یو پی ایس سی
یو پی ایس سی سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026 میں 23,000 سے زائد امیدواروں نے حال ہی میں شامل کیے گئے تین نئے مراکز کا انتخاب کیا،جس سے موجودہ مراکز پر دباؤ کم ہوا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
21 MAY 2026 11:56AM by PIB Delhi
سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026 کے لیے امتحانی مراکز پر بھیڑ بھاڑ کم کرنے کی کوشش کے تحت، یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی)نے بھوبنیشور، کانپور اور میرٹھ میں تین نئے امتحانی مراکز قائم کیے ہیں۔ ان نئے مراکز کے اضافے کے ساتھ ہی ابتدائی امتحان کے لیے کل مراکز کی تعداد 80 سے بڑھ کر 83 ہو گئی ہے۔ تقریباً 23,000 امیدواروں نے ان نئے مراکز کا انتخاب کیا ہے، جس سے سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026 کے لیے قریبی مراکز پربھیڑ کا دباؤ کم ہو گیا ہے۔
اس اقدام پر کو اجاگر کرتے ہوئے یو پی ایس سی کے چیئرمین ڈاکٹر اجے کمار نے کہاکہ ہمارا مقصد امتحانی عمل کو امیدواروں کے لیے مزید آسان، قابل رسائی اور فعال بنانا ہے۔ تین نئے مراکز کا اضافہ بھیڑ کو کم کرنے اور خواہشمند امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معذور امیدواروں (پی ڈبلیو بی ڈی) کو ان کی پسند کے امتحانی مراکز کی فراہمی کو یقینی بنا کر، کمیشن جغرافیائی اور جسمانی رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے سرگرمی سے کام کر رہا ہے تاکہ یو پی ایس سی کے اس سفر کو واقعی سب کے لیے قابل رسائی اور جامع بنایا جا سکے۔
نئے قائم کردہ بھوبنیشور مرکز نے کٹک (امتحانی مرکز) پر سے بوجھ کو کافی حد تک کم کر دیا ہے۔ سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026 کے لیے بھوبنیشور مرکز کو 10,656 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح کانپور مرکز کے اضافے سے لکھنؤ پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ نئے قائم ہونے والے کانپور مرکز کے لیے 6,938 امیدواروں نے درخواست دی ہے۔ مغربی اتر پردیش میں میرٹھ مرکز کے قیام سے قریبی علاقوں کے امیدواروں کو فائدہ پہنچا ہے اور غازی آباد پر ان کا انحصار کم ہوا ہے۔ اس نئے میرٹھ مرکز کے لیے 5,902 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
کمیشن نے معذور امیدواروں (پی ڈبلیو بی ڈی) کے لیے امتحانی عمل کو آسان اور جامع بنانے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ نئے اور بہتر طریقہ کار کے تحت اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ معذور امیدوار کو اس کی پسند کا امتحانی مرکز ہی ملے، چاہے اس کے لیے موجودہ مراکز کی گنجائش سے زیادہ انتظامات ہی کیوں نہ کرنے پڑیں۔ اس اقدام کے نتیجے میں صرف دہلی کے علاقے میں تقریباً 805 معذور امیدواروں کو ان کی پسند کے امتحانی مراکز الاٹ کیے گئے ہیں۔
یو پی ایس سی کو رواں برس سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026 کے لیے کل 8,19,372 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ امتحانی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لیے کمیشن نے ’سی ایس پی 2026‘ کے درخواست فارم میں ایک،ڈراپ ڈاؤن‘ آپشن شامل کیا تھا، جس کے ذریعے امیدوار اپنی پسند کے قریبی شہروں کا انتخاب کر سکتے تھے۔ اس مشق کے ذریعے جمع کیا جانے والا ڈیٹا امیدواروں کی ترجیحات کو سمجھنے کے لیے ایک سروے کا کام کرے گا، جس کی مدد سے مستقبل میں نئے امتحانی مراکز قائم کرنے کے لیے مناسب مقامات کی نشاندہی کی جا سکے گی۔
یہ اقدامات یو پی ایس سی کی ان مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں، جن کا مقصد شفافیت، غیر جانبداری اور دیانت داری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھتے ہوئے، امتحانی عمل کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مزید بہتر بنانا ہے۔
******
ش ح۔ م ع ن۔ ج
UNO-7368
(ریلیز آئی ڈی: 2263641)
وزیٹر کاؤنٹر : 19