کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے کا دھنباد کا دورہ؛ بیلگاریا ٹاؤن شپ کا معائنہ اور کوئلہ بھون میں اعلیٰ سطحی جائزہ  میٹنگ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 MAY 2026 9:24PM by PIB Delhi

جھارکھنڈ کے تین روزہ دورے کے ایک حصے کے طور پر مرکزی کوئلہ اور کانوں کے وزیر مملکت جناب ستیش چندر دوبے نے آج دھنباد کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے بیلگاریا ٹاؤن شپ میں جاری بحالی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور کوئلہ بھون، بی سی سی ایل ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ  میٹنگ کی صدارت کی۔

وزیر نے اپنے دورے کا آغاز بیلگاریا ٹاؤن شپ کے معائنے سے کیا، جہاں جھریا کوئلہ کی کان کے متصل علاقوں سے تعلق رکھنے والے آگ سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کا کام جھریا ماسٹر پلان کے تحت جاری ہے۔ انہوں نے بحالی کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوبارہ آباد کیے گئے خاندانوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی صورتحال کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر جھریا کی رکن اسمبلی محترمہ راگنی سنگھ، ڈپٹی کمشنر دھنباد جناب آدتیہ رنجن، بی سی سی ایل کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جناب منوج کمار اگروال، بی سی سی ایل کے فنگشنل ڈائریکٹرز، وزارت کوئلہ کے سینئر افسران اور بی سی سی ایل و ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔

ٹاؤن شپ کے فیز-5 میں واقع انتظامی کمپلیکس میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ بیلگاریا ٹاؤن شپ میں جاری بحالی کا منصوبہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی ایک جامع کوشش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ عمل صرف جسمانی طور پر منتقلی تک محدود نہیں بلکہ طویل المدتی سماجی و معاشی استحکام کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اہل مستفیدین سے اپیل کی کہ وہ بحالی کے عمل میں فعال طور پر حصہ لیں۔

وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ شفافیت، معیار اور بروقت کام کی تکمیل کو یقینی بنائیں اور اس بات پر زور دیا کہ بحالی کے فریم ورک کے تحت تمام اہل خاندانوں کا احاطہ کیا جائے۔

دورے کے دوران وزیر نے بی سی سی ایل کی جانب سے نافذ کیے جانے والے روزگار اور ذریعۂ معاش کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے بی سی سی ایل کی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی(سی ایس آر) کے تحت ٹاؤن شپ میں پانچ مستحقین میں ای-رکشہ تقسیم کیے اور مختلف سی ایس آر سے معاونت یافتہ روزگار پروگراموں سے وابستہ خواتین کاروباری افراد سے ملاقات بھی کی۔ ان اقدامات کو مقامی روزگار کو مضبوط بنانے اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے ایک بامعنی قدم قرار دیا گیا۔

بعد ازاں وزیر نے کوئلہ بھون میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ اجلاس میں بی سی سی ایل کےسی ایم ڈی جناب منوج کمار اگروال، ڈپٹی کمشنر دھنباد جناب آدتیہ رنجن، کوئلہ وزارت کے سینئر افسران، بی سی سی ایل کے فنگشنل ڈائریکٹرز، ایس ایس پی جناب پر بھات کمار، سی آئی ایس ایف کے سینئر افسران اور بی سی سی ایل و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران جھریا ماسٹر پلان کے تحت جاری منصوبوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آپریشنل کارکردگی، کوئلے کے معیار میں بہتری کے اقدامات، بحالی کی پیش رفت اور کوئلہ کان کنی کے آپریشنز میں حفاظتی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ وزیر نے کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے اور حفاظتی و ماحولیاتی معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری رہنمائی اور ہدایات فراہم کیں۔

وزیر نے اپنے خطاب میں کوئلے کے شعبے کے ملک کی توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایک متوازن حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا، جس میں پیداوار کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ بحالی، ماحولیاتی پائیداری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے بی سی سی ایل اور جے آر ڈی اے کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو بھی واضح کیا تاکہ بحالی کے اقدامات کو بہتر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔

یہ دورہ جھریا کوئلہ کی کان کے علاقے میں بحالی، پائیدار ترقی اور محفوظ کان کنی کے جاری اقدامات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

*****

U. No. 7047


(ریلیز آئی ڈی: 2260910) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu