محنت اور روزگار کی وزارت
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا کے تحت 2,400 کروڑ روپے جاری کیے
وزیر اعظم وِکست بھارت روزگار یوجنا پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والوں کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں اور صنعت کے درمیان پل تعمیر کرنے کے بارے میں ہے: وزیر اعظم
ہمارے نوجوانوں کی امنگیں، مہارتیں اور صلاحیتیں وِکست بھارت کی راہ متعین کرتی ہیں: وزیر اعظم
بھارتی نوجوان آنے والے برسوں میں عالمی ترقی، انوویشن اور انٹرپرینیورشپ کو آگے بڑھانے میں پیش پیش ہوں گے: وزیر اعظم
اہم شخصیات نے ملک بھر میں 200 مقامات پر علاقائی وزیر اعظم-وی بی آر وائی (PM-VBRY) تقریبات کی قیادت کی
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، اب کارکنوں اور آجروں دونوں کو بھارت کی ترقی کی داستان میں قوم کے معمار اور مساوی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے: ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ
اگست 2025 سے اب تک وزیر اعظم-وی بی آر وائی کے تحت پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والے 70 لاکھ افراد کو باضابطہ افرادی قوت میں شامل کیا گیا؛ وزیر اعظم وی بی آر وائی کے تحت مراعات نے 15 لاکھ سے زائد مستفیدین کے لیے روزگار میں معاونت فراہم کی
प्रविष्टि तिथि:
19 JUN 2026 8:22PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے آج وگیان بھون، نئی دہلی میں منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا (وزیر اعظم-وی بی آر وائی) کے تحت تقریباً 2,400 کروڑ روپے کی مراعات جاری کیں۔

اس پروگرام میں یونین منسٹر آف لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ اینڈ یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس، ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ؛ منسٹر آف اسٹیٹ فار لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ اینڈ مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، محترمہ شوبھا کرندلاجے؛ اور منسٹری آف لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ ملک گیر رسائی کی کوشش کے حصے کے طور پر، وزیر اعظم-وی بی آر وائی تقریبات ملک بھر میں تقریباً 200 مقامات پر بیک وقت منعقد کی گئیں۔
اس مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا، ’’پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا روزگار کی ایک اسکیم سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جسے اپنی پہلی ملازمتیں شروع کرنے والے نوجوانوں کی امنگوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صنعت اور افرادی قوت کے درمیان ایک مضبوط پل بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے مشاہدہ کیا کہ جہاں بہت سی اسکیمیں عام طور پر یا تو ملازمین یا آجروں پر مرکوز ہوتی ہیں، یہ پروگرام بیک وقت دونوں کی مدد کرتا ہے۔ حکومت اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

اسکیم کی کام یابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ اب تک تقریباً 70 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کی گئی ہیں اور اتنی ہی تعداد میں پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والوں کو سماجی تحفظ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تقریباً 20 لاکھ نوجوانوں نے اپنی پہلی ملازمتوں میں چھ ماہ مکمل کر لیے ہیں، جب کہ تقریباً 10 لاکھ مستفیدین اس سنگِ میل کو عبور کرنے پر اسکیم کے تحت مراعات حاصل کر چکے ہیں۔ 2,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہِ راست مستفیدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی ہے۔ اس معاونت کو مالی امداد سے بڑھ کر قرار دیتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ یہ اپنے نوجوانوں کی کڑی محنت کو تسلیم کرنے اور ان کے مستقبل پر قوم کے اعتماد کا غماز ہے۔
وزیرِ اعظم نے اسکیم کے تحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے اداروں اور کاروباری اداروں کی شرکت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا، ’’جب حکومت، صنعت اور نوجوان مل کر کام کرتے ہیں تو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تیزی آتی ہے۔ یہ اقدام ایک ایسے نئے بھارت کا غماز ہے جہاں نوجوانوں کو مواقع ملتے ہیں، صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، اور روزگار کی فراہمی ایک قومی مشن بن جاتی ہے۔‘‘

وزیرِ اعظم نے گذشتہ بارہ برسوں میں بھارت کے روزگار کے ایکو سسٹم میں آنے والی ایک نمایاں تبدیلی کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی۔ انھوں نے کہا، ’’حکومت کی توجہ روزگار کو تحفظ، وقار اور سماجی تحفظ سے جوڑنے پر رہی ہے۔‘‘ وزیرِ اعظم نے بھارت کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شراکت کو بھی اجاگر کیا۔ جناب مودی نے زور دیا، ’’نائٹ شفٹ روزگار، ورک فرام ہوم کے مواقع کے فروغ، اور کام کی جگہ پر حفاظت کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سے متعلق اصلاحات کا مقصد افرادی قوت میں خواتین کی شرکت کو مزید بڑھانا ہے۔‘‘
نئی دہلی میں ہونے والی مرکزی تقریب میں آجر اور ملازم مستفیدین، مختلف اسٹیک ہولڈر تنظیموں کے نمائندوں اور دیگر معزز مہمانوں سمیت تقریباً 1,200 مدعوین نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے ملک کے مختلف خطوں کی نمائندگی کرنے والے منتخب مستفیدین سے بھی گفت و شنید کی، جنھوں نے اسکیم کے تحت حاصل ہونے والے فوائد اور ان کی روزی روٹی، کیریئر کی ترقی اور سماجی تحفظ کی کوریج پر پڑنے والے مثبت اثرات کے بارے میں اپنے تجربات شیئر کیے۔


اس موقع پر اپنے استقبالیہ کلمات میں، یونین منسٹر فار لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ، ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، بھارت ایک انقلابی تبدیلی کا مشاہدہ کر رہا ہے اور ایک وِکست بھارت کے وژن کی جانب مستقل قدموں سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے، کارکنوں کے حامی اصلاحات کو 'صنعت مخالف' قرار دیا جاتا تھا، جب کہ صنعت کے حامی اصلاحات کو 'کارکن مخالف' سمجھا جاتا تھا۔ تاہم، وزیرِ اعظم کے عوام پر مرکوز نقطہ نظر کے تحت کارکنوں اور آجروں کو اب بھارت کی ترقی کی داستان میں قوم کے معمار اور مساوی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

لیبر اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ چار لیبر کوڈز کا نافذ ہونا کارکنوں کے لیے وقار، تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے، ڈاکٹر مانڈویہ نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی سماجی تحفظ کی کوریج گذشتہ دہائی کے دوران 19 فیصد سے بڑھ کر 64.3 فیصد ہو گئی ہے، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ اضافے میں سے ایک ہے۔ انھوں نے مزید اس بات کو اجاگر کیا کہ 2014 سے 2024 کے درمیان تقریباً 17 کروڑ نوکریاں پیدا ہوئیں جب کہ 2014 سے پہلے کے دس برسوں کے دوران 2.9 کروڑ نوکریاں پیدا ہوئی تھیں۔ حالیہ تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے، ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ 2017 اور 2023 کے درمیان، بھارت کی ایمپلائمنٹ الاسٹسٹی 1.11 رہی، جو اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ گراس ویلیو ایڈڈ میں ہر 1 فیصد اضافے کے ساتھ روزگار میں 1.11 فیصد اضافہ ہوا، اس کے مقابلے میں پچھلی حکومتوں کے تحت ایمپلائمنٹ الاسٹسٹی 0.008 درج کی گئی تھی۔ انھوں نے بھارت کی بے روزگاری کی شرح میں ہونے والی کمی کی طرف بھی توجہ مبذول کرائی جو اب تقریباً 3.1 فیصد ہے، اور 4.8 فیصد کی عالمی اوسط سے نمایاں طور پر کم ہے۔

اسکیم کے بارے میں
وزیر اعظم-وی بی آر وائی یکم اگست 2025 کو نافذ ہوئی اور اسے باضابطہ روزگار کو فروغ دینے اور روزگار کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسکیم کے حصہ اے (Part A) کے تحت، ای پی ایف او (ای پی ایف او) کے ساتھ رجسٹر شدہ اور ماہانہ 1 لاکھ روپے تک اجرت کمانے والے پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والے دو اقساط میں 15,000 روپے تک ایک ماہ کی اجرت کے مساوی مراعات کے اہل ہیں۔
اسکیم کے حصہ بی (Part B) کے تحت، اضافی روزگار پیدا کرنے والے آجر دو سال کی مدت کے لیے فی اضافی ملازم 3,000 روپے ماہانہ تک کی مراعات کے اہل ہیں۔ روزگار کی نمو کو آگے بڑھانے میں مینوفیکچرنگ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، مینوفیکچرنگ سیکٹر کے آجر اضافی دو سال کے لیے مراعات حاصل کرنے کے اہل ہیں۔
99,446 کروڑ روپے کے کل اخراجات کے ساتھ، وزیر اعظم-وی بی آر وائی کا مقصد دو سال کی مدت میں 3.5 کروڑ سے زیادہ ملازمتوں کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان میں سے تقریباً 1.92 کروڑ مستفیدین کے بارے میں توقع ہے کہ وہ پہلی بار افرادی قوت میں شامل ہوں گے۔
اگست 2025 سے اب تک وزیر اعظم-وی بی آر وائی کے تحت پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والے 70 لاکھ سے زیادہ افراد کو باضابطہ افرادی قوت میں لایا گیا ہے، جن میں خواتین کی تعداد تقریباً 30 فیصد ہے۔ وہ ملازمین جو چھ ماہ سے زیادہ مسلسل ملازمت میں رہتے ہیں، وہ اسکیم کے تحت فوائد حاصل کرنے کے اہل ہو جاتے ہیں۔
وزیر اعظم-وی بی آر وائی اسکیم پہلے ہی باضابطہ روزگار کو فروغ دینے اور کارکنوں اور آجروں دونوں کی مدد کرنے میں نمایاں ابتدائی کام یابی کا مظاہرہ کر چکی ہے۔ مارچ 2026 میں، 461 کروڑ روپے کے فوائد تقسیم کیے گئے۔ اسکیم کے حصہ اے کے تحت، پہلی بار ملازمت اختیار کرنے والے 4.41 لاکھ افراد کو 247 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے، جس سے باضابطہ افرادی قوت میں داخل ہونے والے نوجوان کارکنوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی گئی۔ حصہ بی کے تحت، تقریباً 6.46 لاکھ کارکنوں کا اضافی روزگار پیدا کرنے والے 17,551 اداروں کو 214 کروڑ روپے کی مراعات جاری کی گئیں۔
وزیر اعظم-وی بی آر وائی کا ملک گیر سطح پر کام یاب نفاذ روزگار کی قیادت میں ترقی، افرادی قوت کو باضابطہ بنانے اور عالمگیر سماجی تحفظ کی کوریج کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ملازمین اور آجروں دونوں کی مدد کر کے، یہ اسکیم ایک وِکست بھارت کے وژن کی جانب نمایاں طور پر حصہ ڈال رہی ہے اور یہ یقینی بنا رہی ہے کہ بھارت کی اقتصادی ترقی کے فوائد معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچیں۔
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 8914
(रिलीज़ आईडी: 2275477)
आगंतुक पटल : 7