لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

عوامی شمولیت، صنعت کاری اور اختراع و جدت ‘وکست بھارت- 2047’ کی کلید ہیں: لوک سبھا اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے نوجوانوں اور صنعت کاروں سے  ہندوستان  کو ایک ترقی یافتہ  ملک بنانے کے سفر میں قیادت کا کردار ادا کرنے کی اپیل کی

مہیشوری برادری کی خدمات، اخلاقیات اور کاروباری روایت  ملک سازی کو مضبوط بناتی ہے: لوک سبھا اسپیکر

صنعت کاری اور قوم سازی کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے: اسپیکر

لوک سبھا اسپیکر نے‘مہیشوریز اینڈ دی میکنگ آف وکست بھارت- 2047’ تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا

प्रविष्टि तिथि: 07 JUN 2026 9:33PM by PIB Delhi

ایوان زیریں -لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج کہا کہ ‘وکست بھارت - 2047 ’کا خواب عوامی شمولیت، اختراع و جدت، صنعت کاری اور اجتماعی عزم کے ذریعے ہی شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے۔ نئی دہلی میں مہیشوری برادری کے قومی کانکلیو میں‘‘مہیشوریز اینڈ میکنگ آف وکست بھارت- 2047’’ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ صنعت کاری اور قوم سازی کو ایک ساتھ آگے بڑھنا چاہیے تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے  ہندوستان  کے سفر کی بنیاد جامع ترقی، سماجی ذمہ داری اور شہریوں کی فعال شمولیت پر ہونی چاہیے۔

جناب برلا نے مہیشوری برادری کو  ہندوستان کے معاشی اور سماجی منظرنامے میں ایک متحرک قوت قرار دیتے ہوئے قوم سازی میں اس کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت، دیانت دار کاروباری روایات، فلاحی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داری کے ذریعے برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ برادری نسل در نسل اور مختلف خطوں میں تعلیم، صحت اور عوامی خدمت کے لیے قائم اداروں کی سرپرستی اور فروغ کے ذریعے مسلسل سماجی بہبود کے لیے کام کرتی رہی ہے۔

 

لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ مہیشوری برادری نے تاریخی طور پر غیر معمولی موافقت پذیری اور کاروباری صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے مختلف علاقوں کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ خواہ بڑے شہری مراکز ہوں، شمال مشرقی خطہ ہو یا جنوبی ہندوستان، برادری کے افراد نے مواقع پیدا کیے، روزگار کے نئے دروازے کھولے اور مقامی معیشتوں کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیانت داری، اخلاقی طرزِ عمل اور سماجی ہم آہنگی سے وابستگی نے کاروباری دنیا میں ایک مثالی معیار قائم کیا ہے۔

جناب برلا نے اس بات پر زور دیا کہ کامیابی کا حقیقی پیمانہ صرف دولت پیدا کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں اقدار پیدا کرنا اور مثبت تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نےآنند راٹھی کی کاروباری کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا شاندار سفر نوجوان صنعت کاروں کی کئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے جسٹس جے کے مہیشوری کی خدمات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عدالتی نظام کو مضبوط بنانے اور قانونی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں ان کی کاوشوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق ایسی ممتاز شخصیات برادری کی فضیلت، قیادت اور عوامی خدمت کی گہری روایت کی عکاس ہیں۔

نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے جناب اوم برلا نے کہا کہ تعلیم یافتہ، ہنرمند اور ٹیکنالوجی سے آراستہ نوجوان وکست بھارت- 2047 کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اختراع، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز کو اپنائیں تاکہ  ہندوستان کو عالمی قیادت کے مقام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا دور علم اور جدت پر مبنی ہوگا اور نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے والوں کے بجائے ملازمتیں پیدا کرنے والے بننا چاہیے۔

لوک سبھا اسپیکر نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران  ہندوستان  کی ترقی نے ملک کی مضبوطی، خود اعتمادی اور اجتماعی عزم کو نمایاں طور پر ثابت کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقوق اور فرائض کے درمیان توازن برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ ان کے مطابق ذمہ دار شہری رویہ، اداروں کا احترام اور عوامی زندگی میں فعال شرکت قومی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کے ذریعے کی گئی قانون سازی اور اصلاحات نے شفافیت میں اضافہ کیا ہے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب برلا نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اتحاد، خدمت، صنعت کاری اور‘قوم سب سے پہلے’ کے جذبے کے ذریعے  ہندوستان ‘وکست بھارت-2047’ کے ہدف کو ضرور حاصل کرے گا۔ انہوں نے مہیشوری برادری، بالخصوص اس کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اختراع، اخلاقی قیادت اور سماجی وابستگی کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار مزید مضبوط کریں۔ جناب برلا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان  اسی وقت تعمیر ہو سکتا ہے جب ہر شہری ترقی کے عمل میں فعال شریک بنے اور معاشی نمو کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داری اور اجتماعی فلاح کو بھی یکساں اہمیت دی جائے۔

 

********

 

 

ش ح- ظ الف-  ن س

UR- 8087

                          


(रिलीज़ आईडी: 2270134) आगंतुक पटल : 16
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Telugu