صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
آئی پی سی نے گیس کرومیٹوگرافی کے ذریعے پینے والی سیال ادویات میں ایتھیلین گلائیکول (ای جی) اور ڈائی ایتھیلین گلائیکول (ڈی ای جی) کی جانچ پر دوسری عملی (ہینڈز آن) ٹریننگ کامیابی کے ساتھ مکمل کی
ادویات کے معیار، حفاظت اور افادیت کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری لیباریٹریوں کی تجزیاتی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور
ہریانہ، گوا، اڈیشہ، مغربی بنگال، آسام اور میگھالیہ سے آئے شرکاء نے ادویات کی حفاظت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے جدید تجزیاتی طریقوں پر عملی تربیت حاصل کی
تربیتی پروگرام نے انڈین فارماکوپیا کے معیارات کے مؤثر نفاذ کے لیے ریاستی ڈرگ ٹیسٹنگ لیباریٹریوں کی صلاحیت کو مضبوط کیا
प्रविष्टि तिथि:
24 JUN 2026 5:01PM by PIB Delhi
انڈین فارماکوپیا کمیشن (آئی پی سی) نے 22 سے 23 جون 2026 تک غازی آباد میں واقع اپنے کیمپس میں گیس کرومیٹوگرافی (جی سی) کے ذریعے پینے والی سیال ادویات میں ایتھیلین گلائیکول (ای جی) اور ڈائی ایتھیلین گلائیکول (ڈی ای جی) کی جانچ پر دوسرے عملی (ہینڈز آن) تربیتی پروگرام کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا۔
اس تربیتی پروگرام کا افتتاح آئی پی سی کے سکریٹری و سائنسی ڈائریکٹر ڈاکٹر وی کلائسیلون نے محکمہ ڈرگ کنٹرول، دہلی کے ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر (ڈی ڈی سی) جناب راجیو بھارگو کی موجودگی میں کیا، جنہوں نے اس تقریب میں بطور مہمانِ اعزازی شرکت کی۔ افتتاحی سیشن کے دوران، ادویات کے معیار، حفاظت اور افادیت کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری لیباریٹریوں کی تجزیاتی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دو روزہ پروگرام میں چھ ریاستوں بشمول ہریانہ، گوا، اڈیشہ، مغربی بنگال، آسام اور میگھالیہ سے آئے شرکاء نے شرکت کی اور اس میں گیس کرومیٹوگرافی کا استعمال کرتے ہوئے پینے والی سیال ادویات میں ای جی اور ڈی ای جی کی جانچ پر گہری عملی تربیت فراہم کی گئی۔ شرکاء کو نمونے کی تیاری (سیمپل پریپریشن)، آلات کے استعمال، کیلیبریشن، تجزیاتی طریقوں کے نفاذ، کرومیٹوگرام کی تشریح اور ڈیٹا کے تجزیے کا عملی تجربہ فراہم کیا گیا۔
ایتھیلین گلائیکول (ای جی) اور ڈائی ایتھیلین گلائیکول (ڈی ای جی) انتہائی زہریلے مادے ہیں جن کی دواسازی کی تیاریوں میں اجازت نہیں ہے۔ یہ آلودگی ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری اجزاء (ایکسی پیئنٹس) جیسے کہ گلیسرین، پروپیلین گلائیکول، سوربیٹول اور پولی ایتھیلین گلائیکول کے ذریعے شامل ہو سکتی ہے۔ ان کی معمولی سی مقدار بھی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے، جن میں گردے کا شدید فیل ہونا ،کڈنی انجری، مرکزی اعصابی نظام کی کمزوری اور موت شامل ہیں۔ اس لیے عوامی صحت کے تحفظ اور ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ان کی درست شناخت، مقدار کا تعین اور کنٹرول انتہائی ضروری ہے۔
یہ تربیتی پروگرام انڈین فارماکوپیا(آئی پی-2022) کی ترمیمی فہرست 09 کے تناظر میں منعقد کیا گیا تھا، جو 10 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہے اور جس کے تحت تمام پینے والی سیال ادویات میں ایتھیلین گلائیکول (ای جی) اور ڈائی ایتھیلین گلائیکول (ڈی ای جی) کی جانچ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے، آئی پی سی انڈین فارماکوپیا کے معیارات کے مؤثر نفاذ کے لیے اپنی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور ملک بھر میں ریاستی ڈرگ ٹیسٹنگ لیباریٹریوں کی تجزیاتی تیاریوں کو مضبوط بنا رہا ہے۔
تکنیکی سیشنز میں ڈی ای جی اور ای جی کی آلودگی کی سائنسی بنیادوں، ریگولیٹری تقاضوں، تجزیاتی طریقۂ کاراور روزمرہ کی جانچ کے لیے گیس کرومیٹوگرافی کے عملی استعمال کا احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے آلودگی کے ممکنہ ذرائع اور دواسازی کی مصنوعات میں زہریلے آلودہ عناصر کے داخلے کو روکنے کے لیے کوالٹی کنٹرول کے اقدامات کے اہم کردار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
اس پروگرام نے سرکاری دوا سازی کے تجزیہ کاروں (ڈرگ اینالسٹس) کی تکنیکی صلاحیتوں کو نمایاں طور پر بہتر بنایا اور ریگولیٹری لیباریٹریوں کے درمیان علم کے تبادلے کو فروغ دیا۔ عملی طریقۂ کار (ہینڈز آن اپروچ) نے شرکاء کو وہ عملی مہارتیں پیدا کرنے کے قابل بنایا جو درست تجزیے اور فارماکوپیا کے تقاضوں کی تعمیل کے لیے ضروری ہیں۔
انڈین فارماکوپیا کمیشن، انڈین فارماکوپیا کے معیارات کے مؤثر نفاذ اور عوام کو محفوظ، اثر انگیز اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ریگولیٹری ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی خاطر، ریاستی اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیباریٹریوں کو تکنیکی مدد، صلاحیتوں میں اضافے اور خصوصی تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
***
ش ح۔م م ۔ ع د
U-No. 9135
(रिलीज़ आईडी: 2277479)
आगंतुक पटल : 10