وزارت دفاع
بھارتی کوسٹ گارڈ نے گجرات کے مُندرا ساحل کے قریب اسمگلنگ مخالف آپریشن انجام دیا
بھارتی کوسٹ گارڈ ( آئی سی جی ) اور اے ٹی ایس گجرات نے مشترکہ کارروائی میں تقریباً 1150 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی 115 کلوگرام کوکین ضبط کی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 MAY 2026 2:28PM by PIB Delhi
سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی میں، بھارتی کوسٹ گارڈ ( آئی سی جی ) نے 25 تا 26 مئی ، 2026 ء کے دوران گجرات کے مُندرا ساحل کے قریب انٹلی جنس کی بنیاد پر اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں تقریباً 115 کلوگرام کوکین ضبط کی ہے ۔ یہ آپریشن گجرات کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ عمومی ذرائع کے اندازوں کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1150 کروڑ بھارتی روپے ہے۔
اے ٹی ایس گجرات کی جانب سے فراہم کردہ مخصوص اور قابلِ عمل خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے، انڈین کوسٹ گارڈ کی انٹرسیپٹر کشتیوں نے، جن پر اے ٹی ایس اہلکار بھی سوار تھے، مُندرا اینکریج کے علاقے میں وسیع سرچ آپریشن انجام دیا۔ کارروائی کے دوران ایک کنٹینر جہاز پر مشتبہ سرگرمی دیکھی گئی۔ فوری اور مؤثر آپریشنل ردِعمل اور مختلف اداروں کے درمیان بہترین تعاون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور سمندر سے پانچ بیگز کامیابی سے برآمد کر لیے گئے ۔

جانچ کے دوران ان بیگز میں سفید پاؤڈر نما مادے کے پیکٹس پائے گئے، جن کا ٹیسٹ مثبت آنے پر تصدیق ہوئی کہ وہ کوکین ہے۔ کارروائی کے دوران ، مجموعی طور پر 115 پیکٹس ضبط کیے گئے، جن میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً ایک کلوگرام تھا، جب کہ برآمد کی گئی منشیات کا کل وزن تقریباً 115 کلوگرام بنتا ہے۔ بعد ازاں ، مزید تفتیش کے لیے اس جہاز کو بندرگاہ پر لایا گیا۔
یہ گزشتہ پانچ برسوں میں انڈین کوسٹ گارڈ ( آئی سی جی ) اور اے ٹی ایس گجرات کی جانب سے مشترکہ طور پر انجام دی گئی منشیات کی روک تھام سے متعلق 15ویں کامیاب کارروائی تھی، جس سے سمندری سلامتی کو مستحکم کرنے اور ’’ نشہ مکت بھارت ‘‘ کے قومی ویژن کے حصول کے لیے ، ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
..................................................... ...................................................
) ش ح – ا ک - ع ا )
U.No. 7611
(ریلیز آئی ڈی: 2265838)
وزیٹر کاؤنٹر : 15