پنچایتی راج کی وزارت
ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں گرام سبھا میں کم عوامی شرکت پر قومی مطالعہ کی رپورٹ 30 جون 2026 کو جاری ہو گی
رپورٹ میں گرام سبھا کی عوامی شرکت بڑھانے کے مسائل اور مؤثر اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے
प्रविष्टि तिथि:
29 JUN 2026 10:10AM by PIB Delhi
ملک بھر کی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں گرام سبھا میں کم عوامی شرکت کے موضوع پر کئے جانے والے قومی مطالعہ کی رپورٹ 30 جون 2026 کو نئی دہلی میں جاری کی جائے گی۔ اس رپورٹ کا اجرا رکن نیتی آیوگ ڈاکٹر آربالاسبرامنیم کریں گے۔ اس موقع پر جناب وویک بھاردواج، سکریٹری، وزارتِ پنچایتی راج، کے علاوہ حکومت کے سینئر افسران، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ اینڈ پنچایتی راج (این آئی آر ڈی اینڈ پی آر ) کے نمائندے، ماہرینِ تعلیم، محققین اور پنچایتی راج سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود ہوں گی۔
یہ رپورٹ وزارتِ پنچایتی راج کی جانب سے این آئی آر ڈی اینڈ پی آر نے تیار کی ہے۔ اس کی بنیاد وسیع زمینی سروے پر ہے، جس میں 26 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی تقریباً 400 گرام پنچایتوں سے 7,790 افراد کے خیالات اور تجربات شامل کیے گئے ہیں۔ اس مطالعے میں پی ای ایس اے علاقوں اور خواتین کی قیادت والی گرام پنچایتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں ان مختلف عوامل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے جو گرام سبھا میں لوگوں کی شرکت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان میں عوامی آگاہی، اطلاعات کی ترسیل کا نظام، سبھی طبقات کی شمولیت، سرکاری اداروں کی جوابدہی، حکمرانی کے طریقۂ کار، بنیادی سہولیات کی دستیابی اور رائے عامہ جیسے اہم پہلو شامل ہیں۔
اس مطالعے کا مقصد ایسے عملی اور قابلِ عمل اقدامات تجویز کرنا ہے جن کے ذریعے عوامی شمولیت پر مبنی جمہوریت اور دیہی سطح پر حکمرانی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں پالیسی سازی، ادارہ جاتی صلاحیت میں بہتری اور گرام سبھاؤں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے کے لیے تحقیق پر مبنی سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔
آئینِ ہند کے آرٹیکل 243اے کے تحت گرام سبھا کو مقامی حکمرانی کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ یہ قومی مطالعہ ان وجوہات کی نشاندہی کرتا ہے جن کی وجہ سے عوام کی شرکت کم رہتی ہے، اور ایسے مؤثر اقدامات تجویز کرتا ہے جن سے گرام سبھاؤں کو زیادہ فعال، جامع، شفاف اور جوابدہ بنایا جا سکے، تاکہ دیہی ہندوستان میں پنچایتی راج کے ادارے مزید مضبوط اور مؤثر بن سکیں۔
ش ح۔ م ش ع۔ ج
uno-9281
(रिलीज़ आईडी: 2278767)
आगंतुक पटल : 8