قانون اور انصاف کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قانون و انصاف کی وزارت کی جانب سے راجستھان کے ماؤنٹ آبومیں منعقدہ ’ریفارمز اُتسو اور چنتن شیوِر 2026‘ اختتام پذیر

प्रविष्टि तिथि: 06 JUL 2026 1:04PM by PIB Delhi

قانون و انصاف  کی وزارت کے محکمہ قانون سازی (لیجسلیٹو ڈپارٹمنٹ) اور محکمہ امورِ قانون (ڈپارٹمنٹ آف لیگل افیئرز) نے مشترکہ طور پر 4 اور 5 جولائی 2026 کو گیان سروور، ماؤنٹ آبو، راجستھان کے پرسکون ماحول میں دو روزہ ’ریفارمز اُتسو اور چنتن شیوِر 2026‘ کا انعقاد کیا۔

قانون و انصاف کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال نے 4 جولائی 2026 کو اس ’ریفارم اتسو اور چنتن شیوِر‘ کا افتتاح کیا اور دونوں محکموں کے اعلیٰ افسران اور شرکاء سے خطاب کیا۔ اس اتسو اور شیوِر کا مرکزی موضوع ایک جدید، ٹیکنالوجی سے لیس اور عوامی ضروریات کے مطابق قانونی نظام تیار کرنے کے مقصد سے قانونی، قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر غور و خوض کرنا تھا۔ مرکزی وزیرِ قانون نے اس اتسو اور شیوِر کے انعقاد پر محکموں کو مبارکباد دی اور تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس موقع کو وزارت کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لینے، اہم قانونی، قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر تبادلہ خیال کرنے اور ہندوستان کے قانونی و قانون سازی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مستقبل بیں (فارورڈ لکنگ) روڈ میپ تیار کرنے کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں۔ اپنے خطاب میں، محکمہ قانون سازی اور محکمہ امورِ قانون کے سکریٹری ڈاکٹر راجیو منی نے وزارت کے اس وژن کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد ایک موثر، قابلِ رسائی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق قانونی نظام بنانا ہے جو گڈ گورننس (اچھی طرزِ حکمرانی) کو مضبوط کرے اور ’وِکست بھارت @2047‘ کے قومی وژن کو آگے بڑھائے۔

محکمہ قانون سازی (لیجسلیٹو ڈیارٹمنٹ) کے ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر منوج کمار نے تمام شرکاء کا خیرمقدم کیا اور محکموں کے لیے اس تقریب کے موضوع، اہداف اور متوقع نتائج کا تعارف کرایا۔ اس پروگرام میں الگ الگ سیشنز (بریک آؤٹ سیشنز) شامل تھے اور ان میں قانونی نظم و نسق، قانون سازی کی اصلاحات، ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کو اپنانے، ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی مضبوطی اور استعداد سازی  پر خاص طور پر غور و خوض کیا گیا۔ محکمہ قانون سازی اور محکمہ امورِ قانون کے اعلیٰ افسران نے ان مباحثوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور طرزِ حکمرانی کو بہتر بنانے، قانون سازی اور قانونی خدمات کی فراہمی کو درست کرنے اور پورے قانونی نظام میں جدت طرازی کو فروغ دینے کے لیے عملی اور قابلِ عمل اصلاحات پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

ان مباحثوں کا اختتام ایک جامع وژن دستاویز کی تیاری پر ہوا، جس میں وزارت کے لیے ٹھوس اصلاحاتی تجاویز، ادارہ جاتی مضبوطی کے لیے سفارشات اور قابلِ عمل اقدامات شامل ہیں۔

اختتامی سیشن میں، محکمہ قانون سازی اور محکمہ امورِ قانون کے سکریٹری ڈاکٹر راجیو منی نے اس اتسو اور شیوِر کے نتائج کو ’سکلپ پتر‘ (عزم نامہ) کے طور پر جاری کیا، جو اس دو روزہ چنتن شیوِر سے ابھرنے والے اجتماعی عزم اور اصلاحاتی ایجنڈے کا احاطہ کرتا ہے، جو کہ درج ذیل ہے:

’’ سنکلپ پتر (عزم نامہ)

ریفارمز اتسو اور چنتن شیوِر کے اختتام پر،

ہم، محکمہ قانون سازی (لیجسلیٹو ڈپارٹمنٹ) اور محکمہ امورِ قانون (ڈپارٹمنٹ آف لیگل افیئرز) کے افسران، قانون و انصاف کے مرکزی وزیر (آزادانہ چارج) جناب ارجن رام میگھوال کی موجودگی میں، یہ پختہ عزم کرتے ہیں کہ:

ہم ’وِکست بھارت @2047‘ کے اہداف کے حصول میں اپنا تعاون دینے کے لیے اپنی تمام کوششوں میں آئین، قانون کی حکمرانی (رول آف لا)، اور دیانت داری و عوامی خدمت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھیں گے۔

ہم پیشہ ورانہ مہارت، جدت طرازی اور مسلسل سیکھنے کے عمل کے ذریعے قانونی اور قانون سازی کے نظم و نسق میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں رہیں گے۔

ہم قوانین اور قانونی عمل کو مزید سادہ، واضح، قابلِ رسائی اور عوام دوست بنانے کے لیے کام کریں گے۔

ہم قانون سازی کے مسودے (لیجسلیٹو ڈرافٹنگ) اور قانونی نظم و نسق کے کاموں میں معیار، تسلسل اور شواہد پر مبنی نقطہ نظر فراہم کریں گے۔

ہم مستقبل کی ضروریات کے مطابق اداروں کی تعمیر کے لیے ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل آلات اور مصنوعی ذہانت کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں گے۔

ہم ایک ایسی ثقافت کو فروغ دیں گے جو اجتماعی بہتری کی لگن کے ساتھ غور و فکر، اصلاحات اور باہمی تعاون پر مبنی ہو۔

ہم سب مل کر، پوری دیانت داری، لگن اور مقصد کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

جے ہند!‘‘

مرکزی وزیر نے ’ریفارمز اتسو اور چنتن شیوِر 2026‘ کے کامیاب انعقاد پر دونوں محکموں کے تمام افسران کو مبارکباد دی اور ایک جدید، ٹیکنالوجی سے لیس اور عوام دوست قانونی نظام کی تعمیر کی جانب وزارت کے متعلقہ محکموں کے لیے ایک مستقبل بیں اصلاحاتی ایجنڈے کو تشکیل دینے میں ان کی سرگرم شرکت، سنجیدہ غور و خوض اور اجتماعی کوششوں کو سراہا۔

’ریفارمز اتسو اور چنتن شیوِر 2026‘ وزارتِ قانون و انصاف کی اس مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے جو وہ ’وِکست بھارت @2047‘ کے وژن کے مطابق ہندوستان کے قانونی اور قانون سازی کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے جدت طرازی، شفافیت، ادارہ جاتی عمدگی اور باہمی تعاون پر مبنی پالیسی سازی پر دے رہی ہے۔

 

 

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔  م م۔ع ن)

U. No. 9603


(रिलीज़ आईडी: 2281553) आगंतुक पटल : 20
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil