کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ہند۔کوریا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ کی تجدید سے متعلق مذاکرات کا بارہواں دور نئی دہلی میں منعقد


ہندوستان اور جمہوریۂ کوریا نے ہند۔کوریا سی ای پی اے کی تجدید سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور متوازن و مستقبل رُخ تجارتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا

ہندوستان اور کوریا نے ڈیجیٹل تجارت، سپلائی چینز اور تزویراتی صنعتی تعاون سے متعلق سی ای پی اے مذاکرات کو وسعت دینے کے لیے ذیلی گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 MAY 2026 1:07PM by PIB Delhi

جمہوریۂ کوریا کے صدر کے دورۂ ہند کے موقع پر 20 اپریل 2026 کو مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور کوریا کے وزیرِ تجارت، صنعت و وسائل جناب یو ہان کو کے درمیان دستخط شدہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق، جس میں دونوں فریقوں نے ہند۔کوریا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (آئی کے سی ای پی اے) کی تجدید سے متعلق مذاکرات میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا، آئی کے سی ای پی اے کی تجدید سے متعلق مذاکرات کا بارہواں دور 25 تا 27 مئی 2026 نئی دہلی میں منعقد ہوا۔

مذاکرات کی مشترکہ صدارت حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت و صنعت کے محکمۂ تجارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ کپل چودھری اور جمہوریۂ کوریا کی وزارتِ تجارت، صنعت و توانائی (ایم او ٹی آئی ای) کے ڈائریکٹر جنرل برائے تجارتی معاہدہ پالیسی جناب پارک گیون اوہ نے کی۔

دونوں فریقوں نے آئی کے سی ای پی اے کی تجدید سے متعلق مذاکرات میں اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مذاکرات تعمیری اور باہمی تعاون کے جذبے کے تحت ہوئے، جو دونوں ممالک کے مضبوط دوطرفہ تعلقات اور وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی اور جمہوریۂ کوریا کے صدر جناب لی جے میونگ کے تصور کردہ ’’مستقبل بین شراکت داری‘‘ کی عکاسی کرتے ہیں۔

دونوں فریقوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ 2010 میں آئی کے سی ای پی اے کے نفاذ کے بعد سے ہندوستان کے دوطرفہ تجارتی خسارے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس مسئلے کو آئی کے سی ای پی اے کے مجموعی فریم ورک کے اندر حل کرنے پر اتفاق کیا۔

موجودہ دور کے دوران اشیا کی تجارت (ٹی آئی جی)، خدمات کی تجارت (ٹی آئی ایس)، قواعدِ ماخذ (آر او او) اور طریقۂ کارِ ماخذ (او پی)، سرمایہ کاری، اور حفظانِ صحت و نباتاتی معیارات (ایس پی ایس) سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل تجارت، سپلائی چین تعاون اور تزویراتی صنعتی تعاون کے شعبوں میں اشتراک پر غور کے لیے ذیلی گروپ تشکیل دیے جائیں گے۔

ہندوستان اور کوریا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ای پی اے کی تجدید سے متعلق مذاکرات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا، تاکہ ایک جدید اور باہمی مفاد پر مبنی معاہدہ طے پایا جا سکے، جو متوازن دوطرفہ تجارت اور فروغ یافتہ تعاون کے مشترکہ ویژن کو تقویت دے۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7646


(ریلیز آئی ڈی: 2266280) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Bengali , Tamil