وزارت دفاع
بہادروں کو خراج تحسین
प्रविष्टि तिथि:
27 JUN 2026 7:47PM by PIB Delhi
میڈیا کے بعض حلقوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر گردش کرنے والی کچھ رپورٹوں میں غلط طور پر یہ تاثر دیا گیا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران عظیم قربانی پیش کرنے والے چھ بہادر جوانوں کی شہادت کو حال ہی میں پہلی بار تسلیم کیا گیا یا عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔ اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ ملک نے ان شہید ہیروز کو متعلقہ رپورٹ سامنے آنے سے بہت پہلے، اولین موقع پر ہی خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔ 11 مئی 2025 کو منعقدہ سرکاری پریس کانفرنس کے دوران اُس وقت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ان بہادر سپاہیوں کو پُر وقار خراجِ عقیدت پیش کیا اور آپریشن سندور کے دوران فرض کی ادائیگی میں اُن کی قربانی کو خصوصی طور پر تسلیم کیا۔ ان جانبازوں کو بہادری کے اعزازات سے نوازا گیا، جس کا ذکر 14 اگست 2025 کی پریس ریلیز میں بھی شائع کیا گیا تھا۔ یہ ان کی شجاعت اور عظیم قربانی کا باضابطہ اور قومی اعتراف تھا، جو بھارتی دفاعی افواج کی اعلیٰ ترین روایات کے مطابق انجام دیا گیا۔
اسی دوران بھارتی فوج کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر بھی ان جانبازوں کو بلا تاخیر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
ملک کی جانب سے ان ہیروز کا اعتراف اس کے بعد بھی جاری رہا۔ 15 جنوری 2026 کو جے پور میں منعقدہ آرمی ڈے پریڈ کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے ان بہادر سپاہیوں میں سے تین کے اہل خانہ کو سینا میڈل (گیلنٹری) پیش کیا، جبکہ 8 اکتوبر 2025 کو چیف آف ایئر اسٹاف نے بھی ایک پُروقار تقریب میں یہی اعزاز پیش کیا، جس سے دفاعی افواج کے اس پائیدار عزم کی توثیق ہوئی کہ وہ ملک کی خدمت میں جان قربان کرنے والوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھیں گی۔
نیشنل وار میموریل پر شہید سپاہیوں کے نام کندہ کرنے کے حوالے سے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ یہ مقدس عمل ایک طے شدہ اور واضح ضابطۂ کار کے تحت انجام دیا جاتا ہے۔ دفاعی افواج ان مقررہ طریقۂ کار پر پوری ذمہ داری، احتیاط اور احترام کے ساتھ عمل کرتی ہیں، جو اس عظیم اعزاز کے شایان شان ہے۔ یہ تاثر دینا کہ مقررہ ضابطے پر عمل نہیں کیا گیا، حقیقت کے منافی ہے۔
یہ افسوس ناک ہے کہ اس معاملے پر ایک غیر ضروری اور بے بنیاد تنازع پیدا کیا گیا۔ اس قسم کے بیانیے نہ صرف حقائق کو مسخ کرتے ہیں بلکہ سوگوار خاندانوں کے لیے غیر ضروری اذیت کا سبب بھی بن سکتے ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے وقار کو مجروح کرتے ہیں جو ان سپاہیوں نے وطن کی خدمت میں پیش کیں۔ تمام متعلقہ فریقوں سے گزارش ہے کہ شہید سپاہیوں سے متعلق معاملات کی رپورٹنگ میں ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔
بھارتی دفاعی افواج ملک کے دفاع میں عظیم قربانی پیش کرنے والے ہر سپاہی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ آپریشن سندور کے یہ چھ جانباز قومی ہیروز ہیں، جن کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعث تحریک رہے گی۔ ان کی یاد کو ہمیشہ اس عزت، شکرگزاری اور احترام کے ساتھ زندہ رکھا جائے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔
***
ش ح۔ ف ش ع
U: 9251
(रिलीज़ आईडी: 2278539)
आगंतुक पटल : 10