وزارت خزانہ
ڈی آر آئی کی ملک گیر کارروائیاں، 9 کلو اسمگل شدہ سونا، 42 کلو چاندی اور 8.5 کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی زرمبادلہ ضبط
دہلی میں سونا پگھلانے کا غیر قانونی مرکز بے نقاب، اسمگلنگ کیس میں آٹھ افراد گرفتار
प्रविष्टि तिथि:
01 JUL 2026 4:11PM by PIB Delhi
محکمہ محصولات انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے سرحد پار سونے کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کے تحت دہلی میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک اور سرگرم گینگ کا پردہ فاش کیا ہے، جو شمال مشرقی خطے سے مختلف ٹرینوں میں سفر کرنے والے متعدد کیریئرز کے ذریعے غیر ملکی سونا دہلی پہنچاتا تھا۔تحقیقات کے مطابق یہ گینگ پکڑے جانے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیریئرز کی نقل و حرکت مختلف اوقات میں انجام دیتا تھا۔ گینگ نے دہلی کے ایک گنجان آباد رہائشی علاقے میں سونا پگھلانے کا ایک غیر قانونی مرکز بھی قائم کر رکھا تھا۔

26 جون 2026 کو ایک نہایت منظم اور مربوط کارروائی کے دوران محکمہ محصولات انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کے افسران نے مغربی بنگال کے نیو کوچ بہار ریلوے اسٹیشن اور بہار کے مانسی جنکشن پر دو کیریئرز کو پکڑا۔ ان کے جسم پر چھپا کر رکھے گئے تقریباً دو کلو گرام سونے کے بسکٹ برآمد کیے گئے۔ اسی وقت دہلی میں بھی دو افراد کو تقریباً 1.2 کلو گرام اسمگل شدہ سونے کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں دہلی میں سونا پگھلانے کے ایک غیر قانونی مرکز کا بھی سراغ ملا۔ چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
اسی روز ایک دوسری کارروائی میں ڈی آر آئی حکام نے سائرانگ سے کولکاتا جانے والی ٹرین میں سفر کرنے والی ایک خاتون کیریئر کو حراست میں لے کر اس کے خصوصی طور پر تیار کردہ کمر بند سے غیر ملکی زبان میں نشانات والے تقریباً 3.3 کلو گرام وزنی 20 غیر ملکی سونے کے بسکٹ برآمد کیے۔ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔
ادھر چنئی میں ڈی آر آئی نے گھریلو فضائی کارگو کے ذریعے غیر قانونی طور پر غیر ملکی زرمبادلہ منتقل کرنے اور اس رقم کو بھارت میں سونے اور چاندی کی منظم اسمگلنگ کی مالی معاونت کے لیے استعمال کیے جانے والے ایک بڑے نیٹ ورک کا بھی پردہ فاش کیا۔ ڈی آر آئی حکام نے چنئی ایئر کارگو میں مشتبہ پارسلوں کی جانچ کے دوران 7 لاکھ 58 ہزار 500 امریکی ڈالر اور 35 لاکھ تھائی بھات برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 8.15 کروڑ روپے ہے۔ غیر ملکی زرمبادلہ کی غیر قانونی ترسیل اور حوالگی میں ملوث تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
مزید تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ غیر ملکی زرمبادلہ مختلف ذرائع سے بھارت سے باہر اسمگل کیا جا رہا تھا اور اسی رقم سے قیمتی دھاتوں کی دوبارہ بھارت میں اسمگلنگ کی مالی معاونت کی جاتی تھی۔
تحقیقات کے دوران ایسے ہی ایک شخص کو، جو دبئی سے واپس آ رہا تھا، بنگلورو ہوائی اڈے پر روک کر اس کے قبضے سے 1.8 کلو گرام سونا برآمد کیا گیا۔ بعد ازاں اس کی رہائش گاہ سے تقریباً 42 کلو گرام چاندی، 700 گرام سونے کے زیورات اور 26.67 لاکھ روپے نقد بھی ضبط کیے گئے۔ اس سے بھارت میں غیر قانونی طور پر غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرنے، اسے بیرون ملک اسمگل کرنے اور اس کے ذریعے سونا اور چاندی دوبارہ بھارت اسمگل کرنے کے منظم نیٹ ورک کا براہِ راست تعلق ثابت ہوا۔
ان تمام کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 9 کلو گرام غیر ملکی اسمگل شدہ سونا، 42 کلو گرام چاندی، 8.15 کروڑ روپے مالیت کا غیر ملکی زرمبادلہ اور 26.67 لاکھ روپے بھارتی کرنسی ضبط کی گئی، جبکہ آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 9421 )
(रिलीज़ आईडी: 2280069)
आगंतुक पटल : 6