پنچایتی راج کی وزارت
ریاستی مالیاتی کمیشنوں کے لیے اعداد و شمار (ڈیٹا سیٹس) پر مبنی رپورٹ 8 جون 2026 کو جاری کی جائے گی
प्रविष्टि तिथि:
06 JUN 2026 10:19AM by PIB Delhi
ریاستی مالیاتی کمیشنوں کے لیے درکار اعداد و شمار سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ 8 جون 2026 کو نئی دہلی میں پنچایتی راج کی وزارت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ایک تقریب میں جاری کی جائے گی۔ حکومتِ ہند کے چیف اقتصادی مشیر جناب ڈاکٹر وی۔ اننتھا ناگیشورن، پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک بھاردواج اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اینڈ پالیسی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جناب ڈاکٹر منیش گپتا کی موجودگی میں اس رپورٹ کا اجراء کریں گے۔ اس موقع پر سینئر افسران، تحقیقی اداروں کے ممتاز نمائندے اور پالیسی سازی سے وابستہ اداروں کے معزز ارکان بھی شریک ہوں گے۔ رپورٹ کے اجراء کے بعد چیف اقتصادی مشیر ایک کلیدی خطاب کریں گے، جس میں وہ مقامی خود حکمرانی کو بااختیار بنانے اور ہمہ گیر ترقی کے فروغ کے لیے اعداد و شمار پر مبنی پالیسی سازی اور شواہد پر مبنی مالیاتی نظم و نسق کی بنیادی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
اس رپورٹ کا اجراء بھارت میں مالیاتی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے شواہد اور معلوماتی بنیاد کو مضبوط بنانے کے حکومتی عزم میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آئینِ ہند کے آرٹیکل 243-I کے تحت تشکیل دیے جانے والے ریاستی مالیاتی کمیشن بنیادی آئینی ادارے ہیں، جنہیں پنچایتی راج اداروں کی مالی حالت کا جائزہ لینے اور مقامی حکومتوں کو مالی وسائل کی منتقلی کے اصول و ضوابط کے بارے میں سفارشات پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ان کمیشنوں کے لیے اپنی آئینی ذمہ داری کو مطلوبہ سنجیدگی، دیانت داری اور اعتبار کے ساتھ انجام دینا اسی صورت ممکن ہے جب انہیں مقامی حکومتوں کے مالی معاملات، آبادیاتی اعداد و شمار، بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات کی فراہمی اور اثاثوں کے انتظام سے متعلق قابلِ اعتماد، بروقت اور تفصیلی معلومات تک رسائی حاصل ہو۔ پنچایتی راج کی وزارت نے ریاستی مالیاتی کمیشنوں کے لیے درکار اعداد و شمار سے متعلق اس کمیٹی کو اُن خدشات کے ازالے کے لیے تشکیل دیا تھا جو نومبر 2024 میں ’’وسائل کی منتقلی سے ترقی تک‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مالیاتی کمیشنوں کے اجلاس میں سامنے آئے تھے۔ یہ اجلاس سولہویں مالیاتی کمیشن کے چیئرمین کی قیادت میں منعقد ہوا تھا، جہاں مختلف محکموں اور اداروں سے جامع اعداد و شمار تک رسائی میں دشواری کو ایک ایسی اہم کمی قرار دیا گیا تھا جو ریاستی مالیاتی کمیشنوں کی سفارشات کے معیار اور ان کی بروقت تیاری پر منفی اثر ڈال رہی تھی۔
یہ رپورٹ ریاستی مالیاتی کمیشنوں کے لیے درکار بنیادی اعداد و شمار کا ایک منظم، جامع اور تفصیلی خاکہ پیش کرتی ہے اور مقامی سطح پر مالیاتی تجزیے کی معاونت کرنے والے اعداد و شمار کے پورے نظام میں معلومات کی دستیابی، معیار بندی، باہمی مطابقت اور ادارہ جاتی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل سفارشات فراہم کرتی ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ رپورٹ ریاستی حکومتوں، ریاستی مالیاتی کمیشنوں، آئینی اداروں، معاشی محققین اور اُن تمام متعلقہ حلقوں کے لیے ایک مستند حوالہ جاتی دستاویز ثابت ہوگی جو بھارت میں جمہوری اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو مزید گہرا کرنے اور مقامی عوامی مالیات کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8047
(रिलीज़ आईडी: 2269700)
आगंतुक पटल : 17