مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
ٹیلی مواصلات کے محکمے کے سمردھ گرام نے مؤثر ماحول کی فراہمی کے لیے ایکشن لائن سی-6 کے تحت ڈبلیو ایس آئی ایس انعام 2026 جیتا
بھارت نیٹ سے چلنے والا مربوط فیجیٹل سروس ڈیلیوری ماڈل نے عالمی اعزاز حاصل کیا
یہ پہل وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے دور دراز اور دیہی علاقوں تک مربوط ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے وژن کے مطابق ہے
ایک جامع ڈیجیٹل انڈیا کے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کی عالمی پہچان: مرکزی وزیر مواصلات جناب جیوترادتیہ سندھیا
प्रविष्टि तिथि:
09 JUL 2026 3:52PM by PIB Delhi
محکمہ برائے ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) کو اپنے اہم پروجیکٹ ‘‘سمردھ گرام: بھارت نیٹ کے ذریعے مربوط فِجیٹل (فزیکل اور ڈیجیٹل) خدمات کی فراہمی کا جامع ماڈل’’کے لیے ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی (ڈبلیو ایس آئی ایس) ایوارڈز 2026 میں ایکشن لائن سی-6 (مؤثر ماحول کی فراہمی) کے زمرے میں عالمی فاتح قرار دیا گیا ہے۔
یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد بھارت کے دور دراز اور دیہی علاقوں تک مربوط ڈیجیٹل خدمات پہنچانا ہے۔ یہ اعزاز ڈبلیو ایس آئی ایس فورم 2026 کے دوران جنیوا میں منعقدہ تقریب میں پیش کیا گیا، جہاں دیہی علاقوں کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ڈیجیٹل سرکاری بنیادی ڈھانچے اور ٹیلی مواصلات کی کنکٹی ویٹی کے مؤثر استعمال کے حوالے سے بھارت کے اختراعی اور مؤثر ماڈل کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔

بین الاقوامی ٹیلی مواصلات یونین (آئی ٹی یو) کی قیادت میں جاری ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی (ڈبلیو ایس آئی ایس) کے عمل کے تحت قائم کیے گئے ڈبلیو ایس آئی ایس ایوارڈز دنیا کے اُن باوقار اعزازات میں شمار ہوتے ہیں جو پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے معلوماتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے مؤثر استعمال پر مبنی منصوبوں کو دیے جاتے ہیں۔
ڈبلیو ایس آئی ایس فورم ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم ہے، جہاں مختلف ممالک کی حکومتیں، اقوام متحدہ کے ادارے، صنعتی شعبے، تعلیمی و تحقیقی ادارے، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تنظیمیں ایک ساتھ جمع ہو کر عوامی ضروریات پر مبنی، سب کو ساتھ لے کر چلنے والی اور ترقی پر مرکوز ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بناتی ہیں۔

مواصلات اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوترآدتیہ ایم سندھیا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے اسے ‘‘عالمی سطح پر بھارت کے لیے ایک اور اعزاز’’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز وزیر اعظم نریندر مودی کے جامع ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کی عالمی سطح پر پذیرائی کا مظہر ہے، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ٹیکنالوجی کے فوائد دور دراز دیہات سمیت ملک کے ہر شہری تک پہنچیں۔
مرکزی وزیر نے اس پہل کے انقلابی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھارت نیٹ کی بدولت سمردھ گرام منصوبہ محض رابطے کی سہولت تک محدود نہیں بلکہ اسے ترقی کے مواقع میں بدل رہا ہے۔ اس کے تحت گاؤں کی سطح پر قائم سمردھی کیندروں کے ذریعے صحت، تعلیم، ڈیجیٹل بینکاری اور روزگار سے متعلق خدمات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں بھارت عالمی قیادت کا کردار ادا کر رہا ہے، اور بھارت کی منفرد ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے حل پوری دنیا کے لیے قابلِ تقلید اور قابلِ توسیع نمونے بن سکتے ہیں۔ اس منصوبے سے وابستہ تمام شراکت داروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہوں نے اس اعزاز کو بھارت کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک قابلِ فخر سنگِ میل قرار دیا۔

سمردھ گرام محکمہ ٹیلی مواصلات کا دیہی علاقوں کی جامع ڈیجیٹل تبدیلی کا ایک اہم منصوبہ ہے، جو بھارت نیٹ کے مضبوط نیٹ ورک پر قائم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مرکزی حصہ سمردھی کیندر ہیں، جنہیں گاؤں کی سطح پر ون اسٹاپ سروس مراکز کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ یہ مراکز قابلِ اعتماد ٹیلی مواصلاتی رابطے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور معاونت کے ساتھ فراہم کی جانے والی براہِ راست خدمات کو یکجا کرتے ہوئے عوام کو ایک ہی مقام پر مربوط فِجیٹل خدمات فراہم کرتے ہیں۔

