وزارتِ تعلیم
لیورپول یونیورسٹی کو بنگلورو میں اپنا کیمپس قائم کرنے کیلئے منظوری نامہ موصول ہوا
قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل
اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری ڈاکٹر ونیت جوشی کی جانب سےلیورپول یونیورسٹی کے پروووسٹ (بنگلورو) پروفیسر رچرڈ گروس کو منظوری نامہ سونپے جانے کی تقریب کے موقع پر مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان،وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جےشنکراوربرطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر بھی موجود تھیں
प्रविष्टि तिथि:
04 JUN 2026 8:11PM by PIB Delhi
قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے تحت اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی فروغ کی جانب ایک اہم پہل قدمی کےطورپر وزارتِ تعلیم نے آج برطانیہ کی لیورپول یونیورسٹی کو کرناٹک کے شہر بنگلورو میں اپنا برانچ کیمپس قائم کرنے کیلئےمنظوری نامہ تفویض کیا۔
یہ منظوری نامہ وزارتِ تعلیم کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے سکریٹری اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیئرمین ڈاکٹر ونیت جوشی نے لیورپول یونیورسٹی بنگلورو کے پروووسٹ پروفیسر رچرڈ گروس کو پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان، وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکراوربرطانیہ کی وزیرخارجہ ایویٹ کوپربھی موجود تھے۔
اس تقریب میں بھارت اور برطانیہ کی کئی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں خارجہ سکریٹری وکرم مسری اور بھارت میں برطانوی ہائی کمشنر لینڈی کیمرن، سی بی او بی ای، شامل تھیں۔
لیورپول یونیورسٹی کو 26 مئی 2025 کو نئی دہلی میں یو جی سی (بھارت میں غیر ملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے کیمپس کے قیام اور آپریشن) ضوابط، 2023 کے تحت ایک اقرار نامہ جاری کیا گیا تھا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران یونیورسٹی نے تمام ضروری تعلیمی، بنیادی ڈھانچے اور ضابطہ جاتی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اب یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کی جانب سے یونیورسٹی کی تیاریوں اور ضوابط کی شرائط پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے بعد اسے بھارت میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے منظوری نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
بنگلورو میں قائم ہونے والا یہ کیمپس بزنس مینجمنٹ، کمپیوٹر سائنس، گیم ڈیزائن، فنانس اور بایومیڈیکل سائنس جیسے شعبوں میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام پیش کرے گا۔ یونیورسٹی آئندہ برسوں میں مزید مضامین متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔بنگلورو کیمپس کا قیام قومی تعلیمی پالیسی 2020 (این ای پی 2020)کے نفاذ میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے، جو اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی فروغ کو ترجیح دیتی ہے۔ اس پالیسی کے تحت تعلیمی تعاون میں اضافہ، طلبہ کی بہتر نقل و حرکت اور بھارت میں عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں کی موجودگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔تعلیمی شعبے میں تعاون، بھارت اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے اور بھارت میں لیورپول یونیورسٹی کے کیمپس کے آغاز سے ان دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
سال1881 میں قائم ہونے والی لیورپول یونیورسٹی دنیا کے ممتاز اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شمار کی جاتی ہے۔ یہ یونیورسٹی تدریس، تحقیق اور اختراع کے میدان میں اپنی نمایاں کارکردگی کے لئے معروف ہے اور عالمی سطح پر بہترین جامعات میں شامل کی جاتی ہے۔بھارت میں اپنا کیمپس قائم کرنے کا اس کا فیصلہ، ملک کے اعلیٰ تعلیمی نظام کی بڑھتی ہوئی کشش اور ترقی پسند ضابطہ جاتی اصلاحات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔بھارت میں عالمی معیار کے تعلیمی اداروں کے قیام سے طلبہ کے لئے تعلیمی مواقع میں مزید وسعت آنے، بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی بڑھنے اور عالمی سطح پر علمی و تحقیقی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ م ذ
U.NO.8005
(रिलीज़ आईडी: 2269315)
आगंतुक पटल : 10