ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی ریلوے نے حفاظتی اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کے لیے شمالی ریلوے کے 680 روٹ کلومیٹر پر 206 کروڑ روپے کی لاگت سے‘کَوچ’ نظام نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی


محفوظ، تیز رفتار اور زیادہ قابلِ اعتماد ٹرین آپریشنز کے لیے ریواڑی–دہلی اور شکور بستی–بھٹنڈہ سیکشنز سمیت متعلقہ برانچ لائنوں پر کَوچ 4.0 نصب کیا جائے گا

प्रविष्टि तिथि: 10 JUL 2026 2:01PM by PIB Delhi

بھارت کے مقامی طور پر تیار کردہ خودکار ٹرین تحفظ نظام (اے ٹی پی) کَوچ کے دائرۂ کار کو مزید وسعت دینے کی سمت ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے، بھارتی ریلوے نے شمالی ریلوے کے دہلی ڈویژن میں ریواڑی–دہلی اور شکور بستی–بھٹنڈہ سیکشنز سمیت متعلقہ برانچ لائنوں کے مجموعی طور پر 680 روٹ کلومیٹر پر کَوچ ورژن 4.0 نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے پر 206 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

یہ منصوبہ بھارتی ریلوے کی جانب سے ملک بھر میں کَوچ نظام کے مرحلہ وار نفاذ کی جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد زیادہ مصروف اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ریلوے راستوں پر اس مقامی تحفظ نظام کو وسعت دینا ہے۔

کَوچ بھارت میں تیار کردہ خودکار ٹرین تحفظ نظام (اے ٹی پی) ہے، جسے ریلوے کی سلامتی میں نمایاں بہتری لانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ نظام  لال سگنل عبور کرنے (ایس پی اے ڈی) کے واقعات اور ٹرینوں کے تصادم کی روک تھام میں مدد دیتا ہے۔ یہ مسلسل ٹرینوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا ہے، ضرورت پڑنے پر خودکار طور پر بریک لگا دیتا ہے، ٹرینوں کو مقررہ زیادہ سے زیادہ محفوظ رفتار پر چلانے میں معاونت کرتا ہے، اور گھنی دھند جیسے ناموافق موسمی حالات میں بھی ٹرینوں کے محفوظ اور قابلِ اعتماد آپریشن کو یقینی بناتا ہے۔

بھارتی ریلوے کے ان اہم راستوں پر کَوچ ورژن 4.0 کی تنصیب سے ریلوے کی سلامتی مزید مضبوط ہوگی، آپریشنل کارکردگی بہتر ہوگی، ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام زیادہ قابلِ اعتماد بنے گا اور مسافر و مال بردار ٹرین خدمات کی تیز رفتار اور ٹیکنالوجی سے تقویت یافتہ نقل و حرکت کو فروغ ملے گا۔

*********

(ش ح۔ش ت۔م ذ)

U.R .9795


(रिलीज़ आईडी: 2283299) आगंतुक पटल : 17
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Gujarati , Tamil , Kannada