سمردھ گرام منصوبے کے تحت عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جاتی ہیں، جن میں صحت، تعلیم، زراعت، مالی شمولیت، ہنرمندی کی تربیت، ای-گورننس اور ای-کامرس شامل ہیں۔ سمردھ گرام مرکز میں ٹیلی مشاورت، ہیلتھ اے ٹی ایم کے ذریعے جانچ سہولیات، پردھان منتری جن اوشدھی کیندروں کے ذریعے ادویات کی فراہمی، اسمارٹ کلاس رومز اور اے آر/وی آر پر مبنی ہنرمندی کی تربیت، آئی او ٹی کے ذریعے مٹی کی جانچ، ڈرون کے ذریعے کھاد اور زرعی ادویات کا چھڑکاؤ، موبائل ایپ پر مبنی اسمارٹ آبپاشی کے حل، مشترکہ خدمات مراکز (سی ایس سی)، ای-گورننس اور بینکنگ نمائندہ خدمات، مقامی مصنوعات کی ای-کامرس کے ذریعے فروخت میں معاونت، ایف ٹی ٹی ایچ اور پی ایم-وانی کنیکٹیویٹی، سی سی ٹی وی پر مبنی دیہی نگرانی، اور کمیونٹی کی سطح پر ڈیجیٹل رہنمائی و معاونت جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس طرح دیہی عوام کو بنیادی خدمات تک آسان، مربوط اور بلا رکاوٹ رسائی حاصل ہوتی ہے اور ٹیکنالوجی سے مزین، سب کو ساتھ لے کر چلنے والی دیہی ترقی کو فروغ ملتا ہے۔
یہ پروجیکٹ اس بات کی عملی مثال ہے کہ بھارت نیٹ اور آخری مرحلے تک پہنچنے والا ٹیلی مواصلاتی بنیادی ڈھانچہ صرف انٹرنیٹ رابطے تک محدود نہیں، بلکہ مقامی معاونت اور عوامی شراکت داری پر مبنی مربوط خدمات کی فراہمی کے ذریعے دیہی شہریوں کی سماجی اور معاشی زندگی میں قابلِ پیمائش مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔
یہ عالمی اعزاز اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ بھارت نے مضبوط ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو عوامی ضروریات پر مبنی خدمات کے ساتھ جوڑ کر ڈیجیٹل شمولیت کے لیے ایک مؤثر اور سازگار ماحول قائم کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ بھارت نیٹ کی غیر معمولی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتا ہے، جو دنیا کے سب سے بڑے دیہی براڈ بینڈ پروجیکٹوں میں سے ایک ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت اب تک 2.17 لاکھ سے زائد گرام پنچایتیں آن لائن اور خدمات کی فراہمی کے لیے تیار کی جا چکی ہیں، جس کے نتیجے میں دیہی بھارت میں ڈیجیٹل رسائی اور نئے مواقع کے دروازے وسیع پیمانے پر کھلے ہیں۔

سمردھ گرام کو عالمی فاتح قرار دینے سے قبل ایک سخت اور کئی مرحلوں پر مشتمل جانچ کے عمل سے گزارا گیا، جس میں منصوبے کی فراہمی، بین الاقوامی سطح پر ابتدائی جانچ، عالمی آن لائن ووٹنگ، متعلقہ زمرے میں سرفہرست پانچ چیمپئن منصوبوں کا انتخاب اور آخر میں ڈبلیو ایس آئی ایس کی ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے حتمی فیصلہ شامل تھا۔ عالمی آن لائن ووٹنگ کے مرحلے میں نامزد تمام پروجیکٹوں کے حق میں دنیا بھر سے 22 لاکھ سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔
ڈبلیو ایس آئی ایس ایوارڈز 2026 کے تحت شامل اٹھارہ مختلف زمروں میں بھارت کے صرف دو منصوبوں کو چیمپئن منصوبوں کے طور پر منتخب کیا گیا۔ ان میں سمردھ گرام نے بعد ازاں ایکشن لائن سی-6 (مؤثر ماحول کی فراہمی) کے زمرے میں عالمی فاتح کا اعزاز حاصل کیا، جو دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے بھارت کے قابلِ توسیع اور عوامی ضروریات پر مبنی ماڈل کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کا مظہر ہے۔
یہ منصوبہ صحت کی بہتر سہولیات، معیاری تعلیم، مالی شمولیت، روزگار کے مواقع، اختراع، عدم مساوات میں کمی اور ڈیجیٹل بااختیاری کو فروغ دے کر پائیدار ترقی کے متعدد اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ڈبلیو ایس آئی ایس ایکشن لائن سی-6 کے مقاصد کو بھی تقویت دیتا ہے، کیونکہ یہ جامع ڈیجیٹل ترقی کے لیے سازگار پالیسی اور مؤثر نفاذ کے ماحول کو فروغ دیتا ہے۔
سمردھ گرام کو حاصل ہونے والا یہ عالمی اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے اور ٹیلی مواصلاتی سہولیات کے مؤثر استعمال کے ذریعے ڈیجیٹل فرق کو دور کرنے اور دیہی علاقوں میں حقیقی سماجی و معاشی تبدیلی لانے میں عالمی قیادت کا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ اعزاز اس امر کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ بھارت جدید، قابلِ توسیع اور عوامی شراکت پر مبنی خدمات کی فراہمی کے ماڈلز کے ذریعے ایک جامع، مضبوط اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار معاشرے کی تعمیر کے لیے پُرعزم ہے۔
****
ش ح۔م ع۔ت ع
U.No. 9758
(रिलीज़ आईडी: 2282873)
आगंतुक पटल : 15