نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرِ جمہوریہ نے شہریوں سے یوگا کو طرزِ زندگی بنانے کی اپیل کی، لیہہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت
یوگا کو عالمی سطح پر حاصل ہونے والی پذیرائی انسانیت کے لیے بھارت کے پائیدار اور عظیم تعاون کی عکاس ہے: نائب صدرِ جمہوریہ؛ اس کا سہرا وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت کے سر باندھا
یوگا کرنے والا شخص کبھی منشیات یا دیگر برائیوں کا شکار نہیں ہوتا: نائب صدرِ جمہوریہ
عمر رسیدہ ہوتے بھارت میں یوگا زندگی کے برسوں میں مزید توانائی اور صحت شامل کر سکتا ہے: نائب صدرِ جمہوریہ
لداخ کے لوگ پُرسکون، مہربان اور ثابت قدم ہیں، وہ یوگا کی حقیقی روح کی عکاسی کرتے ہیں: نائب صدرِ جمہوریہ
प्रविष्टि तिथि:
21 JUN 2026 1:23PM by PIB Delhi
نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج لداخ کے شہر لیہہ میں منعقدہ بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات میں شرکت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صحت مند، خوشحال اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔
لیہہ کے دلکش ہمالیائی ماحول میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ یوگا محض جسمانی ورزش نہیں بلکہ انسانیت کے لیے بھارت کا ایک قدیم اور قیمتی تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برسوں کی ریاضت، مراقبے اور روحانی جستجو کے ذریعے بھارت کے رشیوں اور سنتوں نے ایک ایسا جامع نظام وضع کیا، جو جسم کی پرورش کرتا ہے، ذہن کو سکون بخشتا ہے اور روح کو بلندی عطا کرتا ہے۔



نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں یوگا کو عالمی سطح پر نئی شناخت اور فروغ حاصل ہوا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کی اپیل پر 175 سے زائد رکن ممالک کی حمایت سے 21 جون کو بین الاقوامی یومِ یوگا قرار دیا گیا۔
اس سال کے موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" کا حوالہ دیتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ صحت کی سہولیات میں بہتری اور اوسط عمر میں اضافے کے باعث معاشرے کی ذمہ داریاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے انڈیا ایجنگ رپورٹ 2023 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2050 تک بھارت کی تقریباً پانچواں حصہ آبادی بزرگ افراد پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ "زندگی میں بڑھنے والے برسوں کے ساتھ برسوں میں زندگی بھی شامل ہونی چاہیے" اور یوگا کو جسمانی صحت، ذہنی سکون اور فعال بڑھاپے کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ بلند پہاڑی علاقوں میں زندگی گزارنے کے لیے برداشت، نظم و ضبط اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت درکار ہوتی ہے، اور یوگا ان خوبیوں کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے لوگ طویل عرصے سے ثابت قدمی، سادگی اور فطرت سے ہم آہنگی کی مثال پیش کرتے آئے ہیں، جو یوگا کے فلسفے سے گہری مطابقت رکھتی ہیں۔
لداخ کے عوام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران انہوں نے یہاں کے لوگوں کو پُرسکون، مہربان، خوش اخلاق اور فطرت سے گہرا تعلق رکھنے والا پایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ لداخ کے لوگ پہلے ہی صحت مند زندگی کی کئی خصوصیات کے حامل ہیں، تاہم یوگا کی مسلسل مشق ان کی توانائی برقرار رکھنے اور انسانی صلاحیتوں کے مکمل اظہار میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس موقع پر مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر جناب ونے کمار سکسینہ، لداخ سے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ جناب محمد حنیفہ، ایل اے ایچ ڈی سی کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر جناب محمد جعفر اخون، لداخ کے چیف سیکریٹری جناب آشیش کندرا، سینئر سول و فوجی افسران، یوگا کے ماہرین، طلبہ اور مقامی افراد موجود تھے۔
اس سے قبل جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے مہابودھی انٹرنیشنل میڈیٹیشن سینٹر (ایم آئی ایم سی) کے دیواچن کیمپس، لیہہ کا دورہ کیا اور تعلیم، صحت، سماجی بہبود، ماحولیاتی پائیداری اور لداخ میں یوگا و مراقبے کے فروغ کے لیے ادارے کی نمایاں خدمات کو سراہا۔



انہوں نے قابلِ احترام بھکشو سنگھاسینا کی دور اندیش قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مہابودھی انٹرنیشنل میڈیٹیشن سینٹر (ایم آئی ایم سی) اس بات کی روشن مثال بن کر ابھرا ہے کہ روحانی دانش اور انسان دوستی پر مبنی عملی خدمات کس طرح انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے یکجا ہو سکتی ہیں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8984 )
(रिलीज़ आईडी: 2276273)
आगंतुक पटल : 16