وزارت آیوش
سی سی آر اے ایس کی مجلسِ عاملہ کا پانچواں اجلاس منعقد، تحقیق کے تین اہم منصوبوں کا آغاز
سی سی آر اے ایس شواہد پر مبنی آیوروید تحقیق کا ایک مضبوط ستون بن کر ابھرا ہے: ویدیہ راجیش کوٹیچا
प्रविष्टि तिथि:
03 JUL 2026 8:34PM by PIB Delhi
آیوش کی وزارت کے تحت قائم اعلیٰ ترین تحقیقی ادارے، مرکزی کونسل برائے آیورویدک سائنسز میں تحقیق (سی سی آر اے ایس)، نے آج وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا کی صدارت میں اپنی مجلسِ عاملہ (ایگزیکٹو کمیٹی) کا پانچواں اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں تحقیق، تعلیم، سائنسی تحریر اور ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ کے لیے 3 اہم اقدامات کا آغاز کیا گیا، جو ملک میں شواہد پر مبنی آیورویدی تحقیق کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔
مجلسِ عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے شواہد پر مبنی آیورویدی تحقیق، تعلیم اور عوامی صحت کے فروغ میں سی سی آر اے ایس کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے قومی تحقیقی نظام کو مستحکم بنانے کے لیے کونسل کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی اور ادارے کو تحقیق، اختراع اور اعلیٰ معیار کے حصول کے سفر کو مزید آگے بڑھانے کی ترغیب دی۔
سکریٹری نے سی سی آر اے ایس کو اس کی متعدد نمایاں کامیابیوں پر مبارک باد پیش کی، جن میں اس کے مختلف اداروں کے لیے این اے بی ایچ اور این اے بی ایل کی مجموعی طور پر 21 منظوریوں کا حصول، آیوش دکشا پلیٹ فارم کا قیام، بین الاقوامی اشتراک سے تحقیقی منصوبوں کی کامیاب تکمیل، اور نوعمر لڑکیوں میں خون کی کمی (انیمیا) پر وسیع پیمانے پر کیے گئے تحقیقی مطالعے شامل ہیں۔
نومنتخب مجلسِ عاملہ کے چیئرمین اور ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی سی آر اے ایس کے ڈائریکٹر جنرل اور مجلسِ عاملہ کے رکن سکریٹری، پروفیسر (ویدیہ) رابینارائن آچاریہ نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اور کونسل کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر آچاریہ نے کہا: ’’سی سی آر اے ایس عالمی سطح پر باوقار، شواہد پر مبنی آیورویدی تحقیقی نظام کی تشکیل کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ سائنسی تحقیق، ادارہ جاتی فضیلت، ڈیجیٹل تبدیلی، بین الاقوامی اشتراک اور افرادی صلاحیتوں کی ترقی کے میدان میں کونسل کی کامیابیاں اس بات کی غماز ہیں کہ ہم اختراع، معیار اور سائنسی توثیق کے ذریعے آیوروید کو مزید مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے پوری سنجیدگی اور ثابت قدمی سے کام کر رہے ہیں۔‘‘
تین اہم اقدامات کا آغاز
مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں آیوروید کی تعلیم، تحقیق، سائنسی ابلاغ اور ڈیجیٹل نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے تین اہم اقدامات کا آغاز کیا گیا۔
آیوروید پربودھنی گرنتھ مالا کے تحت تحقیقی طریقۂ کار پر درسی کتاب
اجلاس کے دوران آیوروید پربودھنی گرنتھ مالا کے تحت تیار کی گئی تحقیقی طریقۂ کار (ریسرچ میتھوڈولوجی) پر مبنی ایک درسی کتاب کی رونمائی کی گئی۔
اس کتاب کو 50 تحقیقی سائنس دانوں اور اساتذہ نے مشترکہ طور پر تصنیف کیا ہے۔ اسے نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے آیوش کے پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹری سطح کے نصاب کے لیے مقرر کردہ نتیجہ پر مبنی متحرک نصاب کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
توقع ہے کہ یہ کتاب ایم ڈی، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے طلبہ و محققین میں تحقیقی طریقۂ کار، سائنسی فکر اور شواہد پر مبنی تحقیق کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سی سی آر اے ایس پریاتنا 2026–27 کے لیے اظہارِ دلچسپی کا اجرا
کونسل نے سی سی آر اے ایس پریاتنا 2026–27 کے لیے اظہارِ دلچسپی بھی جاری کیا۔ یہ کونسل کا ایک نمایاں اقدام ہے، جس کا مقصد آیوروید کے پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی طلبہ و محققین میں سائنسی تحریر کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر سی سی آر اے ایس پریاتنا کا سرکاری پوسٹر بھی جاری کیا گیا۔
اس اقدام کا مقصد ادارہ جاتی سطح پر منظم تربیتی ورکشاپس کے ذریعے سائنسی تحریر اور تحقیقی مقالوں کی اشاعت سے متعلق مہارتوں کو فروغ دینا، مضبوط تحقیقی ثقافت کو پروان چڑھانا اور آیوروید کے نوجوان محققین کو مؤثر سائنسی ابلاغ کی بنیادی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
سی سی آر اے ایس ڈیجیٹل ایکو سسٹم ڈیش بورڈ
مجلسِ عاملہ نے سی سی آر اے ایس ڈیجیٹل ایکو سسٹم ڈیش بورڈ کا بھی آغاز کیا، جو کونسل کے ویب پر مبنی اور ڈیجیٹل وسائل کو یکجا انداز میں پیش کرنے والا ایک مربوط پلیٹ فارم ہے۔
اس ڈیش بورڈ کو معلومات تک رسائی کو آسان بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور عوامی رابطے کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ تحقیقی نتائج اور ادارہ جاتی وسائل کی وسیع تر تشہیر و اشاعت کو یقینی بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ ڈیش بورڈ dashboard.ccras.org.in پر دستیاب ہے۔
اجلاس میں وزارتِ آیوش کے اضافی سکریٹری اور مالیاتی مشیر (اے ایس اینڈ ایف اے) جناب ہویدا عباس، وزارتِ آیوش کے سینئر شماریاتی مشیر جناب ستیہ جیت پال، وزارتِ آیوش کے مشیر (آیوروید) ڈاکٹر اے۔ رگھو، نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن (این سی آئی ایس ایم) کے سابق چیئرمین ویدیہ جینت دیو پجاری، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) سنجیو شرما، سی سی آر اے ایس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر این۔ سریکانتھ، ڈپٹی ڈائریکٹر (انتظامیہ) جناب دیپک کوچھر سمیت مجلسِ عاملہ کے دیگر ارکان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی سی آر اے ایس اعلیٰ معیار کی، شواہد پر مبنی آیورویدی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور ایسا مربوط تحقیقی و تعلیمی ماحول تشکیل دے گا، جس میں سائنسی معیار، علمی صلاحیتوں کی ترقی اور ڈیجیٹل اختراع کو یکجا کرکے معاشرے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-9537
(रिलीज़ आईडी: 2280981)
आगंतुक पटल : 12