کہ وہ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال، کینسر علاج اور سپر اسپیشلٹی خدمات کے ساتھ طبی تحقیق اور اختراعات کے مراکز بھی قائم کرے تاکہ موجودہ اور مستقبل کی بیماریوں سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 وبا کے دوران بھارتی سائنس دانوں نے ویکسین تیار کرکے دنیا کی خدمت کی اور ثابت کیا کہ بھارت طبی تحقیق اور سائنس میں عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت اور نجی شعبے کو مل کر تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں تحقیق و اختراع کے مراکز قائم کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نئی بیماریوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے طبی بنیادی ڈھانچے کے ساتھ سائنسی تحقیق میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔

اشوکا ہیلتھ سٹی کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ناسک بلکہ پورے شمالی مہاراشٹر کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے نومولود اور ماؤں کی صحت کے لیے جدید طبی مراکز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیر خوار بچوں کی شرح اموات میں کمی کے لیے بہتر اسپتال اور معیاری صحت خدمات ناگزیر ہیں۔

جناب اوم برلا نے نجی اداروں سے سماجی ذمہ داری کے جذبے کے تحت صحت خدمات کو وسعت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ سستی اور معیاری طبی سہولیات ہر شہری تک پہنچیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اشوکا ہیلتھ سٹی سنگین بیماریوں کے علاج، طبی تحقیق اور عوامی خدمت کا ایک اہم مرکز بن کر ابھرے گا۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ طبی تعلیم کو عوامی خدمت سے جوڑا جانا چاہیے اور میڈیکل طلبہ کو دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے کی ترغیب دی جانی چاہیے تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر برائے خوراک، شہری رسد اور صارفین کے تحفظ چھگن بھجبل، راجستھان کے وزیر توانائی ہیرالال نگر، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :9859  )


(रिलीज़ आईडी: 2283945) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Tamil , Kannada