ایٹمی توانائی کا محکمہ
azadi ka amrit mahotsav

کولمبیا میں منعقدہ 56ویں بین الاقوامی طبیعیات اولمپیاڈ 2026 میں بھارت کی سنہری کامیابی


بھارتی ٹیم کے پانچوں طلبہ نے 56ویں بین الاقوامی طبیعیات اولمپیاڈ) آئی پی ایچ او) 2026 میں طلائی تمغے جیت لیے

بھارت نے 380 سے زائد طلبہ اور 80 سے زائد ممالک کے درمیان شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ طور پر دنیا میں پہلی پوزیشن حاصل کی

ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن  ، جو ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ  کا قومی مرکز اور محکمۂ جوہری توانائی کے تحت ایک معاونت یافتہ ادارہ ہے، قومی اولمپیاڈ پروگرام کے ذریعے بھارت کے باصلاحیت سائنسی طلبہ کی مسلسل تربیت اور رہنمائی کر رہا ہے

प्रविष्टि तिथि: 12 JUL 2026 5:37PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نوجوان ماہرینِ طبیعیات (فزکس دانوں) نے کولمبیا کے شہر بوکارامانگا میں منعقدہ 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ (آئی پی ایچ او) 2026 میں غیر معمولی اور تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اس باوقار عالمی مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کے تمام پانچوں ارکان نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈلز (سونے کے تمغے) اپنے نام کیے۔

اس غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ، ہندوستان نے 87 ممالک کے 381 طلبہ کے درمیان چین، قزاخستان، روس، جنوبی کوریا اور تائوان کے ساتھ مشترکہ طور پر دنیا میں پہلی پوزیشن (ورلڈ نمبر 1 رینک) حاصل کی ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ہندوستان میں سائنس کی تعلیم کے بڑھتے ہوئے معیار اور عمدگی کی توثیق کرتا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے تمغہ جیتنے والے طلبہ کے نام درج ذیل ہیں:

  • کنشک جین – پونے، مہاراشٹر
  • ردھیش اننت بنڈالے – اندور، مدھیہ پردیش
  • رشت گرگ – دوارکا، نئی دہلی
  • شریشٹھ سوریا – ممبئی، مہاراشٹر
  • سورِت جوشی – احمد آباد، گجرات

یہ شاندار کامیابی انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں ہندوستان کی شاندار وراثت کو آگے بڑھاتی ہے، جہاں گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہر ہندوستانی شریکِ کار نے پوڈیم فنش (تمغہ) حاصل کیا ہے۔

یہ کامیابی ہندوستان کے اولمپیاڈ پروگرام کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے، جس کی قیادت ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن (ایچ بی سی ایس ای) کر رہا ہے۔ یہ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامینٹل ریسرچ (ٹی آئی ایف آر) کا ایک قومی مرکز ہے، جو محکمۂ جوہری توانائی (ڈی اے ای) کے تحت ایک امداد یافتہ ادارہ ہے۔ ہندوستان میں اولمپیاڈ پروگرام کے نوڈل سینٹر کے طور پر، ایچ بی سی ایس ای بین الاقوامی اولمپیاڈ برادری کے ساتھ ملک کے رابطے کا کام کرتا ہے اور ایک سخت کثیر مرحلہ سلیکشن عمل، اورینٹیشن کیمپوں اور انتہائی تربیتی پروگراموں کے ذریعے پری یونیورسٹی طلبہ میں سائنس اور ریاضی کے غیر معمولی ٹیلنٹ کی نشاندہی اور رہنمائی کے لیے وقف ہے۔

محکمۂ جوہری توانائی (ڈی اے ای) کے سکریٹری اور ایٹمک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی نے تمغہ جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "ہمارے نوجوان فزکس دانوں کی یہ غیر معمولی کامیابی ملک کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پانچ گولڈ میڈلز حاصل کرنا اور مشترکہ طور پر دنیا میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کرنا ہمارے طلبہ کی صلاحیت، لگن اور سائنسی مزاج کے ساتھ ساتھ ایچ بی سی ایس ای۔ٹی آئی ایف آر اولمپیاڈ پروگرام کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میں طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کی یہ کامیابی لاتعداد نوجوان ذہنوں کو سائنس میں عمدگی حاصل کرنے کی ترغیب دیتی ہے اور سائنسی تعلیم اور اختراع میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی قیادت کو مضبوط کرتی ہے۔"

محکمۂ جوہری توانائی نے ٹیم لیڈرز پروفیسر انویش مجمدار (ایچ بی سی ایس ای۔ٹی آئی ایف آر) اور ڈاکٹر لینا جوشی (سینٹ زیویئرز کالج، ممبئی)، سائنسی مبصرین پروفیسر آنند داس گپتا (آئی آئی ایس ای آر، کولکتہ) اور محترمہ نشا کیلکر (گوگٹے جوگلیکر کالج، رتناگیری) کے علاوہ ایچ بی سی ایس ای میں فزکس اولمپیاڈ ٹیم اور مینٹر پول کو بھی مبارکباد پیش کی، اور ان کی انتھک لگن کو سراہا جس کی بدولت ہندوستان کے روشن ترین نوجوان ذہنوں کو عالمی اسٹیج کے لیے تیار کیا گیا۔

ایچ بی سی ایس ای کے سینٹر ڈائریکٹر پروفیسر ارنب بھٹاچاریہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ سائنس اور میتھمیٹیکل اولمپیاڈز میں ٹیم انڈیا کی یہ کامیابیاں، جو اب ایک روایت بن چکی ہیں، دہائیوں کی صبر آزما محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہیں۔ اگرچہ ملک میں ہمیشہ سے غیر معمولی باصلاحیت طلبہ اور پرجوش اساتذہ موجود رہے ہیں، لیکن یہ محکمۂ جوہری توانائی کی کئی دہائیوں کی غیر مشروط اور مسلسل حمایت کا نتیجہ ہے کہ ٹیم انڈیا آج اس مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

آئی پی ایچ او 2026 میں یہ شاندار کارکردگی ایک بار پھر اسکول کے طلبہ میں سائنسی عمدگی کو فروغ دینے اور ملک کے مستقبل کی سائنسی و تکنیکی قیادت کے لیے ایک مضبوط بنیاد بنانے کے لیے ڈی اے ای کے مسلسل عزم کو ظاہر کرتی ہے۔

56ویں بین الاقوامی طبیعیات اولمپیاڈ 2026، بوکارامانگا (کولمبیا) میں طلائی تمغے جیتنے والے پانچوں بھارتی طلبہ، ٹیم لیڈروں اور سائنسی مبصرین پر مشتمل بھارتی وفد

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  9857)


(रिलीज़ आईडी: 2283913) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil